Updated: November 20, 2025, 5:04 PM IST
| Mumbai
وویک اوبیرائے نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ہر اسٹارڈم ماند پڑ جاتا ہے یہاں تک کہ ۲۰۵۰ء میں لوگ شاید شاہ رخ خان کو بھی نہ پہچانیں۔ انہوں نے راج کپور کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ نوجوان نسل آج انہیں بھی نہیں جانتی۔ اسی گفتگو میں وویک نے اپنی ۲۰۰۹ء کی فلم ’’قربان‘‘ کی شوٹنگ کے دوران پاکستان سے موصول ہونے والی گینگسٹر دھمکیوں کا انکشاف بھی کیا۔
شاہ رخ خان( بائیں) وویک اوبیرائے( دائیں) ۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان دہائیوں سے فلم نگری پر حکمرانی کرتے آئے ہیں اور ’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘، ’’کل ہو نا ہو‘‘، ’’دیوداس‘‘ اور ’’جوان‘‘ جیسی فلموں کے ذریعے بے مثال شہرت حاصل کی۔ تاہم، وویک اوبیرائے کا خیال ہے کہ وقت کے ساتھ شہرت ختم ہو جاتی ہے، چاہے وہ شاہ رخ خان جیسی ہی کیوں نہ ہو۔ پنک ولا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں وویک نے کہا کہ ’’۱۹۶۰ء کی دہائی کے کئی بڑے اداکاروں کو آج کی نسل نہیں جانتی۔ ۲۰۵۰ء میں لوگ شاید کہیں گے: ’’شاہ رخ خان کون؟‘‘ بالآخر ہم سب تاریخ کے حوالے ہو جاتے ہیں۔‘‘ وویک نے راج کپور کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ نئی نسل میں کئی افراد ایسے ہیں جو انہیں نہیں پہچانتے، حالانکہ وہ ہندوستانی سنیما کے عظیم ترین فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔’’تاریخ آخرکار ہمیں بے کار بنا دیتی ہے۔‘‘
دوسری جانب، شاہ رخ خان نے ستمبر میں اپنی فلم ’’جوان‘‘ کیلئے پہلا نیشنل ایوارڈ جیتا، جو سماجی برائیوں کے خلاف کھڑے ایک شخص کی کہانی تھی۔ اب وہ اپنی نئی فلم ’’کنگ‘‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں جس کی ریلیز ۲۰۲۶ء میں متوقع ہے۔
وویک اوبیرائے پر انڈرورلڈ کی دھمکیاں
اسی انٹرویو میں وویک اوبیرائے نے انڈرورلڈ گینگسٹر کی جانب سے موصول دھمکیوں کا بھی انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ۲۰۰۹ء میں فلم ’’قربان‘‘ کی امریکہ میں شوٹنگ کر رہے تھے کہ جب ان کے ہوٹل کے ریکارڈنگ سسٹم پر ایک خوفناک وائس میسج چھوڑا گیا۔ وویک کے مطابق’’پیغام میں واضح دھمکیاں دی گئیں۔ ابتدا میں مَیں نے سنجیدگی سے اس پر غور نہیں کیا لیکن پولیس نے بتایا کہ کال پاکستان سے ٹریس ہوئی ہے۔ تب مجھے اصل خوف محسوس ہوا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: نفرت انگیزی کے ماحول میں ایشوریہ کا پیغام ِمحبت
انہوں نے بتایا کہ معاملہ رپورٹ کرنے پر امریکی حکام نے پوچھ گچھ کی، اور انہیں امریکہ میں وکیل بھی رکھنا پڑا۔ بعد ازاں ہندوستان واپسی پر بھی انہیں اضافی سیکوریٹی رکھنی پڑی کیونکہ ان کے خاندان کو بھی دھمکیاں ملنے لگیں۔ واضح رہے کہ وویک اوبیرائے اس وقت اپنی فیملی کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں جبکہ ان کی فلم ’’مستی ۴‘‘ ۲۱؍ نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے، جس میں آفتاب شیودسانی اور رتیش دیش مکھ بھی شامل ہیں۔