Inquilab Logo

عامر خان، راج کمارسنتوشی اور سنی دیول پہلی بار ایک ساتھ باکس آفس پر کیا ہوگا؟

Updated: November 12, 2023, 12:39 PM IST | Inquilab Desk | Mumbai

جب بڑے فنکار ایک ساتھ آتے ہیں تو اس پروجیکٹ کی کامیابی کی امید کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بڑے اسٹار کاسٹ کی فلموں کی تقسیم کاری ہی سے فلمساز اپنی لاگت وصول کر لیتے ہیں۔

Aamir Khan, Rajkumar Santoshi, Sunny Deol. Photo: INN
عامرخان، راج کمار سنتوشی ،سنی دیول۔ تصویر : آئی این این

جب بڑے فنکار ایک ساتھ آتے ہیں تو اس پروجیکٹ کی کامیابی کی امید کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بڑے اسٹار کاسٹ کی فلموں کی تقسیم کاری ہی سے فلمساز اپنی لاگت وصول کر لیتے ہیں۔ ایسے میں اگر عامر خان، راج کمار سنتوشی اور سنی دیول ایک ساتھ آجائیں تو باکس آفس پر ایک ہنگامے کی امید تو کی ہی جاسکتی ہے۔یہی سبب ہے کہ بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم `’لاہور۱۹۴۷‘ ہندوستانی سنیما کی سب سے زیادہ منتظر فلموں میں سے ایک ہے۔
  اس تاریخی کہانی کے ساتھ انڈسٹری کے تین بڑے نام ایک ساتھ آ رہے ہیں اور پہلی بار آرہے ہیں ۔ سنی دیول اور راج کمار سنتوشی ایک ساتھ پہلے بھی آئے ہیں ، اسی طرح عامر خان اورراج کمار سنتوشی کا بھی ساتھ رہا ہے لیکن تینوں ایک ساتھ کبھی نہیں آئے۔ یہ اور بات ہے کہ تکنیکی اعتبار سے ایک بار فلم ’دامنی‘ میں تینوں ایک ساتھ آچکے ہیں ۔ ’دامنی‘ کے ہدایت کار راج کمار سنتوشی تھے، مرکزی کردار سنی دیول نے ادا کیا تھا جبکہ کیمیو کے طور پر ایک رقص میں عامر خان بھی دکھائی دیئے تھے۔ لیکن اسے ساتھ نہیں کہا جاسکتا۔اس کے برعکس بالی ووڈ میں عامر خان اور سنی دیول کو ایک دوسرے کا حریف بھی سمجھا جاتا رہا ہے۔ ایسے میں ان کے ایک ساتھ آنے کے اعلان نے انڈسٹری میں ایک جوش بھر دیا ہے اور فلم شائقین کا تجسس بڑھا دیا ہے۔ عامر خان اور سنی دیول کو حریف اسلئے کہا جاتا رہا ہے کہ ماضی میں یہ دونوں ایک نہیں ، دو نہیں بلکہ تین مرتبہ باکس آفس پر متصادم ہوئے ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ تینوں ہی بار دونوں کامیاب رہے ہیں ۔
 ان تینوں کا باکس آفس پر پہلی مرتبہ ۲۲؍ جون ۱۹۹۰ء کو آمنا سامنا ہوا تھا جب عامر خان کی فلم ’دل‘ اور سنی دیول کی فلم ’گھائل‘ ریلیزہوئی تھی۔ فلم ’گھائل‘ کے ہدایت کار راج کمار سنتوشی تھے۔اُس وقت تک سنی دیول کی بہت ساری فلمیں ریلیز ہوچکی ہیں اور ان میں کئی کامیاب بھی رہی تھیں جبکہ عامر خان بالی ووڈ کیلئے قدرے نئے تھے۔ ان کی ’قیامت سے قیامت تک‘ کو ریلیز ہوئے صرف ۲؍ سال ہوئے تھےجبکہ سنی دیول کی ’بیتاب ‘ کو ریلیز ہوئے ۷؍ سال ہوچکے تھے۔ ’گھائل ‘ کا بجٹ ڈھائی کروڑ اور ’دل‘ کا بجٹ ۲؍ کروڑ کا تھا اور دونوں ہی نے ۲۰۔۲۰؍ کروڑ کا کاروبار کیا تھا۔ 
 اس کے بعد ان دونوں کے درمیان دوسرا مقابلہ۱۵؍ نومبر ۱۹۹۶ء کو ہوا تھا جب عامر خان کی ’راجہ ہندوستانی‘ اور سنی دیول کی ’گھاتک‘ ریلیز ہوئی تھی۔ ایک بار پھر دونوں ہی فلمیں کامیاب رہیں لیکن ان دونوں میں راجہ ہندوستانی زیادہ کامیاب رہی۔ راجہ ہندوستانی کا باکس آفس کلیکشن ۷۶؍ کروڑ رہا جبکہ ’گھاتک‘ نے ۳۲؍ کروڑ کا کاروبار کیا تھا۔ ان دونوں میں تیسرا اور سب سے بڑا ٹکراؤ ۲۰۰۱ء میں ہوا جب عامر خان کی شہرہ آفاق فلم ’لگان‘ ریلیز ہوئی تھی اور سنی دیول فلم ’غدر‘ کے ساتھ فلم شائقین سے روبرو ہوئے تھے۔ایک بار دونوں ہی فلمیں باکس آفس پر اپنا پرچم لہرانے میں کامیاب رہیں لیکن ا س مرتبہ کلیکشن کے معاملے میں سنی دیول کی فلم حاوی رہی۔ غدر نے مجموعی طور پر۱۳۳؍ کروڑ کاکاروبار کیا جبکہ لگان نے ۶۶؍کروڑ کی کمائی کی۔اسی درمیان ۱۹۹۴ء میں فلم ’انداز اپنا اپنا‘ میں راج کمار سنتوشی اور عامر خان کا بھی ساتھ رہا۔ یہ فلم بھی کامیاب رہی تھی۔ حال ہی میں، `کافی وِد کرن سیزن۸؍ کے اپنے ٹور کے دوران، میزبان کرن جوہر نے سنی دیول سے اس لمحے کو شیئر کرنے کیلئے کہا جب انہوں نے اور عامر خان نے ایک ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیا۔ سنی دیول نے اس کے جواب میں کہا کہ `جب عامر خان ان کی فلم ’غدر۔۲‘ کی پارٹی میں آئے تو انہوں نے مجھ سے کہا کہ میں آپ سے ملنا چاہتا ہوں۔ میں یہ جان کر حیران رہ گیا کہ آخر وہ کیا کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں ؟اس کے بعد جب کچھ آئیڈیاز اور امکانات پر تبادلہ خیال ہوا توہم اس پروجیکٹ کے ساتھ سامنے آئے۔
 ’لاہور۱۹۴۷‘کی بات کریں تو عامر خان اس فلم میں ’عامر خان پروڈکشن‘ کے تحت پروڈیوسر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ ہدایت کار راجکمار سنتوشی ہوں گے اور سنی دیول فلم میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔ ایسے میں اس زبردست پروجیکٹ پر سنی، عامر اور سنتوشی کی اس شاندارتکڑی کی آمد کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK