Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویروموڈا: ہندوستان میں مغربی طرز کے ملبوسات کا اہم مرکز

Updated: May 13, 2025, 11:58 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

ڈنمارک میں ۱۹۸۷ء میں قائم کیا گیا یہ برانڈ پورے یورپ میں مشہور ہے،۲۰۱۰ء سے یہ ہندوستان میں بھی خواتین کو لبھانے کا کام کررہا ہے۔

The Vero Moda store located at Palladium Mall can be seen. Photo: INN
پلاڈیم مال میں واقع ویرو موڈا کا اسٹور دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

 اب تک ہم ہندوستانی طرز کے کئی برانڈز اور اسٹورز کا تعارف ان کالموں میں پیش کرچکے ہیں، آج ایک ایسے اسٹور کا تذکرہ پیش ہے جہاں سے آپ مغربی طرز کے ملبوسات بھی خرید سکتے ہیں۔ اس برانڈ کے اسٹور ممبئی کے کئی مالز اور دیگر مقامات پر موجود ہیں۔ اس برانڈ کا نام’ویروموڈا‘ ہے۔ 
 ویرو موڈا (Vero Moda) ایک معروف یورپی فیشن برانڈ ہے جو خواتین کیلئےجدید، معیاری اور قابلِ استطاعت ملبوسات پیش کرتاہے۔ یہ برانڈ ۱۹۸۷ءمیں ڈنمارک میں قائم ہوا اور۲۰۱۰ءمیں ہندوستان میں متعارف کرایاگیا۔ ویرو موڈا کا مقصد ہر عمر کی خواتین کو روزمرہ کے لباس کو جدید انداز میں پیش کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی شخصیت کا اظہار کر سکیں۔ 
یہاں کی خصوصیت
 ویرو موڈا کم قیمت میں عمدہ کپڑے پیش کرنےکے علاوہ ماحولیات کے تحفظ کیلئے بھی کام کرتا ہے۔ اس نے پائیدار فیشن کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے "AWARE" کلیکشن متعارف کرایا ہے، جس میں استعمال ہونے والے مٹیریل میں ریسائیکلڈ پالیسٹر، آرگینک کاٹن، ریسائیکلڈ کاٹن اورٹینس جیسی چیزیں شامل ہیں۔ یہ کلیکشن دراصل ماحول دوست مٹیریل سے تیار کی گئی ہے، جو فیشن کے ساتھ ساتھ ماحول کی حفاظت کو بھی مدنظر رکھتا ہے۔ 
یہاں کیا ملتا ہے؟
 یہاں خواتین کیلئے مغربی طرز کے تقریباًہر طرح کے ملبوسات ملتے ہیں۔ یہاں ملنے والے ڈریسیز میں ٹاپس اینڈ ٹی شرٹس، ڈریسیز اینڈ جمپ سوٹ، شرٹس، جینز، کوٹ اینڈ جیکٹ، بیلزر، باٹم ویئر، کو آرڈ سیٹ، آئوٹر ویئر، ایتھلیزر، سلیپ ویئر، ایکٹیو ویئر، ایکسیسریز، فوٹ ویئر اور سوئم ویئر دستیاب ہیں۔ 
 اس کے علاوہ ڈریسیز کے تحت شرٹ ڈریس، باڈی کون، فٹ اینڈ فلئیر، جمپ سوٹ، پلے سوٹ، شیتھ، شفٹ، اسکیٹر، منی، میکسی، اور مڈی ڈریسیز بھی یہاں ملتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں پلس سائز یعنی موٹی خواتین کیلئے بھی مختلف سامان دستیاب ہے جس میں ٹاپس اینڈ شرٹس ڈریسیز اینڈ جمپ سوٹ، شرٹ، جینز، جیکٹ، باٹم ویئر، ونٹر ویئر اور ایتھلیزر جیسی چیزیں ملتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں رنگ کی مناسبت سے بھی خریداری کی جاسکتی ہے۔ 
خریداری کہاں کریں ؟
 جیساکہ پہلے ہی کہا گیا، ممبئی میں اس کے کئی اسٹور موجود ہیں جو کہ اکثر مالز میں واقع ہیں۔ اس کا ایک اسٹور گھاٹکوپر میں واقع آر سٹی مال میں ہے، دوسرا لوئرپریل میں واقع فنکس پلاڈیم مال میں ہے جسے حال ہی میں حال ہی میں تزئین و آرائش کے بعد دوبارہ کھولا گیا۔ اس کی آرائش میں ماحول دوست سامان جیسے کہ مٹی کی فنشنگ اورایل ای ڈی لائٹنگ کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس اسٹور کا رقبہ ۲؍ہزار ۲۷۵؍مربع فٹ ہے۔ اس کا ایک اسٹور لنکنگ روڈ سانتا کروز میں ہے۔ یہ تین منزلہ اسٹور ہے جس میں ویرو موڈا کے ساتھ جیک اینڈ جونز، اور اونلی برانڈزکے اسٹور بھی موجودہیں۔ ویرو موڈا کا سیکشن گراؤنڈ فلور پر واقع ہے۔ گوریگائوں میں ہائی وے پر واقع اوبرائے مال میں بھی اس کا اسٹور ہے۔ اس کے علاوہ ملاڈ کے انفنیٹی مال میں بھی اس کا اسٹور ہے جبکہ ملاڈ ہی کے اِن آربٹ مال میں اس کا اسٹور ہے۔ واشی کے ان آربٹ میں بھی اس کا اسٹور ہے۔ کرلا کے فنکس مارکیٹ سٹی میں بھی اس کا اسٹور ہے۔ جبکہ باندرہ میں واقع جیو ولڈ ڈرائیو میں بھی اس کا اسٹورہے۔ ممبئی کے حدود سے باہر تھانے کےویویانا مال، نوی ممبئی کے سی ووڈ علاقے میں واقع نیکسس مال میں بھی اس کا اسٹور دستیاب ہے۔ 
 ان اسٹور کے علاوہ آپ یہاں کی مصنوعات آن لائن بھی خرید سکتے ہیں جس کیلئے www.veromoda.in/ نامی اس کی ویب سائٹ موجود ہے جبکہ آجیو، منترا، امیزون اور فلپ کارٹ جیسے آن لائن اسٹورز سے بھی یہاں کے مصنوعات خریدے جاسکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK