وہ کہتے ہیں، میرے پاس جاب ہے، فیملی ہے، چھت ہے۔ مگر انہیں میرے پنہاں زخم دکھائی نہیں دیتے۔مَیں طلوعِ آفتاب سے پہلے اُٹھتی ہوں تاکہ دفتر جانے سے پہلے گھر کے کام نمٹا سکوں۔ چہرے پر مسکراہٹ سجائے ہر ذمہ داری نبھاتی ہوں تاکہ کسی کو یہ محسوس نہ ہو کہ میں جاب کرکے اس پر کوئی احسان کر رہی ہوں۔
خاتون۔ تصویر:آئی این این
وہ کہتے ہیں، میرے پاس جاب ہے، فیملی ہے، چھت ہے۔ مگر انہیں میرے پنہاں زخم دکھائی نہیں دیتے۔مَیں طلوعِ آفتاب سے پہلے اُٹھتی ہوں تاکہ دفتر جانے سے پہلے گھر کے کام نمٹا سکوں۔ چہرے پر مسکراہٹ سجائے ہر ذمہ داری نبھاتی ہوں تاکہ کسی کو یہ محسوس نہ ہو کہ میں جاب کرکے اس پر کوئی احسان کر رہی ہوں۔
دفتر پہنچوں تو ای میلز، میٹنگز اور ڈیڈ لائنز میرا انتظار کرتی ہیں۔ گھر لوٹوں تو کھانا، بچوں کا ہوم ورک، کپڑے، استری اور بے شمار توقعات۔ ہر جگہ مجھ سے پرفیکٹ ورکر، پرفیکٹ بیوی، پرفیکٹ بہو اور پرفیکٹ ماں ہونے کی امید کی جاتی ہے۔ گویا میرے لئے تھکنے، غلطی کرنے یا کبھی خود کو ترجیح دینے کی کوئی گنجائش ہی نہیں۔
میری محنت سب کا حق ہے، مگر اعتراف کسی کے ذمے نہیں۔ اور جب سننے کو ملتا ہے کہ ’’ہم نے تمہیں جاب کرنے کی اجازت دی ہے‘‘ یا ’’تمہاری جاب تو بس وقت گزاری ہے‘‘ تو یوں لگتا ہے جیسے میری ساری جدوجہد کو ایک جملے میں بے معنی کردیا گیا ہو۔پھر بھی اگلی صبح وہی میں، وہی بھاگ دوڑ، وہی ذمہ داریاں۔
مگر مَیں یہ سب کسی کی منظوری کے لئے نہیں کرتی۔ مَیں یہ اس لئے کرتی ہوں کیونکہ مَیں اپنے خوابوں سے دستبردار نہیں ہوئی۔ مَیں نے اپنی شناخت بنانے کا فیصلہ کیا تھا، اور مجھے اپنے اس فیصلے پر کوئی شرمندگی نہیں۔مجھے اپنے گھر سے محبّت ہے، اپنے بچوں سے بھی، مگر کیا اس محبّت کے لئے خود کو بھول جاؤں؟
مَیں بھی تھکتی ہوں۔ میرا بھی دل چاہتا ہے کہ کوئی پوچھے، ’’تم کیسی ہو؟‘‘ کوئی میری خاموشی میں چھپی تھکن سمجھے، میرے حصے کا کوئی کام بانٹ لے اور مجھے یاد دلائے کہ میری اہمیت صرف میرے ہاتھوں سے ہونے والے کاموں تک محدود نہیں۔
مَیں کوئی فرشتہ نہیں، ایک انسان ہوں۔ مجھے بھی آرام، احترام اور اپنی ذات کے لئے وقت درکار ہے۔
مَیں گھر بھی سنبھالنا چاہتی ہوں اور اپنے خواب بھی۔ رشتے بھی نبھانا چاہتی ہوں اور اپنی شناخت بھی۔ مجھے ذمہ داریوں سے فرار نہیں، بس ان کی منصفانہ تقسیم چاہئے۔
کیونکہ میری ملازمت کسی کی دی ہوئی اجازت نہیں، میری محنت اور صلاحیت کا حق ہے۔ میری شناخت کسی کی مہربانی نہیں، میری اپنی جدوجہد کا حاصل ہے۔
مَیں ایک مشرقی ورکنگ وومن ہوں۔ تھکتی ہوں، ٹوٹتی ہوں، مگر پھر اُٹھ کھڑی ہوتی ہوں۔
اور اب مَیں نے یہ سیکھ لیا ہے کہ سب کے لئے جیتے ہوئے خود کو بھول جانا قربانی نہیں، اپنے وجود سے ناانصافی ہے۔
مَیں کسی کی بیوی، بہو، ماں اور ملازمہ ہونے سے پہلے ایک مکمل انسان ہوں۔ مجھے صرف میری ذمہ داریوں کے لئے نہیں، میرے وجود کے لئے بھی عزت اور محبت چاہئے۔کیونکہ مَیں صرف سب کی زندگی آسان بنانے کے لئے نہیں، اپنی زندگی جینے کے لئے بھی پیدا ہوئی ہوں۔مَیں گھر بھی ہوں، خواب بھی، ذمہ داری بھی اور اپنی الگ شناخت بھی۔