Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویر داس کی ہارر فلم ’بارہ نمبر‘ کی کاسٹ کا اعلان، شیبا چڈھا اور اتل کلکرنی شامل

Updated: June 11, 2026, 6:04 PM IST | Mumbai

اداکار، کامیڈین اور فلمساز ویر داس نے اپنی نئی نفسیاتی ہارر فلم ’’بارہ نمبر‘‘ کی کاسٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فلم ہارر صنف میں ویر داس کا پہلا تجربہ ہوگی جس میں شیبا چڈھا، ارونودے سنگھ، اتل کلکرنی، شریا پلگاؤنکر اور احساس چنا سمیت کئی معروف فنکار اہم کردار ادا کریں گے۔ ’’ہیپی پٹیل‘‘ کے بعد یہ ویر داس کی دوسری ہدایتکاری ہے۔ فلم کی شوٹنگ شروع ہو چکی ہے۔

Vir Das. Photo: INN
ویر داس۔ تصویر: آئی این این

اداکار اور کامیڈین ویر داس نے اپنی آنے والی نفسیاتی ہارر فلم ’’بارہ نمبر‘‘ کی کاسٹ سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ یہ فلم ہارر صنف میں ان کی پہلی پیش قدمی سمجھی جا رہی ہے اور اس کے ذریعے وہ ایک مختلف انداز میں ناظرین کے سامنے آئیں گے۔ فلم میں ویر داس کے ساتھ شیبا چڈھا، ارونودے سنگھ، احساس چنا، اتل کلکرنی، نہاریکا لیرا دت، شریا پلگاؤنکر، سہیل نیر، پوجا سروپ اور نوین کوشک اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہو چکا ہے اور پروڈکشن کا کام جاری ہے۔ ’’بارہ نمبر‘‘، ویر داس کی بطور ہدایت کار دوسری فلم ہے۔ اس سے قبل ان کی جاسوسی کامیڈی ’’ہیپی پٹیل ‘‘سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی، جسے عامر خان کی حمایت حاصل تھی۔ اس فلم میں متھیلا پالکر، شارب ہاشمی، مونا کپور اور سروشتی تاوڑے نے بھی اداکاری کی تھی جبکہ عامر خان اور عمران خان نے خصوصی کردار ادا کیے تھے۔

فلم ’’بارہ نمبر‘‘ کی کاسٹ۔ تصویر: آئی این این

نئی فلم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ویر داس نے کہا کہ ’’اس منصوبے کی سب سے دلچسپ بات یہ تھی کہ مجھے ایسے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا جن کے فن کا میں برسوں سے معترف رہا ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’شیبا، اتل، ارونودے، شریا، احساس، نہاریکا، سہیل اور نوین سب اپنی الگ شناخت اور توانائی رکھتے ہیں۔ ہارر فلم اسی وقت مؤثر بنتی ہے جب ناظرین ہر لمحے کو حقیقی محسوس کریں اور اس کاسٹ نے اس کہانی کو ہماری توقعات سے کہیں زیادہ مضبوط بنا دیا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان: وراٹ سب سے قیمتی شخصیت، شاہ رخ، پرینکا دوسرے اور تیسرے نمبر پر

فلم کے تخلیقی شعبے میں بھی تجربہ کار نام شامل کیے گئے ہیں۔ فلمساز کوی شاستری، جنہوں نے ’’ہیپی پٹیل‘‘ میں ویر داس کے ساتھ شریک ہدایت کار کے طور پر کام کیا تھا، ’’بارہ نمبر‘‘ میں تخلیقی پروڈیوسر کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ فلمی مبصرین کے مطابق کامیڈی کے میدان میں اپنی شناخت بنانے والے ویر داس کا ہارر صنف کی طرف رخ کرنا ایک دلچسپ پیش رفت ہے۔ نفسیاتی ہارر پر مبنی اس فلم سے شائقین کو ایک مختلف اور سنجیدہ انداز کی کہانی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ اگرچہ فلم کی ریلیز کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا، تاہم کاسٹ اور موضوع کے باعث ’’بارہ نمبر‘‘ نے ابتدائی مرحلے ہی میں فلمی حلقوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK