محکمۂ موسمیات نے اتوار سے بدھ تک شمالی، وسطی اور مغربی ہندوستان کیلئے شدید گرم لہروں کا الرٹ جاری کیا، ممبئی کیلئے بھی انتباہ۔
EPAPER
Updated: April 26, 2026, 10:11 AM IST | Mumbai
محکمۂ موسمیات نے اتوار سے بدھ تک شمالی، وسطی اور مغربی ہندوستان کیلئے شدید گرم لہروں کا الرٹ جاری کیا، ممبئی کیلئے بھی انتباہ۔
شمالی، مغربی اور وسطی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا قہر شروع ہوگیا ہے۔ آسمان سے برس رہی آگ اور صنعتی یونٹوں اور گاڑیوں سے پھیلنے والی آلودگی نے دہلی-این سی آر سمیت بڑے شہروں میں مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔اسی درمیان محکمہ موسمیات نے یہ الرٹ جاری کردیا ہے کہ اگلے ۴؍ دن تک ملک کے مذکورہ بالا تینوں خطوں میں سورج آگ اگلتا ہوا محسوس ہو گا کیوں کہ ان علاقوں میں کئی شہروں میں گرمی کی شدید لہر محسوس کی جائے گی۔ حالانکہ بیشتر علاقوں میں اب بھی گرم لہر چل رہی ہے جس کے باعث صبح ۱۰؍ بجے کے بعد گھروں سے نکلنا مشکل ہو گیا ہے لیکن اگلے ۳؍ سے ۴؍ دنوں تک اس لہر میں شدت آنے کا امکان ہے۔ اندازہ ہے کہ اس کی وجہ سے درجہ حرارت کئی علاقو ں میں ۴۰؍ کے پار جاسکتا ہے۔ حالانکہ ہمالیائی علاقوں اور شمال مشرق میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری نے وہاں موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے لیکن وسطی اور شمالی ہندوستان میں لاکھوں لوگوںکو کوئی راحت نہیں ملی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آر ایس ایس کو راہل گاندھی نے ’’راشٹریہ سرینڈر سَنگھ‘‘قرار دیا
ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ہریانہ، ، دہلی، راجستھان، اتر پردیش اور مغربی بنگال کے گنگا کے میدانی علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے گرم لہر جاری ہے۔ اس سے ہیٹ ویو کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق اس ہیٹ ویو سے کرناٹک ،مہاراشٹر،گجرات، مدھیہ پردیش، راجستھان ، یوپی اور بہار کے کئی علاقے بھی متاثر ہوں گے۔
اسی درمیان مہاراشٹر کے محکمہ موسمیات نے ممبئی، تھانے، رائے گڑھ اور رتنا گیری کیلئے اتوار کیلئے گرمی کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ ماہرین نے سنیچر کیلئے بھی ان علاقوں کیلئے گرمی کا یلو الرٹ جاری کیا تھا اور اگرچہ جنوبی ممبئی میں بظاہر درجہ حرارت یلو الرٹ جیسا نہیں تھا لیکن فضاء میں رطوبت کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت بہت زیادہ محسوس کی گئی۔ محکمہ کے ماہرین کے مطابق اتوار کو آسمان صاف رہے گا جس سے شدید دھوپ پڑنے اور فضاء میں رطوبت کی مقدار زیادہ رہنے کی وجہ سے گرمی زیادہ محسوس ہونے کا امکان ہے۔ سنیچر کو ممبئی کے سانتا کروز میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۵ء۸؍ ڈگری، قلابہ میں ۳۳ء۷؍ ڈگری ، نوی ممبئی کے بیلا پور میں ۳۹؍ ڈگری جبکہ تھانے شہر میں ۴۱؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران سانتا کروز میں فضاء میں رطوبت کی مقدار ۶۱؍ فیصد جبکہ قلابہ میں ۷۷؍ فیصد درج کی گئی جس کی وجہ سے یہاں درجہ حرارت کم ہونے کے باوجود گرمی ۴۰؍ ڈگری جیسی محسوس ہورہی تھی۔سنیچر کو جن علاقوں میں زیادہ درجہ حرارت رہا ان میں کرجت ۴۳ء۱، کلیان ۴۳، امبرناتھ ۴۲ء۷، ایرولی ۴۲ء۳، ڈومبیولی اور چپلون ۴۲ء۲، کھارگھر ۴۲، پنویل ۴۱ء۴، وسئی ۳۸ء۵؍ اورنیرول میں ۳۴ء۷؍ ڈگری درج کیا گیا۔ دریں اثناء جنیوا واقع اقوام متحدہ کی موسم اور ماحولیاتی ایجنسی ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نےکہا کہ آئندہ ماہ سے جولائی کے درمیان تک ’’ اَل نینو‘‘ ایفیکٹ شروع ہوسکتا ہے جس سے گرمی مزید بڑھے گی اور ہندوستان جیسے ممالک میں حالات ابتر ہوجائینگے۔
یہ بھی پڑھئے: ورلی مورچہ میں شریک وزراء اور لیڈروں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ
اقوام متحدہ کی ایجنسی کے مطابق اس سے وسطی اور مشرقی استوائی بحر الکاہل میں سمندر کی سطح کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوتا ہےجو ہواؤں، دباؤ اور بارش کے پیٹرن کو تبدیل کردیتا ہے۔ ال نینو اور اس کے مخالف لا نینا اور عام حالات کے درمیان موسمی حالات میں اتار چڑھاؤ آتا ہے۔ سابقہ ال نینو کی وجہ سے ۲۰۲۳ءاب تک کا دوسرا سب سے گرم سال اور ۲۰۲۴ء اب تک کا سب سے گرم سال تھا۔اس دوران اتر پردیش میں گرمی کا قہر اپنے شباب پر ہے۔ جمعہ کو ریاست کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی زد میں رہے۔ گرم لہر کی وجہ سے اب معمولات زندگی اور روز مرہ کی سرگرمیاں متاثر ہونے لگی ہیں۔ پریاگ راج، وارانسی، ہردوئی، آگرہ، میرٹھ، علی گڑھ اور شاہجہاں پور جیسے شہروں میں شدید گرم لہر کا قہر برپا رہا اور دوپہر میں سڑکوں پر ہوکا عالم نظر آیا۔ یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۴۵؍ ڈگری کے ساتھ پریاگ راج ریاست میں سب سے زیادہ گرم رہا جب کہ باندہ اور ہمیر پور میں ۴۴؍ ڈگری درجہ حرارت رہا ۔ جہاں تک مہاراشٹر کی بات ہے تو یہاں ودربھ کے تقریباً تمام اضلاع میں درجہ حرارت ۴۲؍ سے اوپر ہی ریکارڈ کیا گیا۔ اکولہ میں ۴۵ء۶؍ ، امرائوتی میں ۴۵؍،بلڈانہ میں ۴۲؍ اور ناگپور میں۴۴؍ ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔