پانی پر ہونے والے تنازعات میں لوگ آپس میں دست بہ گریباں ہوئے ہیں مگر کس نے سوچا تھا کہ پارکنگ پر بھی ایسا ہی کچھ ہوگا۔ دہلی کا واقعہ ہے اپریل (۲۰۲۶ء) کا، جب ایک لینڈ لارڈ نے ایک فلیٹ مالک سے کہا کہ وہ اس کے مکان کے سامنے گاڑی نہ کھڑی کرے۔
پارکنگ۔ تصویر:آئی این این
پانی پر ہونے والے تنازعات میں لوگ آپس میں دست بہ گریباں ہوئے ہیں مگر کس نے سوچا تھا کہ پارکنگ پر بھی ایسا ہی کچھ ہوگا۔ دہلی کا واقعہ ہے اپریل (۲۰۲۶ء) کا، جب ایک لینڈ لارڈ نے ایک فلیٹ مالک سے کہا کہ وہ اس کے مکان کے سامنے گاڑی نہ کھڑی کرے۔ اس پر فلیٹ مالک کا ماتھا ٹھنکا ہوگا۔ اس نے سیدھے بندوق نکالی اور تین راؤنڈ فائر کردیئے۔ لینڈ لارڈ اس حملے میں زخمی ہوا اور زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔یہ خبر متعدد اخبارات میں شائع ہوئی۔
شہروں میں گاڑیوں کی تعداد بڑھتی ہے، کم نہیں ہوتی جبکہ پارکنگ کی جگہ محدود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گاڑی کھڑی کرنے کے نام پر توتو میں میں ہوتی ہے، نوبت ہاتھا پائی تک پہنچتی ہے اور پھر بعض اوقات تشدد برپا ہوجاتا ہے۔ دہلی میں ۲۰۲۱ء میں پولیس کنٹرول روم کو پارکنگ سے متعلق تشدد کی کم و بیش ڈھائی ہزار شکایتیں موصول ہوئی تھیں۔ یہ بہت ہے لیکن پھر بھی کم ہے کیونکہ ۲۰۲۵ء میں پولیس کو سات ہزار سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں۔
کیا دہلی، کیا فرید آباد، کیا بنگلور اور کیا ممبئی، ایسے تمام شہر اس مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں۔ حل دکھائی دیتا ہے نہ سجھائی دیتا ہے۔ ایسا ہر معاملہ پولیس اسٹیشن تک پہنچتا ہے، عدالت تک جاتا ہے مگر جہاں تک سماج کا تعلق ہے، وہ اسے جلد یا بہ بھول جاتا ہے۔ اس کے نزدیک یہ اتفاقی معاملہ ہے۔ کوئی معاملہ اتفاقی ہو سکتا ہے، کوئی واردات بھی اتفاقی ہوسکتی ہے مگر جب معاملات اور وارداتیں بڑھتی چلی جائیں تو سماج کو متوجہ ہونا چاہئے۔ ان تنازعات اور وارداتوں کے پس پشت تشدد کا وہ رجحان ہے جو ہرگز قابل قبول نہیں ہے ۔ ایک زمانہ تھا جب جھگڑے فساد کا شور سن کر آس پاس کے لوگ جمع ہوجاتے اور بیچ بچاؤ کرکے معاملہ سلجھا دیتے تھے۔ اب بیچ بچاؤ کا رجحان بھی کمزور پڑ چکا ہے۔ لوگ یہ سوچ کر خاموش رہتے ہیں کہ کوئی کسی کے بیچ میں کیوں بولے یا ’’اس میں ہمارا کیا ہے؟‘‘ معاملہ پولیس اسٹیشن پہنچتا ہے اور اگر اس سے پہلے ہی تشدد کی واردات رونما ہوجائے تو کسی کے زخمی ہونے یا چل بسنے کے بعد ہی پولیس تک خبر پہنچتی ہے۔یہاں جس نکتے پر غور کی ضرورت ہے وہ غصہ ہے۔ غصہ اور وہ بھی اتنا کہ آنِ واحد میں بہت کچھ ہوجائے پریشان کن ہے۔ یہ غصہ جس کسی وجہ سے پیدا ہورہا ہے اس کے خلاف بیداری ضروری ہے۔ جس طرح تعلیم کیلئے بیداری لائی جاتی ہے، اسی طرح خود کو قابو میں رکھنے پر بھی توجہ دلانی چاہئے۔ یہ بھی ایک طرح کی تعلیم ہے۔
گزشتہ سال حکومت ِ مہاراشٹر نے ایک ایسے ضابطے پر غور کیا جس کے تحت صارفین پر لازم ہوتاکہ وہ چار پہیہ گاڑی خریدتے وقت پارکنگ کی جگہ مہیا ہونے کی دستاویز پیش کریں تب ہی گاڑی بُک ہوگی۔ یہ قابل عمل نہیں ہے اسلئے اسے مؤخر کردیا گیا۔ ہونا یہ چاہئے تھا کہ اعلیٰ افسران سر جوڑ کر بیٹھتے اورجو قابل عمل ہوتی وہ تجویز وضع کرتے اور حتمی ضابطے کے طور پر جاری کرتے۔مستقبل میں ایسے ضوابط کی ضرورت بڑھ جائیگی مگر اس سے کوئی بڑا فائدہ نہیں ہوگا جب تک غصہ کو کنٹرول کرنے پر محنت نہیں ہوگی۔ اور یہ حکومت کا کام نہیں ہے۔