• Sat, 18 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اجوبا گڑھ: سہیادری پہاڑی پر واقع سرسبز اور پرفضا مقام

Updated: October 02, 2025, 9:43 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

قلعہ اب کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ہے لیکن قدرتی حسن اور پر لطف ماحول سے سیاحوں کا دل موہ لیتا ہے، یہ قلعہ خصوصی طورپر ٹریکنگ کیلئے مشہور ہے.

The view of the Ajobagad mountain from a distance looks picturesque. Photo: INN
اجوبا گڑھ کے پہاڑ کی دور سے لی گئی تصویر میں منظر دلکش نظر آرہا ہے۔ تصویر: آئی این این

 مہاراشٹر کی گھاٹیوں اورسہیادری پہاڑیوں میں کئی ایسے قلعے بکھرے پڑے ہیں جو نہ صرف تاریخ کےگواہ ہیں بلکہ اپنے اندر لوک کہانیوں اور روحانی پہلوؤں کو بھی سموئے ہوئے ہیں۔ انہی قلعوں میں سے ایک ہے اجوبا گڑھ قلعہ، جسے عام طور پر Ajobagad Fort کہا جاتا ہے۔ یہ قلعہ ظاہری طور پر زیادہ بڑا یا فوجی نوعیت کا نہیں ہے لیکن اس کی اہمیت اس کے اردگرد کی داستانوں اور قدرتی حسن کی وجہ سے ہے۔
محلِ وقوع اور جغرافیہ
 اجوباگڑھ قلعہ مہاراشٹر کے ضلع تھانے کے شاہ پورتعلقہ میں واقع ہے۔ یہ قلعہ سہیادی پہاڑی سلسلے کی ایک بلند چوٹی پر قائم ہے جس کی بلندی تقریباً۴۵۰۰؍فٹ مانی جاتی ہے۔ اس قلعے کے دامن میں دہنےنامی گاؤں بسا ہوا ہے جو یہاں آنے والے ٹریکروں اور سیاحوں کے لیے بنیادی مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔ قلعہ گھنے جنگلات اورپہاڑی سلسلوں کے درمیان واقع ہے اور اسی لیے اس کا ماحول سرسبز اور پُرکشش دکھائی دیتا ہے۔
  یوں تو قلعے کے آثار اب کھنڈر کی شکل میں ہیں، لیکن اس کے ساتھ جڑی کہانیاں اور عقیدت آج بھی زندہ ہے اور یہی اس جگہ کو الگ پہچان دیتی ہیں۔
موجودہ صورتحال
 اجوبا گڑھ قلعے میں فوجی طرز کی بڑی دیواریں، توپیں یا وسیع و عریض محلات نہیں ملتے۔ یہ جگہ زیادہ تر روحانی اور فطری اعتبار سے اہم ہے۔ یہاں چند غاریں، چھوٹے ڈھانچے اور آشرم موجود ہیں۔ پہاڑ کی چوٹی سے نیچے جنگلوں اور وادیوں کا منظر دل کو مسحور کر دیتا ہے۔
قدرتی حسن اور ماحول
 اجوبا گڑھ کا اصل حسن اس کے قدرتی ماحول میں پوشیدہ ہے۔ گھنے جنگلات، ندیاں، چشمے اور پرندوں کی مختلف نسلیں یہاں کے مناظر کو جادوئی بنا دیتی ہیں۔ یہاں کی ہوا نم اور خوشگوار ہے، خاص طور پر برسات کے موسم میں جب پہاڑیاں دھند سے لپٹی ہوتی ہیں اور ہر طرف سبزہ ہی سبزہ دکھائی دیتا ہے۔ ایک سائنسی تحقیق میں یہاں کے جنگلات میں ۸۵؍ سے زیادہ اقسام کے پرندے درج کیے گئے ہیں، جو اس خطے کی حیاتیاتی اہمیت کو اور بڑھا دیتے ہیں۔
ٹریکنگ اور سیاحت
 یہ قلعہ خاص طور پر ٹریکنگ کے شوقین افراد کے لیے جنت ہے۔ دہنے گاؤں سے شروع ہونے والا راستہ جنگلوں اور پہاڑی چڑھائیوں سے گزرتا ہوا قلعے تک جاتا ہے۔ اوپر پہنچنے میں تقریباً ۲؍ تا۳؍ گھنٹے لگتے ہیں اور یہ راستہ درمیانی درجے کی مشکل کا حامل ہے۔
 سب سے اچھا وقت اکتوبر سے فروری تک کا ہے جب موسم خوشگوار ہوتا ہے۔ برسات کے دنوں میں یہاں کی خوبصورتی کئی گنا بڑھ جاتی ہے لیکن راستے پھسلنے کے باعث خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس لیے محتاط رہنا ضروری ہے۔
یہاں کیسے پہنچیں؟
ریل کے ذریعے:یہاں کاقریب ترین ریلوے اسٹیشن آسن گاؤں ہے جوسینٹرل ریلوے لائن پر پڑتا ہے۔یہاں سے مقامی گاڑی یا جیپ کے ذریعے دہنے گاؤں جانا پڑتا ہے جو قلعے کے دامن میں واقع ہے۔ممبئی (سی ایس ایم ٹی، دادر یا تھانے) سے با آسانی آسن گاؤں کے لیے لوکل ٹرینیں دستیاب ہیں۔
سڑک کے ذریعے:ممبئی سےجانے والے مسافر ممبئی ناسک ہائی وے(این ایچ ۱۶۰) کے راستے۔آسن گاؤںیا شاہ پورپہنچ سکتے ہیں اس کے بعد چھوٹے راستے سے دہنے گاؤں تک جا سکتے ہیں۔دہنے گاؤں ہی وہ  پوائنٹ ہے جہاں سے قلعے کی ٹریکنگ شروع ہوتی ہے۔
ٹریکنگ:دہنے گاؤں سے پیدل ٹریک شروع ہوتا ہے جو گھنے جنگلات، پہاڑی ڈھلوانوں اور چھوٹے چشموں سے گزرتا ہے۔یہ راستہ تقریباً۶؍تا۷؍کلومیٹر لمبا ہے۔اوپر تک پہنچنے میں عام طور پر۲؍ سے ۳؍ گھنٹے لگتے ہیں، البتہ یہ آپ کی رفتار اور موسم پر منحصر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK