مرکزی خیال تو منفرد ہے لیکن اسے صحیح ڈھنگ سے پیش نہیں کیا جاسکا،ابتدائی طور پر کہانی عمدہ محسوس ہوتی ہے لیکن آگے چل کرکئی سوال پیدا ہوتے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 1:45 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
مرکزی خیال تو منفرد ہے لیکن اسے صحیح ڈھنگ سے پیش نہیں کیا جاسکا،ابتدائی طور پر کہانی عمدہ محسوس ہوتی ہے لیکن آگے چل کرکئی سوال پیدا ہوتے ہیں۔
اکّا (Akka)
*اسٹریمنگ ایپ :نیٹ فلکس(۵؍ایپی سوڈ)
*اسٹار کاسٹ:کیرتی سریش، رادھیکا آپٹے،انشومان پشکر، پورنیما اندرجیت، وشاک نائر، پوجا موہن راج، بی جے شری
*ڈائریکٹر:دھرم راج شیٹی
*رائٹر:عباس دلال، حسین دلال، دھرم راج شیٹی،ابھیشیک بومنا
*پروڈیوسر:آدتیہ چوپڑا، یوگیندر موگرے، اکشے ودھانی
*موسیقار:جان اسٹیوارٹ ایڈوری
*ایڈیٹر:شیبا باگچی، سنیوکت کازا
*پروڈکشن ڈیزائن:لکشمی کیلوسکر
*ریٹنگ:***
یہ بھی پڑھئے: چار یار: دوستی، لالچ اور جرائم کی دنیا کی کہانی جو بھرپور تفریح فراہم کرتی ہے
عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اگر اقتدار کی باگ ڈور خواتین کےہاتھوں میں ہو یا طاقتور عہدوں پر ان کی زیادہ نمائندگی ہو تو معاشرہ بہتر ہوسکتا ہے، کیونکہ خواتین میں رحم دلی، ہمدردی اور دوسروں کی بھلائی کے بارے میں سوچنے جیسے جذبات فطری طور پر موجود ہوتےہیں۔ خواتین کی حکمرانی پر مبنی ایک فرضی ریاست ’پیرنور‘ کے گرد گھومنے والی ویب سیریز ’اکّا‘ کی بنیاد بھی شاید اسی تصور پر رکھی گئی ہے۔ سیریز کے آغاز میں ریاست کی سربراہ یعنی اکّا یہ کہتے ہوئے نظر آتی ہے کہ پیرنور کی خوشحالی اور ہندوستان کی دیگر ریاستوں کے مقابلے میں اس کی شرح خواندگی کا نو گنا بہتر ہونا، یہاں رائج مادری نظامِ حکومت کا نتیجہ ہے۔ایسے میں یہ سمجھنا مشکل ہوجاتا ہے کہ آخر یہ خوشحال اور تعلیم یافتہ ریاست سونے کی اسمگلنگ اور شراب کے کاروبار کے لیے کیوں مشہور ہوگئی؟ وہاں کی خواتین ڈاکٹر، وکیل اور سائنس داں بننے کے بجائے بندوق اور خنجر چلانے تک کیوں محدود ہوکر رہ گئیں؟ پیرنور کا یہی زوال نیٹ فلکس کی اس نئی کرائم تھرلر ویب سیریز کی سب سے بڑی کمزوری ہے۔
کہانی
کہانی ایک فرضی ریاست پیرنور کی ہے۔یہاں حکومت مرد نہیں بلکہ خواتین چلاتی ہیں اور تخت پر بیٹھنے والی سربراہ کو ’اکّا‘ کہا جاتا ہے۔اس کی جانشین بھی بیٹیاں ہی بنتی ہیں۔ ریاست کی موجودہ سربراہ مُتکّا (تنوی اعظمی) کی بیٹی بھوانی (کیرتی سریش) کاروبار کی باگ ڈور سنبھال رہی ہے۔ اسی دوران ممبئی کے اسمگلر شنکر اَنّا (مہیش مانجریکر)کی منظورِ نظر رودرا (رادھیکا آپٹے) اسمگلنگ کا سامان ساحل پر اتارنے کے بہانے پیرنور میں داخل ہوتی ہے۔تاہم رودرا کااصل مقصد پیرنور میں بہنوں کی حکمرانی ختم کرنا اور مُتکّا کو تباہ کرنا ہے۔ آخر اس کے پیچھے کیا وجہ ہے؟ کیا وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوپاتی ہے؟ ان سوالات کے جواب جاننے کیلئے سیریز دیکھنی ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: دوپہیہ۲: گائوں کی سیدھی سادی زندگی سے بڑے مسائل تک پیش کرتی ہے
ہدایت کاری
اگرچہ دھرم راج شیٹی کی ہدایت کاری میں تخلیق کی گئی اس ویب سیریزکی دنیا کافی منفرد، نئی اور دلچسپ ہے۔ تخیل کے اعتبار سے پیرنور کو ’گیم آف تھرونز‘ کی طرز پر ۳؍علاقوں، پرپلاڈی، ہیرکڑا اور ملےبار گھرانوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہاں اکّا کے لیے بنائے گئے قوانین بھی خاصے دلچسپ ہیں۔مثلاً وہ کبھی شادی کے بندھن میں نہیں بندھ سکتی، لیکن اس کے لیے ایک بیٹی کی ماں ہونالازمی ہے، خواہ اس نےبیٹی کو گود ہی کیوں نہ لیا ہو۔ یروما اور کتھوا جیسی قبائلی برادریوں کی ذیلی کہانیاں بھی مرکزی قصے کے ساتھ جوڑی گئی ہیں۔ لیکن کمزور اسکرین پلے کی وجہ سے یہ ساری کوشش محض کاغذی کارروائی محسوس ہوتی ہے۔ہم دیکھتے ہیں کہ رودرا پلک جھپکتے ہی بھوانی اور پیرنور کی بنیادیں ہلا کر رکھ دیتی ہے، لیکن اس سے یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ آخر ۸۰۰؍سال تک حکومت کرنے والی یہ جنگجو خواتین اتنی کمزور کیسے ہوسکتی ہیں؟ ایک سنار کے قتل سے سونے کا پورا کاروبار ٹھپ ہوجاتا ہے اورمٹھی بھر لوگوں کے مارے جانے سے پوری سلطنت بکھرنے لگتی ہے۔یہ واقعات قابلِ یقین محسوس نہیں ہوتے۔ اسی طرح بھوانی کو اس کی رعایا کے سامنے ہتھکڑی پہنا کر لے جایا جاتا ہے، لیکن احتجاج کرنا تو دور، کوئی ایک لفظ تک نہیں بولتا۔مُتکّا اور بھوانی کے کرداروں میں نہ تو وہ بہادری دکھائی دیتی ہے، نہ دانش مندی اور نہ ہی عوام کی بھلائی کا جذبہ، جس سے ناظرین کے دل میں ان کے لیے عزت یا اپنائیت پیدا ہوسکے۔ اس کے مقابلے میں رودرا کے کردار میں کچھ تہیں ضرور موجود ہیں، لیکن اسے بھی بستر اور بندوق کے درمیان محدود کردیاگیا ہے۔ ہاں، پردے پر اسے دلکش انداز میں پیش کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی ہے۔
اداکاری
اداکاری کی بات کریں تو ساڑی اور زیورات میں سجی کیرتی سریش خوب صورت نظر آنے کے ساتھ اپنی اداکاری سے بھی سب پر سبقت لے جاتی ہیں۔ان کی مضبوط اسکرین پریزنس اور اداکاری اس ویب سیریز کا سب سے نمایاں اور مضبوط پہلو ہے۔ رادھیکا آپٹے بھی اپنا اثر چھوڑتی ہیں، لیکن کئی مقامات پر ان کے مکالموں میں وہ جذباتی گہرائی نظر نہیں آتی جس کی ان کے کردار سے توقع تھی۔ کیرتی اور رادھیکا کے آمنے سامنے کے مناظر خاصے مؤثر ہیں۔ تنوی اعظمی اپنے تجربے سے سیریز کو مضبوطی فراہم کرتی ہیں۔ انشومان پشکر کی اداکاری البتہ معمول کے مطابق ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بکیتی۲: متوسط طبقے کے ایک خاندان کے مسائل اور مشاغل پیش کرتی ہے
نتیجہ
کیرتی سریش کے مداح انہیں ایک مضبوط اور منفرد کردار میں دیکھنے کے لیے یہ ویب سیریز دیکھ سکتے ہیں۔