Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھِوپوری آبشار: ایک آبشار جہاں آپ لوکل ٹرین سے جاسکتےہیں

Updated: July 17, 2025, 11:24 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

سینٹرل لائن پر کرجت سے کچھ پہلے آنے والے اسی نام کے اسٹیشن پر اترکر آپ ۲۰؍تا ۳۰؍منٹ کی ہائیکنگ کے ذریعہ یہاں پہنچ سکتے ہیں۔

The beauty of Bhupuri Falls and the pleasantness of the surrounding environment can be gauged from the picture below. Photo: INN
زیر نظر تصویر سے بھوپوری آبشار کی دلکشی اور آس پاس کے ماحول کی خوشگواری کااندازہ لگایا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر کی سرزمین فطرت کے ایسے نادر نظاروں سے بھری پڑی ہے جہاں انسان کے دل و دماغ کو تسکین میسر آتی ہے۔ ان ہی قدرتی تحفوں میں سے ایک ہے بھِوپوری واٹر فال، جو نہ صرف مانسون کی خوشبو کے ساتھ جڑا ہے بلکہ سیاحت، مہم جوئی اور روحانی سکون کا ایک بھرپور امتزاج بھی پیش کرتا ہے۔ 
 ممبئی سےمحض چند گھنٹوں کی مسافت پر واقع بھِوپوری، مغربی گھاٹ کے دامن میں چھپی ہوئی ایک ایسی جادوئی جگہ ہے جو بارش کے موسم میں گویا جنت کا روپ دھار لیتی ہے۔ یہاں کا واٹر فال یعنی اونچائی سےگرتا ہوا شفاف پانی، سرسبز پہاڑوں کی گود، اور پرندوں کی مترنم آوازیں ایک ایسا نظارہ ترتیب دیتی ہیں جو شہر کی ہنگامہ خیزی سے تنگ آئے دل کو سکون بخشتی ہیں۔ 
واٹر فال کی خصوصیات
 بھِوپوری واٹر فال کوئی محض پانی کا بہاؤ نہیں، بلکہ یہ ایک جنگل نما سرسبز علاقے میں بہتا ایک ایسا آبشار ہے جو مانسون کےدوران بھرپور روانی سےبہتا ہے۔ جولائی سے ستمبر تک کا وقت اس آبشار کی بہترین شکل دیکھنے کا ہوتا ہے، جب برسات کے سبب پانی کا بہاؤ بھی بڑھ جاتا ہے اور ارد گرد کی ہریالی اپنی پوری تابناکی کے ساتھ جلوہ گر ہوتی ہے۔ یہاں کے شفاف پانی میں نہانا، چٹانوں پر بیٹھ کر نظاروں کا لطف لینا، یا بس پانی کی آواز میں دل کی باتیں سننا، سب کچھ ممکن ہے۔ واٹر فال تقریباً۳۰؍سے ۴۰؍فٹ اونچا ہے اور نیچے ایک چھوٹا سا قدرتی تالاب سا بن جاتا ہے جہاں لوگ نہاتے اور ٹھنڈک محسوس کرتے ہیں۔ 
مہم جوئی 
 یہ مقام ٹریکرز اور ایڈونچر کے شوقین نوجوانوں کے لیےکسی نعمت سے کم نہیں۔ آسان ہائیکنگ ٹریل ہونےکے باوجود، بارش میں کیچڑ اور پھسلن کے باعث یہ تھوڑا چیلنجنگ بھی بن جاتا ہے، جو ایڈونچر کا لطف دوچند کر دیتا ہے۔ ریپیلنگ یہاں کی سب سے مشہور ایڈونچر ایکٹیویٹی ہے، جس میں آپ حفاظتی رسی کے ساتھ آبشار سےنیچے اترتے ہیں۔ ٹریل واکس، فوٹوگرافی، نیچر آبزرویشن اور پکنک کے لیے بھی یہ ایک شاندار مقام ہے۔ 
سیر و تفریح کا تجربہ
 بھِوپوری واٹر فال کا سفر محض منظر دیکھنے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک روحانی تجربہ بن جاتاہے۔ ممبئی یاپونےکی ہنگامہ خیز زندگی سے چند گھنٹوں کی دوری پرآ کر جب آپ ہریالی میں سانس لیتے ہیں، بارش کی بوندوں سےجسم اور ذہن تر و تازہ ہوتا ہے، تو دل خودبخود شکر کے کلمات ادا کرتا ہے۔ یہاں کا ماحول نہایت پرسکون اور غیر تجارتی ہے، لیکن سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد نے یہاں چند چھوٹے موٹے اسٹالز، چائے والے اور پکوڑے فروشوں کو جنم دیا ہے، جو آپ کے ہائکنگ کے بعد بھوک مٹانے کے لیے کافی ہیں۔ 
احتیاطی تدابیر
• چونکہ یہ مقام بارش میں خاصابھیگتاہےاس لئے یہاں جاتے وقت پھسلنے والےجوتے نہ پہنیں، بلکہ گرِپ والے ہائیکنگ شوز لے جائیں۔ اگر آپ کو تیراکی نہیں آتی توپانی کی دھار کے قریب نہ جائیں ۔ گرمیوں یا سردیوں میں یہاں پانی کا بہاؤ کم ہو جاتا ہے، اس لیےجولائی سے ستمبر کے درمیان ہی آئیں۔ 
 یہاں کیسے جائیں ؟
 بھِوپوری واٹر فال مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع میں واقع ہے، اوربھِوپوری روڈ نامی ریلوے اسٹیشن کے نزدیک ہے، جو سینٹرل ریلوےلائن پر کرجت سے ذرا پہلے پڑتا ہے۔ یہاں پہنچنے کیلئے ممبئی لوکل کی مدد سے آپ سی ایس ایم ٹی یادادرسے براہ راست بھِوپوری روڈ تک کا سفر طے کر سکتے ہیں۔ اسٹیشن سے واٹر فال تک تقریباً ۲۰؍ تا ۳۰؍منٹ کی پیدل چڑھائی ہے، جو ایک معمولی ہائیک ہے لیکن سرسبز مناظر سے لبریز۔ ذاتی گاڑی سے آنے والوں کیلئے کرجت روڈ سے واٹر فال کا راستہ صاف ستھرا اور خوشگوار ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK