بپاشا باسو بالی ووڈ کی مشہور اور بااثر اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ اپنے پُراعتماد انداز، بولڈ کردار اور اسکرین پر اپنی شاندار موجودگی کے لیے جانی جاتی ہیں۔ ۷؍جنوری کو بپاشا باسو ۴۷؍سال کی ہو گئیں۔ بلاشبہ بپاشا باسو نے اپنی منفرد شناخت، محنت اور جرات مندانہ کرداروں کے ذریعے بالی ووڈ میں ایک مضبوط مقام بنایا ہے۔تصاویر:آئی این این
بپاشا باسو ۷؍ جنوری ۱۹۷۹ء کو ایک بنگالی خاندان میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد ہیرک باسو ایک سول انجینئر ہیں جبکہ والدہ ممتا باسو ایک گھریلو خاتون ہیں۔ بپاشا کی ایک بڑی بہن بیدیشا اور ایک چھوٹی بہن وجیتا ہیں۔
دہلی میں بپاشا آٹھ سال کی عمر تک نہرو پلیس کے علاقے پامپوش انکلیو میں رہیں اور وہیں اپیجے ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں ان کا خاندان کولکاتا منتقل ہو گیا، جہاں انہوں نے بیدھان نگر میں واقع بھونز گنگابکس کنوریا ودیا مندر سے تعلیم حاصل کی۔
بپاشا باسو نے اپنے ماڈلنگ کریئر کا آغاز سال ۱۹۹۶؍ میں کولکاتا سے ہی کیا۔ ماڈلنگ کے دوران ان کی ملاقات اداکار ارجن رامپال کی اہلیہ اور ماڈل مہر جیسیا سے ہوئی، جنہوں نے انہیں گودریج سنتھول سپر ماڈل مقابلے میں حصہ لینے کا مشورہ دیا۔ بپاشا باسو اس مقابلے کی فاتح بھی رہیں۔
بالی ووڈ میں بپاشا باسو نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز سال ۲۰۰۱؍ میں ریلیز ہونے والی فلم اجنبی سے کیا۔ اس فلم میں ان کے مقابل اکشے کمار تھے۔ فلم میں بپاشا کا کردار گرے شیڈز لیے ہوئے تھا۔
فلم اجنبی کے لئے بپاشا باسو کو فلم فیئر کی جانب سے بہترین ڈیبیو ایوارڈ بھی دیا گیا۔ ۲۰۰۲ءمیں بپاشا باسو کو وکرم بھٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم راز میں کام کرنے کا موقع ملا۔
سنسنی خیز عناصر سے بھرپور فلم رازناظرین میں بے حد مقبول ہوئی اور بپاشاباسو کو اپنی زبردست اداکاری کے لیے فلم فیئر کے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔
۲۰۰۳ءمیں ریلیز ہونے والی فلم جسم بپاشا باسو کے کریئر کی اہم فلموں میں شامل ہے۔ اس فلم میں انہوں نے ایک بار پھر منفی کردار ادا کیا۔ جسم میں بپاشا کے مقابل جان ابراہم تھے۔
بپاشا اور جان کی جوڑی کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد دونوں نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کر کے ناظرین کا خوب دل بہلایا۔
بپاشا باسو نے اپنے فلمی کریئر میں اب تک تقریباً ۵۵؍ فلموں میں کام کیا ہے۔ ہندی فلموں کے علاوہ انہوں نے تمل، تیلگو اور بنگالی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کا جلوہ دکھایا۔ وہ بنیادی طور پر ہندی فلموں میں اپنے کام کے لیے جانی جاتی ہیں اور انہیں فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل ہو چکا ہے۔