Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹموتھی شالامے کے بیلے اور اوپیرا پر تبصرے، آسکر میں نئی بحث

Updated: March 14, 2026, 6:17 PM IST | Mumbai

اداکار ٹموتھی شالامے کے بیلے اور اوپیرا کے بارے میں تبصرے کے بعد فلمی حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے، جبکہ اسی تنازعے کے دوران آسکر انتظامیہ نے تقریب میں ایک خصوصی بیلے پرفارمنس شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Timothée Chalamet. Photo: INN
ٹموتھی شالامے۔ تصویر: آئی این این

ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹموتھی شالامے ان دنوں اپنی نئی فلم’’مارٹی سپریم‘‘ کی کامیابی کے باعث خبروں میں ہیں۔ دسمبر ۲۰۲۵ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں انہوں نے ٹیبل ٹینس لیجنڈ مارٹی ماؤزر کا کردار ادا کیا جسے ناقدین نے بھرپور سراہا اور اسے آئندہ آسکر ایوارڈز کے ممکنہ امیدواروں میں شامل کیا جا رہا ہے۔ تاہم حالیہ دنوں میں شالامے کے ایک بیان نے فلمی اور ثقافتی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ انہوں نے ایک تقریب کے دوران بیلے اور اوپیرا جیسی کلاسیکی فنون کے بارے میں ایسا تبصرہ کیا جسے بعض لوگوں نے ان فنون کی اہمیت کو کم کرنے کے طور پر دیکھا۔
یہ تبصرہ اس وقت سامنے آیا جب ٹموتھی شالامے اور اداکار میتھیو میک کوناگھی آسٹن میں یونیورسٹی آف ٹیکساس میں منعقد ہونے والے’’ورائٹی‘‘ اور’’سی این این‘‘ کے مشترکہ ٹاؤن ہال ایونٹ میں جدید فلم سازی اور بدلتے ہوئے ناظرین کے رجحانات پر گفتگو کر رہے تھے۔ گفتگو کے دوران شالامے نے کہا کہ نوجوان ناظرین اب بھی سنجیدہ سنیما کو پسند کرتے ہیں، لیکن بعض روایتی فنون کو جدید دور میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کبھی کبھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہمیں جھنڈا لہرا کر کہنا پڑتا ہے کہ یہ ایک سنجیدہ فلم ہے۔ کچھ لوگ صرف تفریح چاہتے ہیں اور جلدی آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔‘‘

اسی گفتگو کے دوران انہوں نے بیلے اور اوپیرا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا،
’’میں بیلے یا اوپیرا میں کام نہیں کرنا چاہتا جہاں لوگوں سے کہا جائے کہ اس چیز کو زندہ رکھیں حالانکہ اب شاید کوئی اس کی پرواہ نہیں کرتا۔‘‘ بعد میں انہوں نے مسکراتے ہوئے وضاحت بھی کی اور کہا، ’’بیلے اور اوپیرا کے لوگوں کا پورا احترام ہے۔ میں شاید بلا وجہ تنقید کر رہا ہوں۔‘‘ شالامے کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا اور ثقافتی حلقوں میں ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ کچھ لوگوں نے اسے ایک بے ضرر مزاحیہ تبصرہ قرار دیا جبکہ بعض ناقدین نے اسے کلاسیکی فنون کے لیے غیر مناسب قرار دیا۔
اسی دوران ایک دلچسپ پیش رفت میں آسکر انتظامیہ نے آنے والی تقریب میں ایک خصوصی بیلے پرفارمنس شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق عالمی شہرت یافتہ بیلے رقاصہ مسٹی کوپلینڈ اس تقریب میں پرفارم کریں گی۔ کاسموپولیٹن اور دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اعلان شالامے کے تبصرے کے فوراً بعد سامنے آیا جس کے بعد کچھ مبصرین نے اسے ایک علامتی ردعمل کے طور پر بھی دیکھا۔

یہ بھی پڑھئے: عامر خان نے ’’لاہور ۱۹۴۷ء‘‘ کا عنوان بدلنے کی افواہوں کی تردید کر دی

ادھر فلم’’مارٹی سپریم‘‘ کے لیے شالامے کی اداکاری کو ناقدین کی طرف سے بہت سراہا جا رہا ہے اور انہیں ۲۰۲۶ء کے آسکر ایوارڈز میں بہترین اداکار کے مضبوط امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ تنازعہ شاید ایوارڈ سیزن کی بحث کا حصہ بن جائے، لیکن اس کے باوجود شالامے کی اداکاری کو اب بھی اس سال کی نمایاں کارکردگیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK