Updated: February 21, 2026, 10:09 PM IST
| Mumbai
اداکارہ وانی کپور کی تین فلمیں ’’سروگن سمپن‘‘، ’’بدتمیز گل‘‘ اور ’’عبیر گلال‘‘ طویل عرصے سے مکمل ہونے کے باوجود ریلیز کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔ بعض فلموں کو اسٹریمنگ ڈیل نہ ملنے اور ایک کو سیاسی وجوہات کے باعث ہندوستان میں نمائش کی اجازت نہ ملنے کی اطلاعات ہیں۔
وانی کپور ۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ اداکارہ وانی کپور کے کریئر کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ان کی تین مکمل فلمیں ابھی تک سنیما گھروں تک نہیں پہنچ سکیں۔ میڈاک فلمز کی سماجی کامیڈی Sarvagunn Sampann میں وانی کپور ایک چھوٹے شہر کی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں جو ایک مشہور پورن اسٹار سے مشابہت رکھتی ہے۔ فلم کی ہدایت کاری شونالی رتن دیش مکھ نے کی ہے جس کی شوٹنگ ۲۰۲۳ء میں مکمل ہو چکی تھی۔ تاہم رپورٹس کے مطابق پروڈیوسر دنیش وجن کو ابھی تک اسٹریمنگ پلیٹ فارم کی موزوں ڈیل نہیں مل سکی، جس کے باعث ریلیز تعطل کا شکار ہے۔
کامیڈی ڈرامہ Badtameez Gill میں وانی کپور کے ساتھ اپار شکتی کھرانہ اور پریش راول نظر آئیں گے۔ ہدایت کار نوجوت گلاٹی کی اس فلم کی شوٹنگ جولائی ۲۰۲۴ء میں مکمل ہوئی تھی جسے ۲۹؍ نومبر ۲۰۲۴ء کو ریلیز ہونا تھا، مگر پروڈیوسرز نکی اور وکی بھگنانی مبینہ طور پر ڈسٹری بیوشن خریدار حاصل نہ کر سکے۔
یہ بھی پڑھئے: نوتن پہلی مس انڈیا تھیں جنہوں نے فلموں میں کام کیا
فلم Abir Gulaal ہندوستان میں اس لیے ریلیز نہ ہو سکی کیونکہ اس میں پاکستانی اداکار فواد خان مرکزی کردار میں ہیں۔ فواد خان اس سے قبل ’’خوبصورت‘‘، ’’کپور اینڈ سنس‘‘ اور ’’اے دل ہے مشکل‘‘ میں نظر آ چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اپریل ۲۰۲۵ء کے پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد اس فلم کی ہندوستان میں نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی۔
خیال رہے کہ وانی کپور نے ۲۰۱۳ء میں ’’شدھ دیسی رومانس‘‘ سے بالی ووڈ میں کریئر کا آغاز کیا تھا۔ بعد ازاں وہ ’’چنڈی گڑھ کرے عاشقی‘‘، ’’وار‘‘ اور ’’بے فکرے‘‘ میں جلوہ گر ہوئیں۔ وہ آخری بار ’’ریڈ ۲‘‘ میں نظر آئیں، جو مئی ۲۰۲۵ء میں ریلیز ہوئی تھی۔