کامیڈین ویر داس اور اداکار پنکج ترپاٹھی کی تصویری مماثلت، نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی سے متعلق سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ بحث کا باعث بنی۔ کئی مشہور شخصیات اور صارفین نے بھی اس دلچسپ موازنہ سے اتفاق کیا۔
EPAPER
Updated: November 10, 2025, 9:52 PM IST | Mumbai
کامیڈین ویر داس اور اداکار پنکج ترپاٹھی کی تصویری مماثلت، نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی سے متعلق سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ بحث کا باعث بنی۔ کئی مشہور شخصیات اور صارفین نے بھی اس دلچسپ موازنہ سے اتفاق کیا۔
اس وقت انٹرنیٹ پر ایک دلچسپ بحث جاری ہے کہ کیا ویر داس، پنکج ترپاٹھی اور ظہران ممدانی ایک جیسے نظر آتے ہیں؟ یہ سوال اُس وقت وائرل ہوا جب کامیڈین ویر داس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک مداح کا پیغام شیئر کیا، جس میں لکھا تھا: ’’ذرا سوچیں: آپ + پنکج ترپاٹھی = ظہران ممدانی!؟ نہیں؟ ہاں؟‘‘ ویر داس نے مداح کے اس پیغام کا اسکرین شاٹ شیئر کیا۔ پوسٹ کے ساتھ انہوں نے ویر داس اور پنکج ترپاٹھی کی تصویروں کا ایک کولاج بھی شامل کیا، جس کے بعد صارفین نے تبصرے کی بھرمار کر دی۔
اداکارہ نرگس فخری نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا:’’ہاں، واقعی!‘‘ ایک صارف نے لکھا، ’’اب جبکہ میں نے یہ دیکھ لیا ہے، اسے نظر انداز نہیں کر سکتا۔ حیرت انگیز موازنہ!‘‘ ایک اور نے طنزیہ انداز میں پوچھا، ’’تو پھر بایوپک کون کرے گا، آپ یا پنکج ترپاٹھی؟‘‘ مداحوں کی دلچسپ رائے میں ایک صارف نے کہا،’’مجھے لگتا تھا ظہران کسی کی یاد دلاتے ہیں، اب سمجھ آیا کہ کون ہے!‘‘ جبکہ ایک اور نے ہنستے ہوئے لکھا، ’’اب درمیان میں ظہران کی تصویر چاہئے، ایک طرف پنکج سر اور دوسری طرف ویر داس!‘‘ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ مداح، جس نے یہ موازنہ سب سے پہلے بھیجا تھا، نے خود تبصرے میں کہا کہ ’’ویر داس نے میرے رات کے ۳؍ بجے کے خیالات کو دنیا کے ساتھ شیئر کر دیا! بہت مسرور ہوں!‘‘
ظہران ممدانی کون ہیں؟
ظہران ممدانی حال ہی میں نیویارک سٹی کے منتخب میئر بنے ہیں۔ انہوں نے سابق گورنر اینڈریو کوومو اور ریپبلکن کرٹس سلیوا کو بھاری اکثریت سے شکست دی، اور ۵۰؍ فیصد سے زائد ووٹ حاصل کئے۔ ان کی جیت انہیں نیویارک کی تاریخ میں پہلا مسلمان، جنوبی ایشیائی اور ایک صدی میں سب سے کم عمر میئر بناتی ہے۔ وہ یکم جنوری ۲۰۲۶ء کو عہدے کا حلف لیں گے۔ ظہران، معروف اسکالر محمود ممدانی اور ہندوستانی فلم ساز میرا نائر کے بیٹے ہیں۔