Updated: November 24, 2026, 7:34 PM IST
| Mumbai
ہندوستان کے معروف اسٹینڈ اَپ کامیڈین اور اداکار ویر داس ایک مرتبہ پھر انٹرنیشنل ایمی ایوارڈ حاصل کرنے سے محروم رہ گئے۔ ان کے نیٹ فلکس کامیڈی اسپیشل ’ویر داس: فول والیوم‘ کو ۵۴؍ویں انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز میں بہترین کامیڈی سیریز کے زمرے میں نامزد کیا گیا تھا۔
ویر داس۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان کے معروف اسٹینڈ اَپ کامیڈین اور اداکار ویر داس ایک مرتبہ پھر انٹرنیشنل ایمی ایوارڈ حاصل کرنے سے محروم رہ گئے۔ ان کے نیٹ فلکس کامیڈی اسپیشل ’ویر داس: فول والیوم‘ کو ۵۴؍ویں انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز میں بہترین کامیڈی سیریز کے زمرے میں نامزد کیا گیا تھا، تاہم وہ اس مرتبہ ایوارڈ اپنے نام نہیں کرسکے۔ کامیڈی کے اس زمرے میں ارجنٹائنا کی نیٹ فلکس سیریز ’’ڈیویژن پالرمو سیزن ۲‘‘ جسے ’کمیونٹی اسکواڈ‘کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے کامیابی حاصل کی۔ اس طرح ویر داس کا دوسری مرتبہ انٹرنیشنل ایمی ایوارڈ جیتنے کا خواب پورا نہیں ہوسکا۔ویر داس کی یہ انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز میں تیسری نامزدگی تھی۔ اس سے قبل انہیں ۲۰۲۱ء میں اپنے کامیڈی اسپیشل ’’ویر داس: فار انڈیا‘‘ کے لیے نامزد کیا گیا تھا، جبکہ ۲۰۲۳ء میں ’’ویر داس: لینڈنگ‘‘ کے لیے انہیں انٹرنیشنل ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ اس کامیابی کے بعد وہ ہندوستانی کامیڈی کی دنیا میں عالمی سطح پر نمایاں شناخت حاصل کرنے والے فنکاروں میں شامل ہوگئے تھے۔فول والیوم کے لیے تیسری نامزدگی حاصل کرکے ویر داس نے ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کیا۔ وہ تین مرتبہ انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والے پہلے ہندوستانی فنکار بن گئے ہیں۔ اگرچہ اس مرتبہ انہیں ٹرافی نہیں مل سکی، لیکن مسلسل تیسری نامزدگی ان کے بین الاقوامی فنکارانہ سفر کی اہم کامیابی سمجھی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت تشویشناک، ذاتی معالج نے خبردار کیا
بہترین کامیڈی سیریز کے زمرے میں ویر داس کے فول والیوم کا مقابلہ ارجنٹائنا کی ’’ڈیویژن پالرمو سیزن ۲‘‘، برطانیہ کی’’مین ورسز بے بی‘‘ اور اسپین کی ’’اولڈ ڈاگ، نیو ٹرکس‘‘ سے تھا۔ آخرکار ارجنٹائنا کی سیریز نے یہ اعزاز حاصل کیا۔اس کامیڈی سیریز کی کہانی معذور افراد اور معاشرے کے دیگر محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ایک ایسے گروپ کے گرد گھومتی ہے، جنہیں ایک کمیونٹی سیکوریٹی پیٹرول ٹیم میں بھرتی کیا جاتا ہے۔ اس منفرد موضوع اور کامیڈی کے انداز نے اسے بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام دلایا۔
یہ بھی پڑھئے:فلم ’’رف اینڈ ٹف کنیا‘‘ کو بالی ووڈ کی بھرپور پذیرائی، اداکار ہیتن کمار فلم انڈسٹری کے مشکور
ویر داس نے اپنے تازہ ترین کامیڈی اسپیشل کے لیے نامزدگی کو ایک غیر معمولی تجربہ قرار دیا تھا۔ ان کے مطابق فول والیوم کی تیاری اور تخلیق کا سفر اس وقت شروع ہوا جب وہ اپنی آواز کھو بیٹھے تھے۔ اس مشکل دور سے گزرنے کے بعد اس کامیڈی اسپیشل کو تیار کرنا ان کے لیے ایک خاص تخلیقی تجربہ رہا۔انہوں نے اس پروجیکٹ کی کامیابی اور عالمی سطح پر پذیرائی کے لیے نیٹ فلکس، اپنی ٹیم اور اس سے وابستہ تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔ویر داس کے بین الاقوامی سفر میں ایک اور اہم سنگ میل ۲۰۲۴ء میں سامنے آیا، جب انہوں نے ۵۲ویں انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز کی میزبانی کی۔ وہ اس تقریب کی میزبانی کرنے والے پہلے ہندوستانی فنکار بنے تھے۔ اداکاری اور اسٹینڈ اَپ کامیڈی کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر ان کی یہ پہچان بھی ہندوستانی تفریحی صنعت کے لیے اہم رہی ہے۔۵۴؍ویں انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز میں ہندوستان کی جانب سے دو اہم نامزدگیاں حاصل ہوئی تھیں۔ ویر داس کے کامیڈی اسپیشل فول والیوم کے علاوہ سونی لیو کی اسپورٹس ڈراما سیریز ’ریل کشمیر فٹ بال کلب‘ کو بہترین ڈراما سیریز کے زمرے میں نامزد کیا گیا تھا۔اس سیریز میں مناو کول اور محمد ذیشان ایوب نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔ اس کا مقابلہ برطانیہ کی ’’اے تھاوزنڈ بلو‘‘ ، فرانس کی ’’کریمے‘‘ اور ارجنٹائنا کی ’مینیم‘ سے تھا۔ تاہم بہترین ڈراما سیریز کا ایوارڈ فرانس کی کریمے نے جیت لیا۔ اس طرح دونوں ہندوستانی نامزدگیاں ایوارڈ حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔