لوئر پریل میں واقع مال کے اس اسٹور میں منفرد انداز کے ملبوسات اور مصنوعات ملتی ہیں جنہیں استعمال کرکے آپ دنیا سے مختلف نظر آئیں گے۔
EPAPER
Updated: June 10, 2025, 12:00 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
لوئر پریل میں واقع مال کے اس اسٹور میں منفرد انداز کے ملبوسات اور مصنوعات ملتی ہیں جنہیں استعمال کرکے آپ دنیا سے مختلف نظر آئیں گے۔
آج ہم آپ کیلئے ایک اور منفرد برانڈ کے تعلق سے معلومات لے کر حاضر ہیں۔ اس برانڈ کا نام ’ابراہم اینڈ ٹھاکور ‘ ہے۔ یہ ایک خالص ہندوستانی فیشن برانڈ ہے جو روایت و ہنر کو جدید خطوط پر ڈھالتا ہے۔ ان کی خصوصیت ان کی نفیس کرافٹ، محدود تعداد میں اعلیٰ معیار کی مصنوعات، اور کم مگر یادگار ڈیزائن ہیں۔ ۳۰؍برس سے اب تک یہ پائیداری اور ترقی کے نئے مراحل طے کرتے ہوئے یہاں تک پہنچا ہے۔
برانڈ کا پس منظر
ڈیوڈ ابراہم اور راکیش ٹھاکورنے ۱۹۹۲ءمیں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزائن(این آئی ایف ٹی احمد آباد)سے فارغ التحصیل ہو کر ابراہم اینڈ ٹھاکور کی بنیاد رکھی جس میں بعد میں کیون نگلی بھی شامل ہوگئے۔ لیکن برانڈ کا نام ابراہم اینڈ ٹھاکور ہی ہے۔ ابتدا میں انہوں نےلندن میں دی کونرین شاپ، برائونز، لبرٹی، ہیروڈز، سیلفرج اور لے بون مارشےجیسے اعلیٰ اسٹورز میں ہاتھ سے تیار کردہ اسکارف اور کِیمونو پیش کیے۔
برانڈ کی خصوصیت
برانڈ کی خاص پہچان اس کی نفیس مگر گہری ڈیزائن ہے، جو ہینڈ لومز، بلاک پرنٹ، کالگرافی، کانٹھا اور ایکات جیسےقدیم ہندوستانی ہنر کو جدید اور بین الاقوامی انداز میں پیش کرتا ہے۔ مثلاً ان کا معروف ’ڈبل ایکات ساری‘ وکٹوریہ اور البرٹ میوزیم میں ہمیشہ کے لیےمحفوظ کرکے رکھا گیاہے۔
برانڈ کے اسٹور
اس برانڈ میں ممبئی میں زیادہ اسٹورز تو نہیں بلکہ پورے ملک میں ہی ان کے چند ایک اسٹورز ہیں جن میں دہلی میں ان کے تین اسٹور ہیں جن میں ایک ڈفینس کالونی، دھان مل چھترپوراور تیسرا وسنت کنج میں واقعڈی ایل ایف پرومنیڈ میں۔ اس کے علاوہ حیدرآباد کے بنجارہ ہل میں ایک اسٹور ہے۔
ممبئی میں اس کے اسٹور فنکس پلاڈیم میں واقع ہےجو نہایت عالیشان ہے۔ اس اسٹور کا ڈیزائن آرگینون اسٹوڈیونے تیار کیا، جو سادہ مگر پرتعیش مونوکروم تھیم، چیکری فرش، اور نرم کاٹیجڈ وٹرفال ونڈوز کے ساتھ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آپ یہاں کی مصنوعات آن لائن بھی خرید سکتے ہیں جس کیلئے آپ کو ان کی ویب سائٹ پر جانا ہوگا جس کا پتہabrahamandthakore.com/ ہے۔
یہاں کیا ملتا ہے
یہاں پر خواتین کے ملبوسات کے علاوہ مردوں کے کپڑے اور گھر میں استعمال کے لائق کپڑے بھی خریدے جاسکتے ہیں۔
اس اسٹور میں خواتین کیلئے ڈریسیز، ٹاپس، کرتا، شرٹ، کو آرڈ سیٹ، کفتان، پینٹ، جیکٹ، ساری اور ٹیونکس نامی ملبوسات ملتے ہیں۔ اس کے علاوہ مردوں کیلئے یہاں ٹی شرٹ، جیکٹ، شرٹ، ویسٹ کوٹ، بلیزر، کرتا اور پینٹ جیسے ملبوسات ملتے ہیں۔
گھر میں استعمال کے لائق چیزوں میں یہاں ڈفیوزر، کینڈلز یعنی موم بتیاں، ڈنر ویئر یعنی کھانا کھانے کیلئے استعمال ہونے والے برتن اور دیگر اشیا، فوٹ ویئر یعنی جوتے چپل، اسکارف، آئی ماسک یعنی سونے کیلئے لیٹتے وقت آنکھوں پر لگایا جانے والاماسک تاکہ روشنی آنکھوں میں نہ جائے اور جلدی نیند آجائے، ٹی کوزیز یعنی چائے کےکپ اورکیتلی وغیرہ کے اوپر رکھنے کا کپڑا تاکہ چائے دیر تک گرم رہے اور جلدی ٹھنڈی نہ ہو ، ہینڈ بیگز اور ہاٹ باٹل کورز یعنی گرم بوتل پر لگانے کا کپڑا جس سے بوتل کے اندر کا مائع جلدی ٹھنڈا نہ ہو اور دیر تک گرم رہ سکے۔ اس کے علاوہ یہاں سے سامان خریدتے وقت اپنی مرضی کے متابق چیز منتخب کرنے کیلئے آسانی پیدا کرنے کی غرض سےکئی طرح کے فلٹر دیئے گئےہیں جس میں کئی طرح کے متبادل ہیں جیسے کہ جنس یعنی خواتین کیلئے یا مردوں کیلئے، اس کے علاوہ کیٹیگری، رنگ، کپڑے کا مٹیریل، سائز، قیمت اور دیگر میں سے اپنی پسند کا متبادل منتخب کرسکتے ہیں۔