Updated: August 29, 2026, 4:57 PM IST
| Mumbai
راکنگ اسٹار یش کی فلم ’’ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گرون اَپس‘‘ نے باکس آفس پر اپنی مضبوط گرفت برقرار رکھتے ہوئے ریلیز کے تیسرے روز ہندوستان میں ۲۶؍ کروڑ ۶۰؍ لاکھ روپے کا نیٹ بزنس کیا، جس کے بعد فلم کی تین روزہ مجموعی ہندوستانی نیٹ کمائی ۱۶۵؍ کروڑ ۳۵؍ لاکھ روپے ہوگئی ہے۔ دنیا بھر میں فلم کی مجموعی کمائی ۲۲۱؍ کروڑ ۴۵؍ لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ٹاکسک۔ تصویر: آئی این این
راکنگ اسٹار یش کی ایکشن فلم ’’ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گرون اَپس‘‘ نے ریلیز کے تیسرے روز بھی باکس آفس پر اچھی کمائی کی، تاہم پہلے دو دن کے مقابلے میں فلم کے کاروبار میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ فلم نے تیسرے روز ہندوستان میں ۲۶؍ کروڑ ۶۰؍ لاکھ روپے کا نیٹ بزنس کیا، جس کے بعد ہندوستان میں تین دن میں اس کی مجموعی کمائی ۱۶۵؍ کروڑ ۳۵؍ لاکھ روپے ہوگئی ہے۔ گیتو موہن داس کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’’ٹاکسک‘‘ نے ریلیز کے پہلے ہی روز شاندار آغاز کرتے ہوئے ہندوستان میں ۱۰۱؍ کروذ ۱۰؍ لاکھ روپے کا نیٹ بزنس کیا تھا۔ دوسرے روز فلم کی کمائی ۳۷؍ کروڑ ۶۵؍ لاکھ روپے رہی، جبکہ تیسرے روز یہ مزید کم ہوکر ۲۶؍ کروڑ ۶۰؍ لاکھ روپے رہ گئی۔ یوں پہلے دن کے مقابلے میں تیسرے روز فلم کی یومیہ کمائی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: ناگ ارجن نے تیلگو کے ساتھ ہندی فلموں میں بھی نام کمایا ہے
’’ٹاکسک‘‘ کی دنیا بھر میں ۲۲۱؍ کروڑ روپے کی کمائی
تین دن کے کاروبار کے بعد فلم ’’ٹاکسک‘‘ کی ہندوستان میں مجموعی گراس کمائی ۱۹۷؍ کروڑ ۷۰؍ لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ بیرونِ ملک فلم نے ۲۳؍ کروڑ ۷۵؍ لاکھ روپے کا گراس بزنس کیا۔ اس طرح فلم کی دنیا بھر میں مجموعی کمائی ۲۲۱؍ کروڑ ۴۵؍ لاکھ روپے ہوگئی ہے۔ فلم کی تیسرے روز کی بیرونِ ملک کمائی تقریباً ۴؍ کروڑ روپے رہی۔ اس کے ساتھ ہی فلم ’’ٹاکسک‘‘ نے صرف تین دن میں دنیا بھر میں ۲۲۰؍ کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرلیا ہے۔
پہلے دن ریکارڈ ساز آغاز
فلم ’’ٹاکسک‘‘ نے ۲۶؍ اگست کو سینما گھروں میں نمائش شروع کی تھی اور پہلے ہی دن ہندوستان میں ۱۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ نیٹ کمائی کرکے شاندار آغاز کیا۔ پہلے روز فلم کا سب سے بڑا حصہ ہندی ورژن سے آیا، جس نے تقریباً ۵۵؍ کروڑ روپے نیٹ کمائے، جبکہ کنڑ ورژن نے ۲۳؍ کروڑ ۳۰؍ لاکھ، تیلگو نے ۱۶؍ کروڑ، تمل نے ۵؍ کروڑ ۵۰ لاکھ اور ملیالم ورژن نے ایک کروڑ ۳۰ لاکھ روپے کا بزنس کیا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ بگ باس ۲۰‘‘ میں بڑا اپ ڈیٹ، سلمان خان نے انکشاف کیا
تیسرے روز کمائی میں ۲۹؍ فیصد سے زائد کمی
تجارتی اعداد و شمار کے مطابق تیسرے روز فلم ’’ٹاکسک‘‘ کی ہندوستان میں نیٹ کمائی ۲۶؍ کروڑ ۶۰؍ لاکھ روپے رہی، جو دوسرے روز کے ۳۷؍ کروڑ ۶۵؍ لاکھ روپے کے مقابلے میں تقریباً ۳ء۲۹؍ فیصد کم ہے۔ اس کے باوجود فلم نے تین دن میں ۱۵۰؍ کروڑ روپے کا نیٹ ہندسہ عبور کرلیا ہے۔ تیسرے روز ہندی ورژن نے ۱۹؍ کروڑ ۱۵؍ لاکھ روپے، کنڑ نے ۵؍ کروڑ، تیلگو نے ایک کروڑ ۵۰؍ لاکھ، تمل نے ۷۵؍ لاکھ اور ملیالم ورژن نے ۲۰؍ لاکھ روپے کا نیٹ بزنس کیا۔