فلم، ویب شواورٹی وی اداکارہ تتکشا شری واستو کا کہنا ہےکہ میں نے تعلیم کے ساتھ ہی اداکاری کو بھی ترجیح دی، اسلئے میں آج کامیاب وکیل کے ساتھ ایک اچھی اداکارہ بھی کہلاتی ہوں۔
EPAPER
Updated: October 19, 2025, 11:46 AM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai
فلم، ویب شواورٹی وی اداکارہ تتکشا شری واستو کا کہنا ہےکہ میں نے تعلیم کے ساتھ ہی اداکاری کو بھی ترجیح دی، اسلئے میں آج کامیاب وکیل کے ساتھ ایک اچھی اداکارہ بھی کہلاتی ہوں۔
بھوپال کے ایک تعلیم یافتہ گھرانے سے تعلق رکھنے والی اداکارہ تتکشا شری واستو نے۲۰۲۲ء سے شو بز انڈسٹری میں اپنا سفر شروع کیا ہے اور وہ آہستہ آہستہ یہاں اپنے قدم جمانے کی کوشش کررہی ہیں۔ وہ خودپیشے سے وکیل بھی ہیں ، اسلئے انڈسٹری ہی میں ان کے کئی کلائنٹ ہیں۔ تتکشا نےٹی وی شو ’دھاکڑ‘ سے اپنے شوبز کریئر کی شروعات کی تھی اور اس وقت وہ زی ٹی وی کے شو ’جاگرتی‘ میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ تتکشا کی فیملی میں سبھی نے شوقیہ کلچرل سرگرمیوں میں شرکت کی ہے اور یہی شوق ان کو بھی تھا لیکن انہوں نے اپنے اس شو ق میں آگے بڑھتے ہوئے اسے پیشہ بھی بنالیا اور آج وہ انڈسٹری میں اپنے ہنر کو پیش کررہی ہیں۔ تتکشا نے تھیٹر سے شروعات کی تھی، اس کے بعد انہوں نے اشتہاری فلمیں کی، اس کے بعد ویب شو اور اب ٹی وی شوز میں کام کررہی ہیں۔ حالانکہ انہوں نے فلموں میں بھی کام کیاہے لیکن وہ بہت چھوٹے رول تھے۔ نمائندہ انقلاب نےفلم، ویب شو اور ٹی وی اداکارہ تتکشا شری واستو سے طویل گفتگو کی جس کے اہم اقتباسات یہاں پیش کئے جارہے ہیں :
ایکٹنگ کریئر کی شروعات کس طرح ہوئی؟
ج:میرا تعلق بھوپال سے ہے اور میں نے تعلیم وہیں مکمل کی ہے۔ میری والدہ پرنسپل رہیں، والد ڈاکٹر تھے، ہمارے خاندان میں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد تھےلیکن وہ دیگر کلچرل چیزوں میں بھی شرکت کیا کرتے تھے۔ میرے والد شوقیہ طورپر پروگرام کے میزبان رہتے تھے یا اناؤنسنگکرتے تھے۔ میری والدہ شاعرہ تھیں ، یہ ساری چیزیں مجھ میں بھی تھیں۔ اسکول کی تعلیم کے دوران میں ڈراموں میں شرکت کیا کرتی تھی۔ ہماری ایک رشتہ دار مانوکول کے ڈرامے کے لئے نئے چہرےکی تلاش میں تھی۔ انہوں نے جب مجھ سے ملاقات کی اور میرے والد سے ڈرامے میں کام کرنے کی اجازت دلوائی۔ اس وقت میں ۹؍ویں جماعت میں زیر تعلیم تھی۔ بھوپال کے بھارت بھون میں وہ ڈرامہ ہوا تھا۔ اس کی وجہ سے میری کافی شہرت ہوئی تھی۔ اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد میں نے ممبئی جانے کی ضد کی تو گھروالوں نے کہاکہ تمہارے پاس ایک پروفیشنل ڈگری ہونی چاہئے۔ اس پر میں نے لا کالج کے امتحان کلیٹ کو پاس کیا اور آل انڈیا رینکنگ میں میرا نمبر آیا تھا۔ اس کے بعد پھر ایل ایل بی کرنے لگی۔ میں ممبئی میں ایک بڑے وکیل کی اسسٹنٹ بن کر آئی اور پھر اپنے شوق کو پیشہ میں تبدیل کیا۔ ا س سے پہلے میں نے مختلف تھیٹر گروپس میں شرکت کی تھی۔ میرا قیام ادیشہ میں بھی تھا جہاں میں نے اُڑیا ڈانس سیکھا اور دیگر ڈانس فارم کی ٹریننگ حاصل کی۔ ان سب چیزوں کے ساتھ ساتھ میں تعلیم پر بھی توجہ دیتی رہی۔ ممبئی آنے کے بعد میں نے اشتہاری فلموں میں کام کیا اور پھر آہستہ آہستہ اپنے قدم آگے بڑھاتی گئی۔
کیا آپ نے سوچا تھاکہ ٹی وی ہی سے شروعات کرنی ہے؟
ج:میں نے کبھی سوچا نہیں تھاکہ کسی خاص پلیٹ فارم سے کریئر کی شروعات کروں گی۔ میری سوچ یہ تھی کہ جہاں اچھا کام ملے اور اچھا کردار نبھانے کو ملے، میں وہیں پر قسمت آزماؤں گی۔ مجھے اشتہاری فلموں کے بعد ٹی وی شوز میں کام ملا، اس کے بعد فلموں میں چھوٹے رول کئے اور اس کے بعد میں نے ویب سیریز میں بھی کام کیا۔ بہرحال کبھی یہ ذہن نہیں بنایا کہ کسی خاص پلیٹ فارم سے شروعات کرنی ہے۔ میں تو ایکٹنگ کرنے کے لئے آئی تھی اور آج زی ٹی وی کے شو میں کر رہی ہوں۔
کیا اب بھی آپ بڑے لیڈ رول کی تلاش کررہی ہیں ؟
ج:جی میں چاہتی ہوں کہ مجھے بڑا کردار نبھانے کا موقع ملا۔ میرے سیکھنے کی مدت زیادہ رہی ہے کیونکہ میں بچپن ہی سے اس شعبے سے وابستہ رہی ہوں اور میں نے ہرطرح کی چیزوں میں خود کو آزمایا ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ میرا فن سبھی دیکھیں اور اس کی تعریف کریں، لیکن میں ایسی شہرت نہیں چاہتی ہوں جو غلط طریقے سے حاصل کی جائے۔ میں اپنے فن اور مہارت کی پزیرائی چاہتی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ مجھے اچھے رول ملیں اور اس کی وجہ سے میری شہرت دور دور تک پھیلے۔
شوبز انڈسٹری میں خود کو کس طرح ڈھال لیا؟
ج:میں بھوپال سے تعلق رکھتی ہوں جہاں ہندوستان کے ہرمقام کے لوگ بستے ہیں تو میں ہر کسی سے گھل مل جاتی تھی۔ پرانے بھوپال کے بیگم کلچر کو بھی میں نے اپنایا ہے۔ میں بنگالی ڈانس اسوسی ایشن کی رکن رہی ہوں اور میں نے ادیشہ میں بھی وقت گزارا ہے۔ اس طرح میں جہاں بھی جاتی ہوں وہاں کے رنگ میں رنگ جاتی ہوں۔ فلم انڈسٹری میں بھی ایسا ہی کچھ ہوا۔ میں نے اپنی تعلیم کا استعمال کیا اورانڈسٹری کے لوگوں سے رابطے قائم کرنے شروع کردیئے۔ میں اپنی قانون کی پڑھائی کا استعمال انڈسٹری میں کرتی تھی، کئی بڑے نام میرے کلائنٹ ہیں جن کے کانٹریکٹ میں دیکھتی ہوں۔ میں نے سول لا کو میڈیا لا میں تبدیل کردیا ہے۔ اس طرح میں نے خود ہی اپنی اداکاری کے لئے راہ ہموار کی۔
آپ کے شو ’جاگرتی‘ کے بارے میں کچھ بتائیں ؟
ج:میرا کام ایک کاسٹنگ ڈائریکٹر نے دیکھا تھا اور انہوں نے کہا تھاکہ میں جاگرتی میں گیتا کے کردار کیلئے آڈیشن دوں۔ گیتا ایک مجسٹریٹ ہے اور وہ ایک خاص ذات کیلئے قانونی جنگ لڑتی ہے۔ یہ رول مجھے بہت اچھا لگا کیونکہ میں حقیقی زندگی میں جوہوں وہی رول مجھے چھوٹے پردے پر نبھانے کا موقع مل رہا ہے۔ میں نے ٹی وی پر کام نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن رول اچھا ہونے کی وجہ سے میں نے ہامی بھرلی۔ گیتا بہت ہی چھوٹی عمر میں جاگرتی کی ماں بن جاتی ہے۔ ہمارے شو نے لیپ لے لیا تھا اور مجھے دوبارہ اس میں شامل کیا گیا ہے کیونکہ میراکام اتنا اچھا تھاکہ شائقین کے مطالبے پر مجھے شو میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔
آپ کس طرح اپنے آپ کو بہتر کرتی ہیں ؟
ج:تھیٹرمیں ہمارے استاد ہم سے کہتے تھے کہ جب آپ انڈسٹری میں قدم رکھو تو اچھے انسان بن کر رکھوکیونکہ اچھا انسان ہی اچھا اداکار بن پاتاہے۔ ایکٹنگ سے قبل میں نے ہائی کورٹ میں ۶؍ماہ تک پریکٹس کی تھی۔ اس وقت روزانہ اچھے برے معاملات سے میرا سابقہ پڑتا تھا۔ اس وقت میں خود کو پُر سکون رکھنے کیلئے یوگا اور میڈی ٹیشن کیا کرتی تھی۔ ایک ساتھ قانون اور اداکاری کی زندگی کو متوازن بنانے کیلئے میں یوگا اور میڈی ٹیشن کرتی رہتی ہوں۔ اس کے ساتھ ہی میں کتابوں کا مطالعہ بھی بہت کرتی ہوں۔
آپ کس طرح کی ویب سیریز دیکھنا پسند کرتی ہیں ؟
ج:میں آرٹسٹک ویب سیریز دیکھنا پسند کرتی ہوں۔ میں ایسی ویب سیریز دیکھنا پسند کرتی ہوں جو حقیقی زندگی کی کہانی پر بنائی گئی ہو۔ میں نے خود قندھار اغوا معاملے پر بنائی جانے والی ویب سیریز میں کام کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی مجھے کورٹ روم سےمتعلق ڈراموں پر مبنی ویب شوز بھی پسند ہیں۔ میں تاریخی پس منظر پر بننے والے شوز دیکھتی ہوں اور سسپنس شوز بھی میری پسند میں شامل ہیں۔
آپ کا ڈریم رول کیاہے ؟
ج:میں ہر طرح کے رول نبھانے میں یقین رکھتی ہوں اور کوشش کرتی ہوں کہ میں ہر کردار کے ساتھ انصاف کرسکوں۔ البتہ میری دلی خواہش ہے کہ میں تاریخی پس منظر پربننے والے شوز میں کسی مجاہد آزادی کا کردار نبھاؤں مثلاً کسی کی بایو پک میں کام کروں۔ اس کے ساتھ ہی میں مائتھولوجی کی کہانیوں پر مبنی شو میں دیوی کا کردار بھی نبھانا چاہوں گی۔ اب دیکھتے ہیں کہ قسمت کب اس طرح کے مواقع فراہم کرتی ہے۔