• Sat, 01 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’دی اوڈیسی‘‘ ایڈوانس بکنگ: ٹکٹ ’ری سیل‘ ویب سائٹ پر ۵۰۰؍ ڈالر میں فروخت

Updated: July 19, 2025, 10:06 PM IST | los angeles

کرسٹوفرنولن کی ’’دی اوڈیسی‘‘ کی ایڈوانس بکنگ فلم کی ریلیز سے ایک سال قبل یعنی ۱۷؍ جولائی ۲۰۲۵ء کو شروع ہوئی اور چند منٹوں میں تمام ٹکٹ فروخت ہوگئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹکٹ ای بے جیسی ری سیل ویب سائٹ پر ۵۰۰؍ ڈالر (۴۳؍ ہزار روپے) میں فروخت ہوئے ہیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

کرسٹو فر نولن کی ’’دی اوڈیسی‘‘ کیلئے فلم شائقین میں دیوانگی اس قدر بڑھتی جارہی ہے کہ بھاری قیمت ادا کرکے اس کے ٹکٹ ایڈوانس بکنگ میں خریدے جارہے ہیں جبکہ یہ فلم ایک سال بعد یعنی ۱۷؍ جولائی ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہوگی۔ خبروں کے مطابق اس کا سب سے مہنگا ٹکٹ ۵۰۰؍ ڈالر (۴۳؍ ہزار روپے) میں فروخت ہوا۔ واضح رہے کہ ’’دی اوڈیسی‘‘ کی ایڈوانس بکنگ فلم کی ریلیز سے ٹھیک ایک سال قبل جمعرات (۱۷؍ جولائی) کو امریکہ کے منتخب تھیٹروں کیلئے شروع کی گئی۔ یہ خاص طور پر آئی میکس ۷۰؍ ایم ایم کیلئے تھا۔ 
امریکی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق، زیادہ تر مقامات پر ٹکٹ منٹوں میں فروخت ہوگئے جو کم و بیش ۵ء۱؍ ملین ڈالر میں فروخت ہوئے۔ ٹکٹ کی اوسط قیمت ۲۵؍ سے ۲۸؍ ڈالر کے درمیان تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تمام ٹکٹ فروخت ہونے کی اطلاعات کے بعد ’’ای بے‘‘ جیسی ری سیل ویب سائٹس پر ٹکٹوں کی کالا بازاری شروع ہوئی جس میں ایک ٹکٹ ۵۰۰؍ ڈالر میں فروخت ہوا۔ ان ویب سائٹس پر فروخت ہونے والے ٹکٹ (یا ری سیل) بھی چند منٹوں میں ختم ہوگئے۔

فینڈم وائر کے مطابق، نیویارک کے اے ایم سی لنکن اسکوائر پر ’’دی اوڈیسی‘‘ کی سنیچر کی اسکریننگ کیلئے چار ٹکٹ فروخت کیلئے پیش کئے گئے جس کی بولی ایک ہزار ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ڈلاس کے تھیٹر میں ایک ٹکٹ اصل قیمت سے ۴۰۰؍ گنا زیادہ دام میں فروخت ہوا۔ اس صورتحال پر سوشل میڈیا صارفین میں بحث چھڑ گئی کہ اب یہی دن دیکھنا باقی تھا کہ فلم کیلئے لوگ اس قدر دیوانے ہیں کہ چند دن انتظار نہیں کرسکتے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’دراصل یہ ۷۰؍ ایم ایم آئی میکس اسکرین کی دیوانگی ہے۔ اس اسکرین پر فلم دیکھنا ایک منفرد تجربہ ہے۔ ’’دی اوڈیسی‘‘ کو اس اسکرین پر دیکھنا یقیناً دیوانگی پیدا کردینے کا باعث ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’کنگ‘ کی شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان زخمی، ایک مہینہ بیڈ ریسٹ کریں گے

واضح رہے کہ آئی میکس ۷۰؍ ایم ایم فارمیٹ دنیا بھر میں صرف ۲۵؍ مقامات پر دستیاب ہے۔’’اوڈیسی‘‘ ہومر کی قدیم یونانی نظم پر مبنی فلم ہے جس میں میٹ ڈیمن، ٹام ہالینڈ، اینی ہیتھوے، زینڈایا، جون برنتھل، لوپیتا نیونگ، رابرٹ پیٹنسن اور شارلیز تھیرون نے اہم کردار ادا کئے ہیں۔ فلم فی الحال پروڈکشن کے مرحلے میں ہے جسے مکمل طور پر آئی میکس کیمروں پر شوٹ کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK