یہاں کے دلکش مقامات میں میزورم اسٹیٹ میوزیم،ڈرٹلنگ پہاڑیاں، آئیزول زولوجیکل پارک ،کے وی پیراڈائز اور بڑا بازار شامل ہیں۔
ریئیک ہیریٹیج ولیج میں پرانے طرز کے مکان دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
آئیزول میزورم کی پہاڑی دارالحکومت ہے، جو تقریباً ایک ہزارمیٹر کی بلندی پر ایک لمبی، پتلی پہاڑی رِج پر آباد شہر ہے۔ یہ مِزو قبیلے کی تہذیب،چرچوں، پہاڑی مناظر، مقامی بازاروں اور قریبی گاؤں و فطری وادیوں کے امتزاج کی وجہ سے سیاحت کے لیے دل کش مرکز مانا جاتا ہے۔
میزورم اسٹیٹ میوزیم
آئیزول کے وسط میں واقع میزورم اسٹیٹ میوزیم مِزو اور دیگر قبائل کی تاریخ و ثقافت کو سمجھنے کے لیے بہترین نقطۂ آغاز ہے۔ یہاں قبائلی لباس، روایتی زیورات، بانس و لکڑی کے ہنر، جنگی ہتھیار، موسیقی کے آلات اور قدیم تصاویر محفوظ ہیں، جن سے ریاست کے سماجی و ثقافتی ارتقا کا اندازہ ہوتا ہے۔ یہ میوزیم سیاحوں کو بتاتا ہے کہ کس طرح اس خطےکے لوگوں نے فطرت کے ساتھ ہم آہنگ ہوکر اپنی تہذیب کو پروان چڑھایا۔
ڈرٹلنگ پہاڑیاں
آئیزول کےشمال میں ڈرٹلنگ پہاڑیاںواقع ہیں، جہاں سے پوراشہر ایک ساتھ دکھائی دیتا ہے۔ یہاں تک کہ سڑک اور ہلکی ٹریکنگ دونوںراستےنظر آتے ہیں۔ اوپر سے پہاڑی ڈھلوانوں پر جڑے مکانات،نیچے وادیاں اور دور تک پھیلے جنگلات فوٹو گرافی اور غروبِ آفتاب دیکھنے کے لیے نہایت موزوں ہیں۔
بڑا بازار
بڑا بازارآئیزول کا روایتی تجارتی مرکز ہے، جہاں رنگ برنگے قبائلی کپڑے، بانس و لکڑی کی دست کارانہ مصنوعات، تازہ سبزیاں، پہاڑی مسالے اور روزمرہ استعمال کی اشیا زیادہ تر مقامی خواتین کے اسٹالز پر فروخت ہوتی ہیں۔یہاں مِزو تھالی، بمبو شوٹ پر مبنی پکوان اور دیگر مقامی ذائقے بھی آزمائے جا سکتے ہیں۔ قریب ہی ملینیم سینٹرنسبتاً جدید شاپنگ کمپلیکس ہے، جہاں نوجوانوں کا رش، کیفے اور برانڈڈ اشیا دستیاب ہیں۔
کے وی پیراڈائز
کے وی پیراڈائزکو اکثر ’میزورم کا تاج محل‘ کہا جاتا ہے۔ یہ ایک مقامی شخص نےاپنی مرحومہ اہلیہ کی یاد میں تعمیر کروایا۔۳؍ منزلہ، سفید و ہلکےگلابی رنگ کی یہ عمارت پہاڑی ڈھلان پر بنی ہے۔اندر و باہر سنگِ مرمر نما فرش، سیڑھیاں اوربالکونیاں ہیں، جو خصوصاً غروبِ آفتاب کے وقت بہت دلکش دکھائی دیتی ہیں۔ اس کی اصل کشش اس کے پیچھے موجود محبت اور وفا کی کہانی ہے، جو تاج محل کی روایت کی ایک مقامی جھلک پیش کرتی ہے۔
ریئیک ہیریٹیج ویلج
آئیزول سے تقریباً ایک گھنٹے کی ڈرائیو پرریئیک ہیریٹیج ولیج ہے، جو ایک ’ہیریٹیج مِزو گاؤں‘ کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ یہاں روایتی مِزوگھروں، کھیتوں، روزمرہ آلات اور رسم و رواج کا عملی نمونہ دیکھا جا سکتا ہے۔ گاؤں کے پیچھے ریئیک چوٹی تک آسان-درمیانی سطح کی ٹریکنگ ہے۔ چوٹی سے اردگرد کی پہاڑی وادیاں اور صاف دنوں میں بنگلہ دیش کے میدانی علاقے تک دیکھے جانے کا ذکر ملتا ہے۔
آئیزول زولوجیکل پارک
یہ شہر سے باہر ایک جنگل نما حصے میں واقع ہے، جہاں ریاست کےمخصوص جانور اور پرندے رکھے گئے ہیں۔بچوں کے ساتھ فیملی وزٹ کے لیے موزوں جگہ ہے۔ اسی طرح لالسَوُنگا پارک اور انفنیٹ اینان پارک جیسےتفریحی اور سیاحتی نقطہ نظر سے اہمیت کے حامل مقامات میں زپ لائن جیسی تفریحی سرگرمیاں، ویو پوائنٹ اور دیگر آؤٹ ڈور سرگرمیاں موجود ہیں۔
سولومون ٹیمپل
آئزول کا سولوومن ٹیمپل ایک عظیم الشان مذہبی عمارت ہے جو نہ صرف عیسائی برادری بلکہ عام سیاحوں کے لیے بھی کشش رکھتی ہے۔ سفید رنگ کی یہ وسیع عمارت شہر کے حسن میں اضافہ کرتی ہے۔ یہاں کا پُرسکون ماحول، ترتیب و صفائی اور نظم و ضبط آئزول کی مجموعی تہذیب کی جھلک پیش کرتا ہے۔ یہ آئیزول کے مضافات میں ایک اونچی جگہ پر واقع شاندار سفید چرچ ہے، جسے کوہران تھیانگلم گروپ نے یروشلم کے ہیکلِ سلیمانی سےمتاثر ہو کر تعمیر کیا۔اس کا ۴؍رخا احاطہ، ستون، مرکزی ہال اور پہاڑی پس منظر مل کر اسے شہر کے منفرد لینڈ مارکس میں بدل دیتے ہیں، خاص طور پر شام کے وقت روشنیوں میں ڈوبی عمارتےدیکھنے لائق ہوتی ہے۔