Updated: June 15, 2026, 9:58 PM IST
| Mumbai
فلمی دنیا میں ایک نئی رومانوی ایکشن تھریلر ’’نام۔ ٹو لِو اِز وار‘‘ کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں ویر پہاڑیہ اور ورون شرما مرکزی کردار ادا کریں گے جبکہ مہیش بھٹ اس کے پریزنٹر ہیں۔ اصل کہانی پر مبنی اس فلم کی ہدایت کاری سدھانت سچدیو کریں گے، اور اسے سنسنی، جذبات، ایکشن اور موسیقی کا منفرد امتزاج قرار دیا جا رہا ہے۔
فلم ’’نام۔ ٹو لِو اِز وار‘‘ کی اسٹار کاسٹ مہیش بھٹ کے ساتھ ۔ تصویر: آئی این این
اداکار ویر پہاڑیہ اور ورون شرما نئی ایکشن تھرلر فلم ’’نام۔ ٹو لِو اِز وار‘‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے جا رہے ہیں، جبکہ معروف فلم ساز مہیش بھٹ اس فلم کے پریزنٹر کے طور پر شامل ہو گئے ہیں۔ فلم کا عنوان مہیش بھٹ کی۱۹۸۶ء کی سپر ہٹ فلم ’’نام‘‘ سے متاثر ہے، تاہم، اس کے علاوہ دونوں فلموں میں کوئی مماثلت نہیں۔ ’’نام۔ ٹو لِو اِز وار‘‘ کسی پرانی فلم کا ری میک نہیں بلکہ ایک مکمل طور پر اصل کہانی پر مبنی فلم ہے، جس کا اسکرپٹ سدھانت سچدیو، سُہریتا داس اور شویتا بوتھرا نے مہیش بھٹ کی تخلیقی نگرانی میں تحریر کیا ہے۔ فلم کی ہدایت کاری سدھانت سچدیو کریں گے، جبکہ مرکزی اداکارہ کے نام کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔ یہ فلم اتسو انٹرٹینمنٹ اینڈ پروڈکشنز کے بینر تلے تیار کی جا رہی ہے اور الفانیون اسٹوڈیوز اس منصوبے سے وابستہ ہے۔ اگرچہ فلم کی کہانی کو فی الحال خفیہ رکھا گیا ہے، تاہم، یہ واضح کیا گیا ہے کہ ویر پہاڑیہ فلم کے ہیرو ہوں گے اور ایک ایسے غصے والے نوجوان کا کردار نبھائیں گے جس کی شخصیت میں منفی اور مثبت دونوں پہلو موجود ہوں گے۔ دوسری جانب ورون شرما ایک طاقتور اور خطرناک ولن کے روپ میں نظر آئیں گے۔ فلم میں ایک رومانوی کہانی بھی شامل ہوگی، جسے دلکش اور سریلی موسیقی کے ذریعے آگے بڑھایا جائے گا۔
ویر پہاڑیہ اور ورون شرما کے ایک ساتھ کام کرنے پر بات کرتے ہوئے مہیش بھٹ نے کہا، ’’یہ دونوں ہماری نسل کے مقابلے میں سنیما کی بہتر سمجھ رکھتے ہیں۔ ان میں اپنے لئےایک منفرد مقام بنانے کی شدید خواہش اور بے چینی موجود ہے۔ اگر ان کی اجتماعی توانائی کو درست سمت دی جائے تو ان کے ہاتھ ایک منفرد فلم لگ سکتی ہے۔ ‘‘ نئے پروڈیوسرز ردھی چاوڑا اور اتسو اپادھیائے کے بارے میں بات کرتے ہوئے مہیش بھٹ نے کہا، ’’یہ ایک ایسا شعبہ ہے جو ثابت قدمی کا تقاضا کرتا ہے۔ یہاں قابلیت سے زیادہ رویہ اہمیت رکھتا ہے۔ ان کی کہانی کو منفرد بنانے والی چیز ان کا خود پر اعتماد اور اپنی شناخت برقرار رکھنے کا حوصلہ ہوگا۔ انہیں جرات مندانہ فیصلے کرنے چاہئیں اور اپنے دل کی آواز پر چلنا چاہئے۔ ‘‘ہدایت کار سدھانت سچدیو، جو ’’عاشقی ۲‘‘، ’’ایک ولن‘‘ اور ’’ہماری ادھوری کہانی‘‘ جیسی فلموں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کر چکے ہیں اور مہیش بھٹ و موہت سوری کے ساتھ بھی وابستہ رہے ہیں، اس فلم میں انہی فلم سازوں کی سنیمائی سوچ اور انداز کو پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے: سنی دیول اور اکشے کھنہ کی کورٹ روم ڈراما فلم ’’اکّا‘‘ کی پہلی جھلک منظرعام پر
سدھانت کے بارے میں مہیش بھٹ نے کہا، ’’میں چاہتا ہوں کہ وہ فلم مقررہ بجٹ کے اندر مکمل کریں، کیونکہ ہر پروڈیوسر کی خواہش ہوتی ہے کہ اچھی فلم بنانے کے ساتھ اخراجات بھی قابو میں رکھے جائیں۔ انہیں اپنے وژن کے ساتھ پوری شدت سے وابستہ رہنا ہوگا۔ وہ ہم سب سے مشورہ لے سکتے ہیں، لیکن انہیں یہ سمجھنا چا ہئے کہ فلمی دنیا میں ایک حد تک جمہوریت ہوتی ہے، اس کے بعد آمریت کا دور شروع ہو جاتا ہے۔ ‘‘اگرچہ فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا، تاہم، اس منصوبے نے فلمی حلقوں میں پہلے ہی خاصی دلچسپی پیدا کر دی ہے۔ ’’نام –۔ ٹو لِو اِز وار‘‘ کے ذریعے ردھی چاوڑا اور اتسو اپادھیائے ایک ایسی رومانوی ایکشن تھرلر پیش کرنے کے خواہاں ہیں جس میں سنسنی، جذبات، تفریح اور خوبصورت موسیقی کا امتزاج ہو۔ اس فلم کو الفانیون اسٹوڈیوز کی جانب سے میگھنا ہیراوت اپادھیائے اور کویتا اگروال کی حمایت حاصل ہوگی۔