Inquilab Logo Happiest Places to Work

کونا آبشار: کھنڈالا کے قریب ہری بھری پہاڑیوں سے گرتا دلکش آبشار

Updated: July 24, 2025, 12:33 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس دلکش اور دلفریب آبشار تک لوناولا ریلوےاسٹیشن سے آسانی سے پہنچا جاسکتا ہے جبکہ سڑک کے ذریعہ یہاں جانا بھی کافی آسان ہے۔

Its water can be seen falling into the pond. Photo: INN
تالاب میں گرتا ہوا اس کا پانی دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

کہا جاتا ہے کہ پہاڑ جب رو پڑے، تو آبشار بنتے ہیں… اور جب فطرت مسکرائے، تو کھنڈالا جیسے مقام بن جاتے ہیں۔ایسا ہی ایک مقام، مہاراشٹر کےسہانبھوت گھاٹوں میں چھپا کونا آبشارہےجو لوناولا اور کھنڈالا کے بیچ واقع قدرت کا ایک مہکتا ہوا نظارہ ہے۔ ایک ایسا جھرنا جو نہ صرف آنکھوں کو بھاتا ہے، بلکہ دل کو بھی بہا لے جاتا ہے۔
کونا آبشار کہاں واقع ہے؟
 کونا آبشار، پونے ضلع میں واقع ہے، جو لوناولا اور کھنڈالا کے بیچ ’کونے ولیج‘کے قریب واقع ہے۔یہ آبشارممبئی،پونےایکسپریس وےسے گزرتے ہوئےصاف دکھائی دیتا ہے، خاص طور پر اگر آپ مانسون میں سفر کر رہے ہوں، تو ایسا محسوس ہوتا ہےجیسے یہ جھرنا جیسے سڑک کے پہلو سے جھانک کر آپ کو سلام کہہ رہا ہو۔
واٹر فال کی خصوصیات
 اس آبشارمیںکئی خصوصیات  پائی جاتی ہیں۔ اس کی سب سے اہم خوبی یہ ہے کہ یہ کافی بلندی سے گرتا ہے۔تقریباً ۲۰۰؍ میٹر (۶۰۰؍فٹ) کی اونچائی سے۳؍سطحوں میںبہتا ہوا یہ آبشار مہاراشٹر کاتیسرا سب سے بلند جھرنا مانا جاتا ہے۔
• جیسا کہ پہلے کہا گیایہ آبشار۳؍ حصوں میں تقسیم ہے، جیسے کسی سازپرنغمہ بکھرتا ہو — اوپر سے پتھروں پر گرنے کے بعد یہ درمیان میں بکھرتاہے اور پھر نیچے جا کر پانی کے تالاب میں ملتا ہے۔
 تصویرکی آنکھ سے دیکھیں، تو یہ آبشار دھند اور سورج کی روشنی میںچمکتا ہوا تاج معلوم ہوتا ہے۔ مانسون میں جب بارش کی بوندیں پتوں پر رقص کرتی ہیں، تب یہ آبشار جیسے قدرت کی قوالی سناتا ہے۔
کیوں جائیں؟
اس آبشار کے قریب جانے کی کئی وجوہات ہیں جن میں سے چند درج ذیل ہیں۔
فطرت سے قربت:یہاں جانے کی پہلی اور اہم وجہ یہ ہے کہ یہ  آبشار کھنڈالا کے سیاحتی ہجوم سے تھوڑا ہٹ کر، یہ مقام سکون، فطری موسیقی اور ہرے بھرے منظر پیش کرتا ہے۔
فوٹوگرافی:یہاں جانے کی دوسری اور اہم  وجہ یہ ہے کہ یہاں آپ کو  کئی چیزیں ایک ساتھ مل جاتی ہیں جیسے کہ یہاں پانی، پہاڑ، درخت، دھند، اور نیلا آسمان ایک ہی جگہ نظر آتے ہیں۔ فوٹوگرافرز کیلئے یہ ایک جیتا جاگتا خواب ہے۔
خاندانی پکنک یا رومانی لمحے:اگر آپ کسی رومانوی سفر یا گھریلو سیاحت کیلئےنکلےہیں تو بھی اس جگہ کا انتخاب کرسکتے ہیں کیوں کہ یہ جگہ نہایت محفوظ، آسان رسائی والی اور پُرکیف ہے۔
 یہاں کیسے جائیں؟
 کونا آبشار مہاراشٹرکےمشہور سیاحتی مقام لوناوالا اور کھنڈالا کے درمیان واقع ہے۔اگر آپ ممبئی، پونے یا مہاراشٹر کے کسی اور شہر سے اس جھرنے کی طرف روانہ ہو رہے ہیں، تو راستہ بالکل آسان، سہل اور خوبصورت مناظر سے بھرا ہوا ہے۔
سڑک کے ذریعے:ممبئی سے سڑک کے ذریعہ یہاں تک کا فاصلہ تقریباً ۸۵؍کلومیٹرہےجسےممبئی پونے ایکسپریس وے کے ذریعہ طے کرنے کیلئے آپ کو تقریباً۲؍گھنٹے درکار ہونگے۔اس کیلئے آپ کوممبئی سے پنویل،کھپولی،کھنڈالا اورلوناوالا ہوتے ہوئےکوناواٹر فال پہنچنا ہوگا۔ ایکسپریس وے پرسفر کے دوران آپ آبشار کو راستے سے ہی دیکھ سکتے ہیں۔آپ اپنی ذاتی گاڑی، رینٹ کی گئی کار،یا Ola/Uber آؤٹ اسٹیشن رائڈ کے ذریعے بھی جا سکتے ہیں۔
ٹرین کے ذریعے:اگر آپ ٹرین کے ذریعہ جانا چاہتے ہیں تو آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ یہاں کاقریب ترین ریلوے اسٹیشن لوناوالا ریلوے اسٹیشن ہےجہاں کئی ٹرینیں رکتی ہیں۔
اسٹیشن سے کونا آبشار تک:لوناولاریلوے اسٹیشن سے کونا آبشار تک کا فاصلہ تقریباً ۳؍ سے ۵؍کلومیٹرہے۔آپ کو آٹو رکشا، ٹیکسی، یا پرائیویٹ کیب مل جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK