جسپریت بمراہ کی شاندار گیندبازی کے باوجود نیوزی لینڈ نے ویلنگٹن ٹیسٹ کے پہلے دن اچھا کھیلتے ہوئے کھیل ختم ہونے تک ۵؍ وکٹ پر ۲۴۳؍ رن بنا لیے۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 1:11 PM IST | Agency | Wellington
جسپریت بمراہ کی شاندار گیندبازی کے باوجود نیوزی لینڈ نے ویلنگٹن ٹیسٹ کے پہلے دن اچھا کھیلتے ہوئے کھیل ختم ہونے تک ۵؍ وکٹ پر ۲۴۳؍ رن بنا لیے۔
ہندوستانی تیز گیندباز جسپریت بمراہ کی شاندار گیندبازی کے باوجود نیوزی لینڈ نے ویلنگٹن ٹیسٹ کے پہلے دن مضبوط واپسی کرتے ہوئے کھیل ختم ہونے تک ۵؍ وکٹ پر ۲۴۳؍ رن بنا لیے۔ ایک وقت میزبان ٹیم کا اسکور ۷۰؍ رن پر ۵؍ وکٹ تھا، لیکن ہینری نکولس اور گلین فلپس نے چھٹی وکٹ کے لیے ناٹ آؤٹ ۱۷۳؍ رن کی شراکت کرکے ٹیم کو مشکل صورت حال سے نکال لیا۔ نکولس ۱۱۳؍رن اور فلپس ۹۴؍ رن بنا کر کریز پر موجود تھے۔بیسن ریزرو کی ہری گھاس والی پچ پر ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ کپتان شبھ من گل کا یہ فیصلہ ابتدا میں درست ثابت ہوا۔ بمراہ نے پہلے ہی اوور میں ٹام لیتھم کو بولڈ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد انشول کمبوج نے ڈیون کونوے کو وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔ کونوے نے اس سے پہلے ریویو کے ذریعے بمراہ کی گیند پر اپنے خلاف دیا گیا کیچ آؤٹ کا فیصلہ تبدیل کرا لیا تھا۔نکولس نے راچن رویندر کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے۹۵؍ گیندوں پر۳۹؍ رن جوڑے۔ تاہم آکاش دیپ نے رویندر کو وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کراکے اس شراکت کا خاتمہ کردیا۔ اس کے بعد بمراہ نے ڈیرل مچل کو یشسوی جیسوال کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ لنچ تک نیوزی لینڈ کا اسکور چار وکٹ پر ۶۰؍ رن تھا۔
یہ بھی پڑھئے:کیمرون بینکرافٹ کے انکشافات کے باوجودپیٹ کمنز اپنے موقف پر قائم
دوسرے سیشن میں بھی بمراہ نے اپنی عمدہ گیندبازی جاری رکھی اور ٹام بلنڈل کو سلپ میں شبھ من گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا اسکور پانچ وکٹ پر۷۰؍ رن تھا۔ تاہم اس کے بعد فلپس اور نکولس نے ہندوستانی گیندبازوں کو مزید کوئی کامیابی حاصل نہیں کرنے دی۔ دونوں بلے بازوں نے محتاط اور جارحانہ انداز کا امتزاج پیش کرتے ہوئے رن بنانے کی رفتار بڑھائی۔ فلپس نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ایک ہزار رن مکمل کیے، جبکہ نکولس نے بیسن ریزرو میں اپنی پانچویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔ وہ اس میدان پر ۱۵؍اننگز میں پانچ سنچریاں بنانے والے نمایاں بلے باز بن گئے ہیں۔ہندوستانی گیندبازوں کو بمراہ کی غیر موجودگی میں وکٹ حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ پرسدھ کرشنا، آکاش دیپ اور انشول کمبوج زیادہ اثر نہیں چھوڑ سکے جبکہ رویندر جڈیجہ کی کمی بھی محسوس ہوئی۔ جڈیجہ کی جگہ واشنگٹن سندر کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: آئی پی ایل ۲۰۲۷ء کیلئے تمام۱۰؍ فرنچائزوں نے۱۸۴؍ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا
سراج اور جڈیجہ کو ٹیم سے باہر رکھنے کے فیصلے کا کوٹک نے دفاع کیا