Updated: December 04, 2025, 8:01 PM IST
| Mumbai
پرائم ویڈیو انڈیا کے مطابق ’’دی فیملی مین‘‘ سیزن ۳؍ نے ریلیز کے پہلے ہفتے میں بے مثال مقبولیت حاصل کی، اور اسے ۲۰۲۵ء کی اب تک کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز بنا دیا۔ تخلیق کار راج اینڈ ڈی کے اور پرائم ویڈیو انڈیا نے اس شاندار کامیابی کو مضبوط کہانی، طاقتور پرفارمنس اور منفرد اسٹائل کا نتیجہ قرار دیا۔
پرائم ویڈیو انڈیا نے اعلان کیا ہے کہ ’’دی فیملی مین‘‘ سیزن ۳؍ نے اپنے ریلیز کے پہلے ہفتے میں کئی ویونگ ریکارڈ توڑتے ہوئے ۲۰۲۵ء کی پلیٹ فارم کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ ۲۱؍ نومبر کو ریلیز ہونے والا یہ نیا سیزن ملک بھر میں غیر معمولی مقبولیت کا باعث بنا۔ سیریز نے ہندوستان کے ۹۶؍ فیصد پوسٹ کوڈز میں اسٹریمنگ ریکارڈ کی جبکہ عالمی سطح پر بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ۳۵؍ سے زیادہ ممالک میں ٹاپ فائیو میں جگہ بنائی، جن میں یو کے، کنیڈا، آسٹریلیا، یو اے ای اور سنگاپور شامل ہیں۔
اس کے ساتھ ہی سیزن ۳؍ نے نہ صرف اپنے پچھلے دونوں سیزنز سے بہتر کارکردگی دکھائی بلکہ ۲۰۲۵ء میں پرائم ویڈیو انڈیا کی تمام ویب سیریز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پلیٹ فارم کی اب تک کی سب سے طاقتور اوپننگ پیش کی۔ سیریز کے تخلیق کاروں راج اینڈ ڈی کے نے ورائٹی سے گفتگو میں کہاکہ ’’چار سال کے طویل انتظار کے باوجود مداحوں کا اتنا زبردست ردِعمل اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ ہم نے اس سیزن کو مزید بڑا، بہتر اور دلچسپ بنانے کی جو کوشش کی، اسے سراہا گیا ہے۔‘‘
پرائم ویڈیو انڈیا کے ڈائریکٹر اور ہیڈ آف اوریجنلز نکھل مدھوک نے بھی سیزن ۳؍ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’دلکش کہانی، غیر معمولی پرفارمنس اور راج اینڈ ڈی کے کا منفرد انداز—یہی وہ عناصر ہیں جنہوں نے فیملی مین سیزن ۳؍ کو شائقین کا پسندیدہ بنا دیا ہے۔‘‘
’’دی فیملی مین‘‘ سیزن ۳؍ کی کہانی
۲۱؍ نومبر کو پرائم ویڈیو پر ریلیز ہونے والے سیزن ۳؍ میں کہانی ایک اہم موڑ لیتی ہے، جہاں کبھی قابلِ اعتماد انٹیلی جنس افسر سری کانت تیواری مفرور بن جاتا ہے۔ اپنے خاندان کے ساتھ ملک سے فرار ہونے پر مجبور سری کانت کو نہ صرف طاقتور دشمنوں بلکہ اپنی ہی ایجنسی کے تعاقب کا بھی سامنا ہے، اور ساتھ ہی وہ ایک بڑی قومی آفت کو روکنے کی جدوجہد کرتا ہے۔ نئے سیزن میں مرکزی کاسٹ جیسے شارب ہاشمی، پریمانی، اشلیشا ٹھاکر، ویدانت سنہا، شریا دھنونتھری اور گل پناگ دوبارہ نظر آتے ہیں، جبکہ جے دیپ اہلاوت اور نمرت کور مخالف کرداروں کے طور پر شامل ہوئے ہیں۔