Updated: August 19, 2026, 5:03 PM IST
| Los Angeles
رابرٹ ڈاؤنی جونیئر مارول سنیماٹک یونیورس میں واپسی پر فلم ’’ایونجرز: ڈومز ڈے‘‘ اور ’’ایونجرز: سیکرٹ وارز‘‘ کیلئے ۱۰۰؍ ملین ڈالر معاوضہ حاصل کریں گے، تاہم ۲۰۲۶ء میں مجموعی کمائی کے معاملے میں ٹام ہالینڈ ان سے آگے نکل گئے ہیں، فلم ’’اسپائیڈر مین: برینڈ نیو ڈے‘‘ کیلئے ہالینڈ کو بیک اینڈ بونسز سمیت کم از کم ۱۰۰؍ ملین ڈالر ملنے کی توقع ہے، جبکہ فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ کے ۱۰؍ ملین ڈالر شامل کرکے ان کی ۲۰۲۶ء کی مجموعی کمائی تقریباً ۱۱۰؍ ملین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
ٹام ہالینڈ اور رابرٹ ڈاؤنی جونیئر۔ تصویر: آئی این این
حال ہی میں یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کی مارول سنیماٹک یونیورس (MCU) میں واپسی کے نتیجے میں مارول اسٹوڈیوز انہیں فلم ’’ایونجرز: ڈومز ڈے‘‘ اور ’’ایونجرز: سیکرٹ وارز‘‘کیلئے ۱۰۰؍ ملین ڈالر ادا کر رہا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کو ہر فلم کے لیے ۵۰؍ ملین ڈالر ملیں گے۔ یہ ان کی پیشگی فیس ہے، اس کے علاوہ انہیں نجی طیارے میں سفر، خصوصی سیکوریٹی اور شوٹنگ کے دوران مکمل ٹریلر کیمپ سمیت دیگر سہولیات بھی حاصل ہوں گی۔ اس طرح ہر پروجیکٹ کے حساب سے معاوضہ حاصل کرنے کے معاملے میں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر MCU کی تاریخ کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار بن گئے ہیں۔ تاہم اگر ۲۰۲۶ء کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار کی بات کی جائے تو رابرٹ ڈاؤنی جونیئر اپنی فلم ’’ایونجرز: اینڈگیم‘‘ کے ساتھی اداکار ٹام ہالینڈ سے کافی پیچھے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سیف علی خان اور فرحان اختر ۲۵؍ سال بعد دوبارہ ایک ساتھ، سپر نیچرل فلم بنائیں گے
ٹام ہالینڈ کو فلم ’’اسپائیڈر مین: برینڈ نیو ڈے‘‘ سے ۱۰۰؍ ملین ڈالر سے زائد ملنے کی توقع
دی ریپ کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹام ہالینڈ کو فلم ’’اسپائیڈر مین: برینڈ نیو ڈے‘‘ کیلئے ۲۰؍ ملین ڈالر کی بنیادی پیشگی فیس ادا کی گئی ہے، جو اسپائیڈر مین کے طور پر ان کے گزشتہ پروجیکٹ کے معاوضے سے ۱۰؍ ملین ڈالر زیادہ ہے۔ جب فلم سے حاصل ہونے والے دیگر بیک اینڈ بونسز کو بھی شامل کیا جائے گا تو ٹام ہالینڈ کو ’’اسپائیڈر مین: برینڈ نیو ڈے‘‘ کیلئے کم از کم ۱۰۰؍ ملین ڈالر کا معاوضہ ملنے کی توقع ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تقریباً ۱۰؍ سال قبل اسپائیڈر مین کا کردار ادا کرنے کے لیے ٹام ہالینڈ کو پہلی مرتبہ صرف ۲؍ لاکھ ۵۰؍ ہزار ڈالر معاوضہ ملا تھا۔ انہوں نے ۲۰۱۶ء میں فلم ’’کیپٹن امریکہ: سول وار‘‘ میں پہلی بار اسپائیڈر مین کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم ’’اسپائیڈر مین: برینڈ نیو ڈے‘‘ سے دو ہفتے قبل ٹام ہالینڈ نے کرسٹوفر نولن کی فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ میں بھی معاون کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس فلم میں ٹیلی ماکس کا کردار ادا کیا، جو اوڈیسیئس اور پینیلوپ کا بیٹا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مدھو بالا کی کریئر میں سب سے بڑی رکاوٹ خود اُن کے والدعطاء اللہ خان تھے
کرسٹوفر نولن کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کے لیے ٹام ہالینڈ کو ۱۰؍ ملین ڈالر معاوضہ دیا گیا، جس کے بعد ۲۰۲۶ء میں ان کی مجموعی کمائی ۱۱۰؍ ملین ڈالر تک پہنچ جاتی ہے، جو ہندوستانی کرنسی میں تقریباً ۱۰۲۵؍ کروڑ روپے بنتی ہے۔ جہاں تک رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کی بات ہے تو دونوں فلموں کے لیے ۱۰۰؍ ملین ڈالر ان کی پیشگی فیس ہے۔ یہ ممکن ہے کہ انہوں نے مارول اسٹوڈیوز کے ساتھ بیک اینڈ بونسز کا معاہدہ بھی کیا ہو، ایسی صورت میں ان کی مجموعی کمائی اس رقم سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔