Inquilab Logo Happiest Places to Work

آرے وارے بیچ: رتناگیری میں پہاڑی کے قریب دلکش ساحل

Updated: June 26, 2025, 11:07 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہ جگہ سرسبز پہاڑی سلسلوں،زرعی زمینوں اور ندی نالوں کے باعث فطرت سے محبت رکھنے والوں کیلئے خاص اہمیت کی حامل ہے۔

A picturesque view of the Aarey Beach can be enjoyed. Photo: INN
آرے وارےبیچ کا دلکش نظارہ کیا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

کوکن کی ساحلی پٹی ہندوستان کی اُن دلکش نعمتوں میں سے ایک ہےجنہیں قدرت نے فیاضی سے نوازا ہے۔ گواسےرتناگیری تک ایک سے بڑھ کر ایک بیچ موجود ہے، مگر ان میں ایک بیچ ایسی بھی ہےجواپنی خاموشی، فطری پاکیزگی اور کم سیاحتی دباؤ کےسبب ایک الگ ہی تجربہ فراہم کرتا ہے۔ اس کا نام ’آرے وارے بیچ‘ ہے۔ 
کہاں واقع ہے
 آرے وارے بیچ دراصل دو جڑواں ساحلوں پر مشتمل ہے جن میں ایک کا نام ’آرے‘اور دوسرے کا نام ’وارے‘ ہےجو مہاراشٹرکے رتناگیری ضلع میں واقع ہیں۔ یہ دونوں ساحل ایک چھوٹی سی پہاڑی کے دو طرف پھیلے ہوئے ہیں، اور ان کے بیچ کا فاصلہ صرف چند کلومیٹر کاہے۔ اگر آپ گنپتی پلے جا رہے ہیں تو آرے وارے بیچ محض۸؍ سے۱۰؍کلومیٹر کی دوری پر ہے۔ 
قدرتی حسن اور خاموشی کا امتزاج
 یہ ساحل اپنی صاف ریت، نیلے پانی، اور بے آواز موجوں کی وجہ سےمشہورہے۔ یہاں نہ تجارتی شور شرابا ہے، نہ بڑے ہوٹل یا ریستوراں صرف قدرت ہے، اس کا سکون ہے، اور آپ کی تنہائی۔ سورج کے غروب ہونے کا منظر یہاں کے سب سے حسین لمحات میں شمار ہوتا ہے۔ آرے وارے بیچ اپنی ارضی ساخت کے اعتبار سے ایک نایاب نمونہ ہے۔ یہاں کی ریت نہایت نرم، صاف اور سنہری ہے جو قدموں کے نیچے سے یوں سرکتی ہے جیسے کسی نرم خیال کی تعبیری زمین ہو۔ سمندر کی لہریں نہ تند مزاج ہیں نہ خاموش، بلکہ ایک متوازن موسیقی کی صورت میں ساحل سے ٹکراتی ہیں۔ 
 بیچ کے ایک طرف اونچی پہاڑیاں ہیں جن پر چھوٹے چھوٹے درخت اور جھاڑیاں اُگی ہوئی ہیں، جو صبح کے وقت دھند کے پردے میں ایک فلمی منظر کی طرح دکھائی دیتی ہیں۔ یہاں پر موجود خاموشی کسی عبادت گاہ کی مانند محسوس ہوتی ہے۔ 
ماحولیات اور حیاتیاتی تنوع
 آرے وارے ساحل پر مقامی سمندری حیات بھی خاصی متنوع ہے۔ چھوٹےکیکڑے، رنگ برنگے گولے(شیل)، اور ساحلی پرندے یہاں عام طور پرنظر آتے ہیں۔ اگر صبح سویرے یا شام کے وقت بیچ پر ٹہلا جائے توکنگ فشر، کرول، اور سائبیا جیسے پرندے آپ کا ساتھ دیتے ہیں۔ کچھ مقامی لوگ ماہی گیری کے لیے یہاں آتے ہیں، جو ایک دلچسپ منظر ہوتا ہے۔ 
یہاں کی اہم سرگرمیاں 
 اگر آپ محض قدرت سے ہمکلام ہونے نہیں بلکہ کچھ ہلکی پھلکی سرگرمیوں کے خواہش مند ہیں تویہاں پر آپ مختلف سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں جن میں سائیکلنگ، ڈرون فوٹوگرافی اور پینٹنگ وغیرہ شامل ہیں۔ 
 یہاں کیسے جائیں ؟
ٹرین سے:اگر آپ ٹرین کے ذریعہ یہاں جانا چاہتے ہیں تو آپ کو کوکن ریلوے کے ذریعہ رتنا گیری تک آنا ہوگا۔ رتنا گیری اسٹیشن سےآرے وارے بیچ تقریباً ۲۵؍تا ۲۸؍کلومیٹر دور ہے۔ اسٹیشن سے آٹو رکشہ، کیب (ٹیکسی) یا کرایے کی گاڑی کے ذریعے بیچ تک پہنچا جا سکتا ہے۔ راستے میں خوبصورت پہاڑی موڑ، کوکن گھاٹ، اور چھوٹے چھوٹے دیہات نظرآتے ہیں۔ 
بس کے ذریعہ : مہاراشٹر اسٹیٹ ٹرانسپورٹ(ایم ایس آر ٹی سی) کی رتناگیری یا گنپتی پلے جانےوالی بسیں ممبئی، پونے، یا کوکن کے دوسرے شہروں سے دستیاب ہیں۔ ممبئی سے شیوشاہی پرکلپ کی بس کے ذریعہ رتنا گیری پہنچ کرآپ کولوکل ٹمپو یا نجی کیب لینا ہوگا۔ 
سڑک کے ذریعہ :اگر آپ ممبئی یا پونے سے ذاتی گاڑی یا بائیک سے جا رہے ہیں توممبئی سے تقریباً۳۳۰؍تا۳۵۰؍کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا ہوگاجس میں ۷؍تا۸؍گھنٹے لگتے ہیں۔ اس کیلئے آپ کو ممبئی سے پنویل، مہاڈ، چپلون، رتناگیری، گنپتی پلے ہوتے ہوئے آرے وارے بیچ پہنچنا ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK