Inquilab Logo

لکھنے والوں کو لکھنے کی آزادی ہونی چاہئے،اس پر کسی طرح کی پابندی مناسب نہیں

Updated: February 14, 2023, 5:08 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

معروف یوٹیوبر اور اداکار بھوون بام نے کہا کہ یوٹیوب پرکام کرنے کے ساتھ ہی جب ہم نے او ٹی ٹی کے دوسرے پلیٹ فارم پر کام کیا تو خود کوسمجھنے میں مدد ملی

YouTuber Bhuvan Bam who gained success from popular web series `Dhandora`
معروف ویب سیریز ’ڈھنڈورا‘ سے کامیابی حاصل کرنے والے یوٹیوبر بھوون بام

بی بی کی وائنس سے یوٹیوب پر شہرت پانے والے بھوون بام کو آج پوری دنیا جانتی ہے۔ بھوون انندرا شنکر بام ان کا پورا نام ہے لیکن وہ یوٹیوب اور شوبز کی دنیا میں بھوون بام کے نام سے شہرت رکھتے ہیں۔ وہ کامیڈین، رائٹر، سنگر ، سانگ رائٹر اور اداکار ہیں۔ یوٹیو ب پر شہرت پانے کے بعد انہوں نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر بھی دھوم مچائی ہے۔ ان کی سیریز ’ڈھنڈورا‘ نے کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوںنے ۲۰۲۱ء کے بگ باس میں مہمان کے طورپر شرکت کی تھی۔ ۲۰۱۹ء میں انہوںنے وَن مائک اسٹینڈ کا ایک ایپی سوڈ کیا تھا۔ ان سبھی چیزوں کے ساتھ انہوںنے میوزک ویڈیوز ، شارٹ فلم اور دیگر ویب سیریز میں بھی کام کیا ہے۔ ۳؍ ہفتے قبل ان کی ویب سیریز تازہ خبر ریلیز ہوئی تھی جو کافی کامیاب رہی۔ نمائندہ انقلاب نے یوٹیوب کے معروف اسٹار بھوون بام سے گفتگو کی جس کے بعض اقتباسات یہاں پیش  کئے جارہے ہیں
س:تازہ خبر کی کامیابی کا آپ کو یقین تھا؟ 
ج:مجھے تونہیں تھا کیونکہ میں سوچ رہا تھا کہ اتنے سارے افراد کس طرح پیسہ دے کر میری سیریز دیکھ پائیں گے۔ میں نے ہاٹ اسٹار سے بھی اس تعلق سے بات چیت کی تھی لیکن وہ بھی صحیح اعداد وشمار دینے سے قاصر تھے۔ بہرحال میں بہت خوش ہوں کہ میری سیریز تازہ خبر ۳؍ہفتوں سے  او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ٹاپ پوزیشن پر ہے اور کئی ملین افراد نے اسے دیکھا ہے۔ اس کے ساتھ ہی لاکھوں نے اس شو کو ڈاؤن لوڈ بھی کیاہے۔ 
س:حال ہی میں یوٹیوب نے اپنی پالیسی میں تبدیلی کی تھی ، کیا اس کی وجہ سے آپ کی سیریز  پر اثر پڑا تھا ؟ 
ج:یوٹیوب نے اپنی پالیسی میں چندتبدیلیاں کی تھیں۔ اس وقت مجھے تھوڑی پریشانی ہوئی تھی ۔جب ہم نے تازہ خبر کا ٹریلر بھی لانچ نہیں کیا تھا اس وقت شائقین میں یہ باتیں ہورہی تھیں کہ کس طرح ہم رقم خرچ کر کے کوئی شو دیکھیں گے لیکن سیریز کا ٹریلر لانچ ہوتے ہی میری ساری پریشانی ختم ہوگئی کیونکہ میں نے میرے کمنٹ باکس میں ایسا کوئی میسیج نہیں دیکھا جس  میں کہا گیا ہو کہ ہم اس شو کیلئے رقم خرچ نہیں کریں گے۔ یوٹیوب کی پالیسی تبدیل ہونے سے مجھے فرق نہیں پڑا اور یہ میرے لئے اچھا رہا۔ تازہ خبر کی کامیابی ہی آپ کو بتا رہی ہے۔ 
 س:کیا تازہ خبر سے آپ کی فہرست میں نئے مداحوں کے نام بھی شامل ہوگئے ہیں ؟
ج:جی ہاں، یہ صحیح بات ہے کہ میرے شو کی وجہ سے مجھے نئے سبسکرائبر ملے ہیں۔ یہ پہلی بار نہیں ہوا ہے اس سے قبل ڈھنڈورا کے وقت بھی مجھے نئے سبسکرائبر ملے تھے ۔ اکثر میرے سبسکرائبر نوجوان لوگ ہوتے تھے تاہم ڈھنڈورا کے بعد میں نے دیکھا کہ اس فہرست میں ۴۵؍ برس سے زائد عمر کے افراد نے میرے چینل کو سبسکرائب کیا تھا۔ ان کے بہت سے پیغام مجھے ملے تھے  اور سبھی نے میرے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔میں امید کرتا ہوں کہ میرے اگلے شو سے اس فہرست میں مزید اضافہ ہوگا۔ 
 س:یوٹیوب سے باہر دیگر اوٹی ٹی پلیٹ فارم پر کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟
 ج:   یوٹیوب سے باہر دیگر او ٹی ٹی پلیٹ فارم کیلئے کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا اور مجھے خود کوذاتی طورپر سمجھنے میں مدد ملی۔ سبھی کو معلوم ہے کہ میں یوٹیوب پر اپنے شوز کیلئے مختلف کردار خود ہی ادا کرتا تھا۔ میرے لئے یہ بہت مشکل کا م تھا کیونکہ میں اپنی شناخت کو مٹا کر مختلف کردار ادا کررہاتھا۔ تازہ خبر میں مجھے یہ خدشہ تھا کہ میرا جو رول ہے اس میں یوٹیوب کا کوئی کردار شامل نہ ہو جائے۔جب بھی میں اپنا ایک شاٹ مکمل کرتا تھا تو اس وقت میں مانیٹر پر جاکر دیکھتا تھا کہ میرے کام میں کہیں ٹیٹو مامایا کسی اور کردار کی جھلک تو نظر نہیں آرہی ہے۔ لیکن ایسا نہیں ہوا۔ میں تازہ خبر کے ہدایتکار سے بھی مسلسل پوچھا کرتا تھا کہ میری اداکاری میں کوئی جھلک تو نظر نہیں آرہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہاٹ اسٹار کی بھی کریئیٹو ٹیم ہمارے ساتھ رہتی تھی جو ہماری اداکاری پر پوری توجہ دیتی تھی۔ڈھنڈورا میں مجھے صرف اس بات کی پابندی تھی کہ مجھے خاص جملوں کو ادا نہیں کرنا تھا۔ تازہ خبر میں بہت ساری چیزیں تھیں کیونکہ ہاٹ اسٹار کو قانونی طورپر بھی بہت سی چیزیں دیکھنی ہوتی تھیں۔ یوٹیوب سے علاحدہ پلیٹ فارم پر اداکاری کرکے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔
س:اس طرح کی کہانی کو  سیریز کے ذریعہ دکھانا صحیح تھا؟ 
ج:جب ہم نے یہ کہانی لکھی تھی تو اس وقت اس پر فلم بنانے کا ہی منصوبہ تھااور ہم  اسی مقصد کے تحت اسے اوٹی ٹی  پلیٹ فارم کے پاس لے گئے۔ لیکن ہاٹ اسٹار والوں نے اسے ۶؍ایپی سوڈ کی سیریز میں منتقل کردیاکیونکہ وہ اسے سیریز میں دکھانا چاہتے تھے۔ اس کے بعد ہم نے ہر ایپی سوڈ کیلئے کہانی لکھی  اور ایک اچھا کام یہ کیا کہ اس کہانی کو آسان ہی رکھا۔ اس میں زیادہ مسالہ ڈالنے کی کوشش نہیں کی۔ میرے خیال میں شائقین کو یہ کہانی سیریز کی شکل میں ہی پسند آئی ہے۔مجھے امیدہےکہ تازہ خبر کا اگلا حصہ بھی شائقین کو پسند آئے گا کیونکہ ہم اسے اسی انداز میں بنا رہے ہیں۔تازہ خبر ایک معمولی کہانی تھی  اور بہت سی فلموں میں اسے دکھایا بھی گیا ہوگا لیکن سیریز کی شکل میں یہ الگ معلوم ہوتی ہے۔ 
س:کیابالی ووڈکے اوٹی ٹی پلیٹ فارم پر آنے سے کچھ  آپ کو کچھ فرق پڑا ہے ؟
ج:جی ہاں، ایک طرح کا نیا مقابلہ شروع ہوگیا ہے اور او ٹی ٹی پر لکھنے والوں کیلئے نیا چیلنج بھی ہے۔ جو لوگ لکھتے ہیں اور اپنے ہی شو میں اداکاری کرتے ہیں ان کیلئے بہت مشکلات ہیں لیکن میں نے دیکھا ہے کہ بہت سے لکھنے والے اچھے شوز لکھ رہے ہیں اور وہ بالی ووڈ پر غالب آنے کی کوشش کررہے ہیں۔ میرے خیال میں جو افراد آزادانہ لکھتے ہیں تو ان کی تحریر میں تبدیلی کرنا مشکل ہوتاہے لیکن او ٹی ٹی پلیٹ فارم اس میں ترمیم کا خواہشمند ہوتاہے اور لکھنے والوں سے اس بارے میں کہتے بھی ہیں۔ میرے خیال میں جولوگ آزادانہ لکھتے ہیں انہیں لکھنے دیا جانا چاہئے اور ان کی کہانی میں ترمیم نہیں کی جانی چاہئے۔ نئے لوگوں کو لکھنے کا موقع ملنا چاہئے اور اپنے طورپر لکھنے دیا چاہئے جس طرح میں نے ثابت کردیا کہ یوٹیوبر ہونے کے ناطے میں نے او ٹی ٹی پر کامیاب سیریز کی ہے ۔
س:کیا آپ خود کو بڑے پردے پر دیکھنا چاہتے ہیں؟
 ج :میری خواہش تو ہے لیکن فی الحال میں ڈھنڈورا اور تازہ خبرکے سیکویل میں کام کرنے میں مصروف ہوں۔میں چاہتا ہوںکہ میں بالی ووڈ میں بھی کام کروں لیکن میری اپنی مصروفیات ہیں ۔ اگر اس بیچ کوئی اچھی کہانی جو بالی ووڈ کیلئے لکھی گئی ہو وہ میرے پاس آتی ہے تو میں ضرور اس میں کام کروں گا۔ ورنہ میرے ۲؍ پروجیکٹ جاری ہیں اور ان ہی کو مکمل کرنا چاہوں گا۔ بڑا پردہ میرا خواب تو نہیں ہے ہاں بڑے اداکاروں جیسا نظر آنا میری خواہش ہے۔

Bhuvan Bam Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK