Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیم انڈیا: کیا گوتم گمبھیر کے سپورٹ اسٹاف پر بجلی گرے گی ؟

Updated: July 26, 2026, 3:04 PM IST | Mumbai

آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں میں مایوس کن شکستوں کے بعد ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ(بی سی سی آئی ) اگست کے آغاز میں ٹیم انڈیا کی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔ اس اجلاس میں ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے سپورٹ اسٹاف کے بعض اراکین کے مستقبل پر بھی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

Gautam Gambhir.Photo:INN
گوتم گمبھیر۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ اگلے ماہ کے آغاز میں ایک جائزہ اجلاس منعقد کرے گا، جس میں آئرلینڈ، انگلینڈ اور زمبابوے کے دوروں پر ٹیم انڈیا کی کارکردگی کا تفصیلی تجزیہ کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس اجلاس میں گوتم گمبھیر کے سپورٹ اسٹاف کے کچھ اراکین کے مستقبل پر بھی غور کیا جائے گا۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری  دیوجیت سیکیا  نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا’’ہم اگست میں جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:’ٹھکراکے میرا پیار۲؍‘پہلے سیزن سے آگے کی کہانی پیش کرتی ہے


 آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں نے بڑھائی تشویش
 شریاس ایّر کی قیادت میں ہندوستان کو آئرلینڈ کے خلاف دو میچوں کی سیریز میں ۰۔۲؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد انگلینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز میں ہندوستان کو۰۔۴  سے وائٹ واش کر دیا۔ تاہم، زمبابوے کے دورے پر ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کر لی، اور شریاس  نے بطور کپتان اپنی پہلی سیریز جیت بھی درج کی۔ مسلسل شکستوں کے بعد ٹیم کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، جس کے باعث بی سی سی آئی اب صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے جا رہا ہے۔
 یہ صرف ایک خراب مرحلہ ہے: دیوجیت سیکیا
اس سے قبل دیوجیت سیکیا نے کہا تھا کہ انگلینڈ اور آئرلینڈ میں ملنے والی شکستیں یقیناً تشویش کا باعث ہیں، لیکن انہیں غیر معمولی نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا’’ٹیم انڈیا کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، لیکن بین الاقوامی کرکٹ میں ایسا دور آ سکتا ہے۔ ہم اسے صرف ایک خراب مرحلہ سمجھتے ہیں۔سیکیا نے واضح کیا کہ جائزہ اجلاس کا بنیادی مقصد ٹیم کی کارکردگی کا تجزیہ کرنا اور بہتری کے لیے مؤثر اقدامات تلاش کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:سری کانت نے محمد سمیع کو نظر انداز کرنے پر حیرانی کا اظہار کیا


 سنیل گا وسکر نے بی سی سی آئی کو جلد بازی سے بچنے کا مشورہ دیا
ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گاوسکر  نے بی سی سی آئی کو کسی بھی قسم کے جلد بازی میں فیصلے کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے  اسپورٹس اسٹار میں اپنے کالم میں لکھا کہ صرف چار ماہ قبل یہی ٹیم عالمی چیمپئن بنی تھی، اس لیے چند شکستوں کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنا مناسب نہیں ہوگا۔
 گاوسکر نے ہندوستانی بلے بازوں کی تکنیک پر بھی سوال اٹھائے۔ ان کے مطابق آئی پی ایل کی ہموار وکٹوں پر زیادہ کھیلنے کی وجہ سے بلے باز شارٹ پچ گیندوں کے خلاف تکنیکی طور پر کمزور دکھائی دے رہے ہیں، اور حالیہ خراب کارکردگی کی ایک بڑی وجہ یہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK