یوٹیوبر ’’مسٹر بیسٹ‘‘ دنیا کے سب سے کم عمر سیلف میڈ بلینئر بن گئے ہیں۔ اثاثوں کی مالیت کے معاملے میں انہوں نے ٹام کروز، شاہ رخ خان اور جانی ڈیپ جیسے کئی بڑے اداکاروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
EPAPER
Updated: May 26, 2025, 8:58 PM IST | Mumbai
یوٹیوبر ’’مسٹر بیسٹ‘‘ دنیا کے سب سے کم عمر سیلف میڈ بلینئر بن گئے ہیں۔ اثاثوں کی مالیت کے معاملے میں انہوں نے ٹام کروز، شاہ رخ خان اور جانی ڈیپ جیسے کئی بڑے اداکاروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
۲۷؍ سالہ جیمز اسٹیفن ’’جمی‘‘ ڈونالڈ سن ڈجیٹل دنیا کے پہلے ارب پتی بن گئے ہیں۔ وہ ڈجیٹل دنیا میں ’’مسٹر بیسٹ‘‘ کے نام سے جانے جاتے ہیں اور وہ تاریخ کے سب سے کم عمر سیلف میڈ بلینئر بن گئے ہیں۔ سیلیبریٹی نیٹ ورتھ کی حالیہ رپورٹس کے مطابق جیمز کے اثاثوں کی مجموعی مالیت حیران کن طور پر ایک بلین ڈالر تک بڑھ گئی ہے۔ ۲۰۲۲ء میں فوربس نے ان کے اثاثوں کی مالیت ۵۰۰؍ ملین ڈالر درج کی تھی۔ اس کے بعد سے مسٹر بیسٹ کا کریئر تیزی سے مستحکم ہوا ہے جس میں ان کے کامیاب پروجیکٹس کی ایک سیریز شامل ہے۔ رپورٹس اس بات پر بھی روشنی ڈالتی ہیں کہ مسٹر بیسٹ ارب پتیوں کی فہرست میں ۳۰؍ سال سے کم عمر والے واحد ایسے فرد ہیں جس نے بغیر کسی وراثت یا بیرونی مالی مدد کے آزادانہ طور پر اپنی دولت کمائی ہے۔ یہ کامیابی ان کی غیر معمولی کاروباری صلاحیتوں اور چھوٹی عمر میں بے مثال دولت حاصل کرنے کیلئے ڈجیٹل پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھانے کی طاقت کو ظاہر کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سدھانت چترویدی اور ترپتی ڈمری کی ’’دھڑک ۲‘‘ یکم اگست ۲۰۲۵ء کو ریلیز ہوگی
مسٹر بیسٹ کی دولت مبینہ طور پر دنیا کے سب سے زیادہ کمانے والے اداکاروں سے بھی زیادہ ہے۔ مثال کے طور پر، ٹام کروز کے اثاثوں کی مالیت ۹۰۰؍ ملین ڈالر، شاہ رخ خان کی ۸۷۷؍ ملین اور جانی ڈیپ کی تقریباً ۱۰۰؍ ملین ڈالر ہے۔ ۲۰۲۳ء میں ٹائم میگزین نے مسٹر بیسٹ کو عالمی سطح پر ۱۰۰؍ بااثر افراد میں سے ایک کے طور پر تسلیم کیا تھا۔ ۲۰۲۴ء میں فوربس نے انہیںسب سے زیادہ معاوضہ لینے والا یوٹیوبر قرار دیا۔ مسٹر بیسٹ نے اپنا یوٹیوب سفر ۲۰۱۲ء میں شروع کیا تھا جہاں وہ گیمنگ اور اسٹریمنگ مواد پر بات چیت کرتے ہیں۔ تاہم، انہیں شہرت ۲۰۱۷ء میں ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملی۔ اس کے بعد انہوں نے تعلیم ترک کردی اور مکمل طور پر اپنے یوٹیوب کریئر کو مستحکم کرنے میں مصروف ہوگئے۔ ۲۰۲۴ء میں ان کا یوٹیوب چینل سب سے زیادہ سبسکرائب کیا جانے والا چینل بن گیا تھا۔ انہوں نے فاسٹ فوڈ چینز، کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کرکے اور اپنا چاکلیٹ برانڈ شروع کرکے اپنے کاروباری منصوبوں کو بھی وسیع کیا۔ اس نے بیسٹ گیمز کے عنوان سے ایک گیم شو کے ساتھ اپنی رسائی کو مزید بڑھایا، جو امیزون پرائم ویڈیو پر نشر ہوتا ہے۔