• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رامائن کے مقابلے میں سوریا کی فلم’’سین‘‘ کا باکس آفس پر دھماکہ

Updated: November 09, 2026, 10:01 PM IST | Mumbai

جنوبی ہندوستانی فلموں کے سپر اسٹار سوریا کی نئی فلم’ ’سین‘‘ نے ریلیز کے بعد باکس آفس پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناظرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔ رنبیر کپور کی میگا بجٹ فلم ’رامائن‘ کی ریلیز کے درمیان سنیما گھروں میں اتری اس فلم نے محض تین دن میں دنیا بھر میں ۱۱۶ ؍کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کرکے فلمی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے۔

Film Poster.Photo:INN
فلم کا پوسٹر۔تصویر:آئی این این

جنوبی ہندوستانی فلموں کے سپر اسٹار سوریا کی نئی فلم’ ’سین‘‘  نے ریلیز کے بعد باکس آفس پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناظرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔ رنبیر کپور کی میگا بجٹ فلم ’رامائن‘ کی ریلیز کے درمیان سنیما گھروں میں اتری اس فلم نے محض تین دن میں دنیا بھر میں ۱۱۶ ؍کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کرکے فلمی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ فلم کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ اس کی منفرد کہانی، سنسنی خیز انداز، مزاح اور سوریا کی نسبتاً مختلف اداکاری کو قرار دیا جارہا ہے۔ ’

یہ بھی پڑھئے:دیوالی کے بعد دہلی کی فضائی آلودگی پر نفیسہ علی فکرمند، ماسک پہن کر مارننگ واک کی

فلم ’’سین‘‘ ایک کرائم کامیڈی تھرلر ہے، جس کی کہانی ایک ایسے پولیس افسر کے گرد گھومتی ہے جو اپنی ملازمت سے قبل از وقت سبکدوشی چاہتا ہے، لیکن حالات اسے ایک بار پھر جرائم کی دنیا کی پیچیدہ تفتیش میں الجھا دیتے ہیں۔ سوریا نے فلم میں ڈی ایس پی انبرج کا کردار ادا کیا ہے، جو ایک ذہین، تجربہ کار اور ماہر پولیس افسر ہے۔ وہ اپنی ملازمت سے ریٹائرڈ ہونا چاہتا ہے، لیکن محکمہ پولیس اس کی صلاحیتوں اور تجربے کے پیش نظر اس کا استعفیٰ قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتا۔ اسی دوران شہر میں ایک کے بعد ایک قتل کے واقعات پیش آنے لگتے ہیں۔ ان وارداتوں کا طریقہ کار انبرج کے ماضی کے ایک ایسے مقدمے سے ملتا جلتا ہے جسے وہ برسوں پہلے حل کرکے بند کرچکا ہوتا ہے۔ نئے واقعات پرانے معاملے کو دوبارہ زندہ کردیتے ہیں اور انبرج کو ایک مرتبہ پھر تفتیش کی ذمہ داری سونپ دی جاتی ہے۔ اس بار معاملہ پہلے سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہوتا ہے، کیونکہ ایک خطرناک اور ذہین قاتل پولیس سے مسلسل ایک قدم آگے رہنے کی کوشش کرتا ہے۔ 
تفتیش کے دوران انبرج کو مایا نامی ایک ذہین اور باصلاحیت خاتون کا تعاون حاصل ہوتا ہے، جس کا کردار نظریہ ناظم نے ادا کیا ہے۔ دوسری جانب نسلین کے غفور نے ایشورَن کا کردار نبھایا ہے، جو اس پراسرار معاملے سے گہرا تعلق رکھتا ہے اور ایک پیشہ ور قاتل کے طور پر کہانی میں اہم موڑ پیدا کرتا ہے۔ انبرج، مایا اور ایشورَن کے درمیان حالات کے ساتھ بدلتا ہوا تعلق فلم کے تجسس کو برقرار رکھتا ہے۔ کہانی میں یہ سوال مسلسل موجود رہتا ہے کہ قتل کی ان وارداتوں کے پیچھے اصل مجرم کون ہے اور کیا انبرج اپنے ماضی کے مقدمے سے جڑے راز کو پوری طرح سمجھ پائے گا؟ فلم کا اصل سسپنس اس کے آخری حصے میں سامنے آتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:کارلوس الکاراز نے بین شیلٹن کو شکست دے کر پہلی بار پیرس ماسٹرز کا خطاب جیت لیا

فلم کی ہدایت کاری جیتھو مادھون نے کی ہے، جو اس سے قبل ’’آویشم‘‘ جیسی کامیاب فلم کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔ ’’سین‘‘ ان کی پہلی تمل فلم ہے۔ فلم میں انہوں نے روایتی سپر اسٹار انداز اور ہیرو پرستی کے بجائے کہانی، کرداروں اور غیر متوقع واقعات کو زیادہ اہمیت دی ہے۔ سوریا نے بھی اپنے کردار کو روایتی ایکشن ہیرو کے بجائے ایک ایسے پولیس افسر کے طور پر پیش کیا ہے جس میں سنجیدگی کے ساتھ مزاح اور انسانی کمزوریاں بھی موجود ہیں۔
نظریہ ناظم کی اداکاری اور سوریا کے ساتھ ان کی کیمسٹری کو بھی سراہا جارہا ہے، جبکہ نسلین نے ایشورَن کے کردار میں اپنی اداکاری سے خاص توجہ حاصل کی ہے۔ فلم میں سنسنی، تاریک مزاح اور جرائم کی تفتیش کے امتزاج نے اسے عام ایکشن فلموں سے مختلف بنادیا ہے۔ موسیقی کی ذمہ داری سوشین شیام نے سنبھالی ہے۔ فلم کو سوریا اور جیوتیکا کی کمپنی ۲ ڈی انٹرٹینمنٹ اور ژاگارم اسٹوڈیوز نے پروڈیوس کیا ہے۔ 
 ۶؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ’’سین‘‘ نے پہلے ہی دن سے شاندار کاروبار کا آغاز کیا۔ تجارتی اعداد و شمار کے مطابق فلم نے پہلے دن ہندوستان میں تقریباً ۱۹ء۱۵ ؍کروڑ روپے کا خالص کاروبار کیا، جبکہ دنیا بھر میں اس کی افتتاحی کمائی ۳۴ء۲۵ ؍کروڑ روپے رہی۔ پہلے دن تمل زبان کے شوز سے سب سے زیادہ آمدنی حاصل ہوئی، جبکہ تیلگو ورژن نے بھی اچھا تعاون دیا۔ریلیز کے تیسرے دن یعنی اتوار تک فلم کی ہندوستان میں خالص کمائی ۶۲ء۷۵ ؍کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جبکہ دنیا بھر میں اس کا مجموعی کاروبار ۱۱۶ء۶۵ ؍ کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا۔ اس طرح سوریا کی یہ فلم   ۲۰۲۶ء میں ان کی تیسری ریلیز بن گئی ہے اور مسلسل تیسری کامیابی کی جانب بڑھ رہی ہے۔ اس سے قبل ان کی فلم ’’کروپو‘‘نے دنیا بھر میں ۳۱۰ کروڑ روپے سے زیادہ اور ’’وشواناتھ اینڈ سنز‘‘ نے ۲۰۹ ؍کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK