دیوریہ میں ڈسٹرکٹ کورٹ کے احاطہ میں مظاہرہ ،رائے بریلی میں بی جےپی کے عہدیدار کا استعفیٰ، کوشامبی کے برہم شخص نے مودی کو خون سے خط لکھا
EPAPER
Updated: January 29, 2026, 11:46 AM IST | New Delhi
دیوریہ میں ڈسٹرکٹ کورٹ کے احاطہ میں مظاہرہ ،رائے بریلی میں بی جےپی کے عہدیدار کا استعفیٰ، کوشامبی کے برہم شخص نے مودی کو خون سے خط لکھا
اتر پردیش میں نئے یو جی سی قوانین کے خلاف احتجاج بدھ کو مزید شدت اختیار کر گیا۔ دیوریا میں ضلعی کورٹ کے باہر بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئےجبکہ کوشامبی میں حکومت کے اقدام سے برہم شخص نے اپنے خون سے وزیر اعظم کو خط لکھا جبکہ رائے بریلی میں بی جے پی کے ایک عہدیدار نے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔واضح رہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مساوات کو یقینی بنانے کیلئے یوجی سی کی گائیڈ لائنس پر اوپن کٹیگری اور اعلیٰ ذات کے ہندو چراغ پا ہیں۔ خود بی جےپی کے کارکن اور لیڈر اس کے خلاف دھیرے دھیرے سڑکوں پر اتر رہے ہیں۔
دیوریا میں ہزاروں افراد نے ڈسٹرکٹ کورٹ کے احاطے میں دھرنا دیا اور مرکز و ریاستی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ حکام کے مطابق مظاہرین سبھاش چوک سے کلکٹریٹ تک مارچ کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کے باہر نعرے لگاتے رہے اور بعد ازاں ضلع کچہری کے باہر سڑک بلاک کر دی، جس سے تقریباً ایک گھنٹے تک ٹریفک متاثر رہی۔وکلاء برادری کے اراکین نے بھی اس احتجاج کی حمایت کی ۔رائے بریلی میں بی جے پی کسان مورچہ کے سیلون منڈل کے صدر شیام سندر ترپاٹھی نے نئے یو جی سی ضوابط کے خلاف احتجاجاً اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جبکہ کوشامبی میں’سورن آرمی‘ کے ضلع سربراہ ابھیشیک پانڈے نے اپنے خون سے مودی کو خط لکھ کر نئے ضوابط کو’’سیاہ قانون‘‘قرار دیتے ہوئے ان کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا۔