• Tue, 29 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’معاشرہ سے خرافات اور برائیوں کے خاتمے کیلئےغوث اعظمؒ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے‘‘

Updated: September 29, 2026, 11:33 AM IST | Inquilab News Network | Mumbra

ممبرا میں نکالے گئے۳۷؍ ویں جلوسِ غوثیہ کی قیادت کرتے ہوئے معین میاں کا اپنے خطاب میں پیغام ۔کہا : علماء اور دینی تنظیموں کو خدمت ِ خلق کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنا چاہئے۔

Moin Miyan leading the Juloos-e-Ghausia in Mumbra. Photo: Inquilab.
معین میاں ممبرا میں جلوس غوثیہ کی قیادت کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب

یہاں۳۷؍ واں جلوسِ غوثیہ اتوار۲۷؍ ستمبر کو شاندار طریقے سے نکالا گیا۔ جلوس کی قیادت کرتے ہوئے مولانا سید معین الدین اشرف اشرفی جیلانی  (سجادہ نشین آستانۂ عالیہ درگاہِ کچھوچھہ و صدر آل انڈیا سنی جمعیۃ ا لعلماء) نے یہ پیغام دیا کہ سماج میں درآئی خرابیوں اور معاشرے سے خرافات کے خاتمے کیلئے غوث اعظمؒ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ 

جلوس انتظامیہ کمیٹی کے صدر شہزادہ شہید راہ مدینہ سید علی اشرف ،نائب صدر عبدالغفار سپاری والا ، سیکریٹری ڈاکٹر محمد اسلم ، جوائنٹ سیکریٹری معین الحق اور مولانا الطاف حسین  کے علاوہ ممبرا اور تھانے کے دیگر علماء و ائمہ بالخصوص مولانا محمد عمر صوفی، مولانا عبدالرحیم اشرفی، مولانا توکیل احمد شمسی اور مولانا محمد نسیم وغیرہ جلوس میں شامل تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے:آئی آئی ٹی بامبے کے طالب علم ساحل کے والدین کا آزاد میدان میں دھرنا

’’فلاحی اور امدادی کاموں کو بھی ترجیح دی جائے‘‘

حسب روایت جلوس ٹھیک ۴؍ بجے ممبرا کالونی اشرف نگر گراؤنڈ سے روانہ ہوا۔جلوس کے آغاز سے پیشتر مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں  نے حاضرین  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’سماج اور معاشرہ سے برائیوں کے خاتمہ کیلئے غوث پاک کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ اسی طرح انہوں نے اصلاحِ معاشرہ اور سماجی خرابیوں کے خاتمے کیلئے عملی کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دینی و اصلاحی سرگرمیوں کے ساتھ فلاحی اور امدادی کاموں کو بھی ترجیح دی جائے۔ آج معاشرے میں ایسے بہت سے افراد موجود ہیں جو غربت اور بے بسی کے باعث علاج و معالجہ تک کیلئے پریشان ہیں، لہٰذا علماء اور دینی تنظیموں کو خدمت ِ خلق اور ضرورت مندوں کی امداد کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنا چاہئے۔ اسی طرح جلوسِ غوثیہ محبت ِ غوثِ اعظم ؒکے اظہار کا ایک ذریعہ ہے۔ اس محبت کا تقاضا یہ ہے کہ جلوس ادب، شریعت، اخلاق، امن، صفائی اور نظم و ضبط کے ساتھ نکالا جائے۔ ان مواقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ جلوس میں کسی کو تکلیف نہ ہو، راستہ بلا ضرورت نہیں روکا جائے، قانون کی پابندی کی جائے، بزرگوں اور بچوں کا خیال رکھا جائے، صاف صفائی کا اہتمام کیا جائے  اور محبت و اخوت کا پیغام عام کیا جائے۔ 

معین میاں کے بقول غوثِ اعظم شیخ عبدالقادر جیلانی    ؒکی مبارک زندگی ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت، رسولِ اکرمؐ کی سنت کی پیروی، شریعت کی پابندی، اخلاقِ حسنہ اور خدمت ِ خلق ہی ایک کامیاب مسلمان کی پہچان ہے۔ ہمیں چاہئے کہ صرف غوثِ پاک سے زبانی عقیدت کا اظہار نہ کریں بلکہ ان کے بیان کردہ احکامات، تقویٰ، اخلاص اور اصلاحِ نفس کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں اختیار کریں۔ 

یہ بھی پڑھئے:۴؍مہینے بعد بھی گیارہویں میں داخلہ کی کارروائی جاری

 شملہ پارک میں پروگرام کا اہتمام

مقررہ اوقات کے مطابق جلوس رات میں ۹؍ بجے شملہ پارک کوسہ تالاب پہنچا ۔ یہاں پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔مولانا محفوظ الرحمٰن علیمی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سبھوں کو غوث پاک کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہئے۔ آپ نے معاشرہ کی اصلاح پر بھی زور دیا۔

طیبہ مسجد کے خطیب و امام مفتی عبدالقادر نے کہا کہ موجودہ حالات میں  غوثِ پاک کی تعلیمات ہمارے لئے نہایت اہم ہیں۔ آج کے دور میں انسان مادی ترقی  کے باوجود بے سکونی، اخلاقی کمزوری، باہمی نفرت اور خود غرضی کا شکار ہے۔ ایسے حالات میں اگر ہم قرآن و سنت کی تعلیمات کی پابندی، اخلاص، تقویٰ، حسنِ اخلاق، صبر، توکل اور خدمت ِ خلق کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیں تو ہمارے گھروں، معاشرے اور پوری امت میں خیر و بھلائی کو فروغ مل سکتا ہے۔

جلوس کے اختتام پر معین المشائخ نے امت مسلمہ کے حفظ وامان اور ملک میں امن و آشتی اور عافیت وسلامتی کی دعا کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK