Inquilab Logo

ورلڈ باکسنگ چمپئن نکہت زرین کوبالی ووڈ کی شخصیات نےمبارک باد دی

Updated: May 23, 2022, 1:31 PM IST | Agency | Mumbai

ہندوستانی خاتون باکسر نکہت زرین کوعالمی باکسنگ چمپئن  شپ میں ۵۲؍ کلوگرام زمرے میں طلائی تمغہ جیتنے کے بعد بالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات نے سوشل میڈیاپرمبارکباد دی ہے۔

Nikhat Zareen.Picture:INN
ورلڈ باکسنگ چمپئن نکہت زرین ۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی خاتون باکسر نکہت زرین کوعالمی باکسنگ چمپئن  شپ میں ۵۲؍ کلوگرام زمرے میں طلائی تمغہ جیتنے کے بعد بالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات نے سوشل میڈیاپرمبارکباد دی ہے۔ خیال رہے کہ تلنگانہ کی مکے باز نے ترکی کے استنبول میں فلائی ویٹ فائنل میں جمعرات کو تھائی لینڈ کی جتپونگ جتاماس کو صفر۔۵؍ سے شکست فاش دی تھی۔ انڈین ورلڈ چمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتنے پرنکہت کوسلمان خان، امیتابھ بچن، اجے دیوگن، اور انوشکا شرما سمیت بالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات نے مبارکباد دی۔ بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن نے ٹویٹ کیا’’نکہت زرین ورلڈ چمپئن  شپ میں طلائی تمغہ جیتنے پر بہت بہت مبارکباد۔‘‘ اجے دیوگن نے ٹویٹ کیا ’’ہندوستانی خواتین کو ان بلندیوں تک پہنچتے ہوئے دیکھنا ایک ناقابل یقین بات ہے جس کا ہم نے صرف تصور کیا تھا۔ نکہت زرین طلائی تمغہ جیتنے کے لئے میری جانب سے آپ کو اور آپ کی ٹیم کودلی مبارکباداور اسی طرح کھیلتی رہیں۔‘‘ اداکارہ انوشکا شرما نے اپنے انسٹاگرام پر لکھا ’’نکہت زرین آپ نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا  ہے۔‘‘ سلمان خان، جن کی نکہت بہت بڑی مداح ہیں، نے کہا، ’’نکہت کو یہ گولڈ جیتنے پر مبارک ہو۔‘‘ سلمان کی مبارکباد کا جواب دیتے ہوئے، نکہت نے کہا’’ایک بہت بڑی مداح کے طور پر، آج میرا سب سے پرانا خواب پورا ہو گیا ۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ سلمان خان میرے لئے  ٹویٹ کریں گے۔ میری جیت کو مزید خاص بنانے کے لئے آپ کا بہت شکریہ۔ میں اس لمحے کو ہمیشہ اپنے دل میں سنبھال کررکھوں گی۔‘‘ نکہت کے علاوہ اس چمپئن شپ میں میری کوم، لیشرام سریتا دیوی، جینی آر ایل اور لیکھ کے سی نے گولڈ میڈل جیتا ہے۔ وہ میری کوم کے بعد بیرون ملک میں عالمی چمپئن  شپ میں طلائی تمغہ جیتنے والی صرف دوسری ہندوستانی مکے بازہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK