ٹائم کی چیف ایگزیکٹیو افسر جیسیکا سِبلی نے کہا: ہندوستان میں نئی نسل کے ایسے لیڈر ابھر رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 1:14 PM IST | Agency | Mumbai
ٹائم کی چیف ایگزیکٹیو افسر جیسیکا سِبلی نے کہا: ہندوستان میں نئی نسل کے ایسے لیڈر ابھر رہے ہیں۔
بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور اداکار آرین خان سے لے کر کرکٹ کے نوجوان اسٹار ویبھو سوریہ ونشی تک، ہندوستان کی ۱۰۰؍ ابھرتی ہوئی صلاحیتوں نے امریکی رسالے ٹائم کی باوقار فہرست میں جگہ بنائی ہے۔ دنیا کے معروف رسالے ٹائم نے پہلی بار ہندوستان کے لیے ٹائم ۱۰۰؍ نیکسٹ انڈیا فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں فلم، کرکٹ، کاروبار، سائنس، موسیقی اور سماجی تبدیلی کے شعبوں میں اپنی شناخت قائم کرنے والی شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔ جمعرات کو جاری کردہ ایک سرکاری بیان کے مطابق ٹائم ۱۰۰؍ نیکسٹ انڈیا اس فہرست کا پہلا بین الاقوامی ایڈیشن ہے اور ریلائنس اس کا اہم شراکت دار ہے۔
فہرست میں صرف بالی ووڈ اور کرکٹ کی شخصیات ہی شامل نہیں ہیں، بلکہ کھیلوں کی دنیا سے ہرمن پریت کور، لولینا بورگوہین اور ثانیہ مرزا کو بھی جگہ ملی ہے۔ موسیقی کے شعبے سے دلجیت دوسانجھ اور انیرودھ روی چندر شامل ہیں۔ وہیں کاروبار اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے پیوش بنسل، البندر سنگھ ڈھنڈسا، ترون مہتا اور رادھیکا گپتا جیسے نام شامل ہیں۔ سائنس اور اختراع کے شعبے سے خلاباز شبھانشو شکلا کو بھی اس فہرست میں جگہ دی گئی ہے۔اس موقع پر ٹائم نے تین عالمی سرورق بھی جاری کیے ہیں۔ پہلے سرورق پر عالیہ بھٹ، دوسرے پر خلائی ٹیکنالوجی کمپنی اسکائی روٹ کے شریک بانی پون کمار چندنا اور تیسرے مشترکہ سرورق پر فلم ساز آرین خان، پائل کپاڈیا اور تھیجا ریو کو جگہ دی گئی ہے۔ اس فہرست کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں شامل ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کے بارے میں کئی معروف شخصیات نے مضامین تحریر کیے ہیں۔ فلم ساز ایس ایس راجامولی نے عالیہ بھٹ، وشال بھاردواج نے آرین خان اور آیوشمان کھرانہ نے ویبھو سوریہ ونشی کے بارے میں لکھا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بمراہ نے۳؍ وکٹ لئے، نکولس اور فلپس نے اننگز سنبھالی
بیان میں ٹائم کی چیف ایگزیکٹیو افسر جیسیکا سِبلی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں نئی نسل کے ایسے لیڈر ابھر رہے ہیں جن کے خیالات اور کاموں کے اثرات ملک کی سرحدوں سے باہر بھی نظر آ رہے ہیں۔ ٹائم کے چیف ایڈیٹر سیم جیکبز کا خیال ہے کہ ہندوستان کی یہ نسل نہ صرف اپنے ملک بلکہ دنیا کا مستقبل تشکیل دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ فہرست میں شامل ۱۰۰؍ شخصیات کا انتخاب ہندوستان اور دنیا کے مختلف حصوں میں کام کرنے والے ٹائم کے صحافیوں نے کیا ہے۔ ٹائم ۱۰۰؍ نیکسٹ انڈیا کی شاندار تقریب ۱۲؍ دسمبر کو ممبئی کے جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی۔ ٹائم ریلائنس کے ساتھ مل کر اس تقریب کی میزبانی کرے گا، جس میں کئی معروف شخصیات شرکت کریں گی۔ بیان کے مطابق ٹائم ۱۰۰؍ نیکسٹ انڈیا پر رسالے کا خصوصی شمارہ ۷؍ دسمبر ۲۰۲۶ءکو دنیا بھر میں اخبارات و رسائل فروخت کرنے والے مراکز پر دستیاب ہوگا۔
نوجوان اسٹار بلے باز ویبھو سوریہ ونشی کی کامیابیاں
nہندوستان کے نوجوان کرکٹر ویبھَو سوریہ ونشی نے اپنی جارحانہ بلے بازی سے کرکٹ کی دنیا میں غیر معمولی شہرت حاصل کی ہے۔ انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں صرف ۳۵ ؍گیندوں پر سنچری بناکر تاریخ رقم کی۔ وہ آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے کم عمر سنچری بنانے والے کھلاڑی بنے اور تیز ترین سنچریوں کی فہرست میں دوسرا مقام حاصل کیا۔
۲۰۲۶nءمیں دوسری سنچری بھی ۳۶ ؍گیندوں پر بنائی۔ ویبھو نے ۲۵ ؍اپریل ۲۰۲۶ ءکو سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف ایک اور شاندار سنچری بنائی۔ انہوں نے صرف ۳۶ ؍گیندوں پر ۱۰۰ رنز مکمل کیے اور مجموعی طور پر ۳۷ ؍گیندوں پر ۱۰۳ رنز بنائے۔اس اننگز میں انہوں نے ۵ چوکے اور ۱۲ چھکے لگائے۔ یہ آئی پی ایل کی تاریخ کی تیسری تیز ترین سنچری تھی۔ ویبھو سوریہ ونشی نے آئی پی ایل کے ذریعہ شہرت پائی اور ٹیم انڈیا میں جگہ پکی کی۔وہ ہندوستان کی ٹی ۲۰؍ قومی ٹیم کے رکن ہیں اور ان کی جانب سے کھیلتے رہے ہیں۔