• Sun, 08 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چار یار: دوستی، لالچ اور جرائم کی دنیا کی کہانی جو بھرپور تفریح فراہم کرتی ہے

Updated: November 08, 2026, 11:28 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہ سیریز تفریح تو فراہم کرتی ہے، لیکن کہانی پیش کرنے کے انداز میں تسلسل اور ربط کی کمی اسے ایک سنسنی خیز تھرلر بننے نہیں دیتی ۔

Priyank Mehta, Saqib Ayub, Puru Jha, and Naman Jain can be seen in a scene from the web series `Chaar Yaar`. Photo: INN
ویب سیریز’چار یار‘ کےایک منظر میںپریانک مہتا،ثاقب ایوب،پورو جھا اور نمن جین کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

چار یار (Chaar Yaar)
اسٹریمنگ ایپ: ایمیزون پرائم ویڈیو(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: پریانک مہتا،ثاقب ایوب،پورو جھا، نمن جین، سائی تمہنکر،سکندرکھیر، دبیندو بھٹاچاریہ، راجیش تیلنگ
ڈائریکٹر: ونئے وائیکل
رائٹر: حسین زیدی، ونئے وائیکل، سوربھ ساونت، سمبت مشرا
پروڈیوسر: نیرج ناگرسیٹھ، پرنتی ناگرسیٹھ، شیام پی ایس
موسیقار: آیوش مشرا، نلن ونایک
سنیماٹوگرافر: سومک مکھرجی lایڈیٹر:گورو اگروال
پروڈکشن ڈیزائن: اپوروا بھگت، نکھل کووالے
ریٹنگ:***
مشہور یوٹیوبر پورَو جھا کی اداکاری سے سجی ویب سیریز ’چار یار‘ او ٹی ٹی پلیٹ فارم ایمیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوئی ہے۔ ایک چوری شدہ ونٹیج کاراور اس کے بعد ہونے والی کار چوری کی وارداتوں کے گرد گھومتی یہ سیریز ایک دلچسپ کرائم ڈراما بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔۲۰۰۰ءکی دہائی کے ابتدائی برسوں کے ممبئی کے پس منظر میں بنائی گئی۸؍ اقساط پر مشتمل یہ سیریز دکھاتی ہے کہ کس طرح مالی تنگی اور بہتر زندگی کے خواب عام لوگوں کو جرائم کی دنیا میں دھکیل دیتے ہیں۔
کہانی 
اس ویب سیریز کی کہانی متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ۴؍ دوستوں جےگالا (پریرک مہتا)، ٹونی گومس (ثاقب ایوب)، ساحل شیخ (پورَو جھا) اور سمیر خلجی (نمن جین) کے گرد گھومتی ہے۔ یہ چاروں دوست جلد امیر ہونے اور زیادہ پیسہ کمانے کے چکر میں ایک مہنگی ونٹیج کار چوری کرلیتے ہیں۔ بہتر زندگی حاصل کرنے کا یہ مختصر راستہ جلد ہی کار چوری کی وارداتوں کے ایک خطرناک سلسلے میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں ان کا سامنا ممبئی کے جرائم پیشہ افراد اور پولیس سے ہوتا ہے۔ ان کی تلاش کی ذمہ داری انسپکٹر سُمتی بھالے راؤ (سائی تامہنکر) کے سپرد ہوتی ہے۔
جیسے جیسے ان چاروں دوستوں کے منصوبے ناکام ہونے لگتے ہیں، انہیں جرائم کی ایسی دنیا کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو ان کی عام زندگی سےبالکل مختلف ہے۔ اب یہ چاروں اس مشکل صورت حال سے کس طرح نکلتے ہیں اور ان کی کہانی کیا رخ اختیار کرتی ہے، یہ جاننے کے لیے ویب سیریز دیکھنا ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: دوپہیہ۲: گائوں کی سیدھی سادی زندگی سے بڑے مسائل تک پیش کرتی ہے

ہدایت کاری
’چار یار‘ دوستی، بلند عزائم اور مجبوری میں کیے گئے فیصلوں کے نتائج کی کہانی ہے۔چاروں دوستوں کی الگ الگ شخصیتیں کہانی میں مزاح، اختلافات اور باہمی تال میل کے کئی مواقع پیدا کرتی ہیں۔ ان کے درمیان ہونے والی گفتگو سیریز میں اپنائیت پیدا کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے باہمی تعلقات اور ایک دوسرے کے ساتھ گزارے گئے لمحات جرائم پر مبنی کہانی کے مقابلے میں زیادہ دلچسپ محسوس ہوتے ہیں۔ تاہم، سیریز میں یہ بات واضح نہیں کی گئی کہ یہ چاروں اتنے گہرے دوست کیسے بنے۔ ان کے تعلقات کا جذباتی پس منظر سامنے نہ آنے کی وجہ سے ناظرین کے لیے ان کی گہری دوستی سے خود کو جوڑ پانا مشکل ہوجاتا ہے۔سمبت مشرا اور سوربھ ساونت پر مشتمل مصنفین کی ٹیم کئی کرداروں اور الگ الگ ذیلی کہانیوں کے درمیان توازن قائم کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ ابتدائی اقساط میں کرداروں کو متعارف کروانے اور ان کی شخصیت سمجھانے میں کافی وقت صرف ہوجاتا ہے، جس کے باعث کہانی کی رفتار سست پڑ جاتی ہے۔ تاہم، جب یہ دوست جرائم کی دنیا میں قدم رکھتے ہیں تو کہانی میں کچھ تیزی آتی ہے۔ خطرات میں اضافہ اور پولیس و چوروں کے درمیان آنکھ مچولی کچھ وقت کے لیے تجسس اور سنسنی پیدا کرتی ہے۔ لیکن بار بار کار چوری کی وارداتوں، پولیس کی تفتیش اور تصادم کے مناظر رفتہ رفتہ اپنا اثر کھونے لگتے ہیں۔
اداکاری
ویب سیریز میں فنکاروں کی اداکاری مجموعی طور پر اچھی ہے۔ چاروں مرکزی کرداروں کے درمیان فطری تال میل دیکھنے کو ملتا ہے۔پریرک مہتا نے جے کا کردار عمدگی سے نبھایا ہے، جو چاروں دوستوں میں سب سے زیادہ سمجھ دار ہے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ثاقب ایوب نے ٹونی کے کردار میں بھرپور توانائی دکھائی ہے، جب کہ پورَو جھا نے ساحل کا کردار ادا کیا ہے جو کسی بھی بات پر زیادہ غور کیے بغیر خطرہ مول لینے اور جلد پیسہ کمانے کی کوشش کرتا رہتا ہے۔نمن جین نے سمیر کے کردار میں شرارت اور شوخی کا رنگ بھرا ہے۔تاہم، معاون فنکاروں کے کرداروں کو تحریر کرتے وقت مصنفین نے اتنی توجہ نہیں دی۔ سکندر کھیر (امتیاز)، دیبیندو بھٹاچاریہ (بابو) اور چنکی پانڈے (شرد ناگرے) کے کرداروں میں وہ خوف اور دبدبہ دکھائی نہیں دیتا جس کی توقع انڈرورلڈ کے بڑے ناموں سے کی جاتی ہے۔راجیش تیلنگ نے بدعنوان انکاؤنٹر اسپیشلسٹ دلیپ وانکھیڑے کے کردار میں زبردست اداکاری کی ہے۔
نتیجہ
مجموعی طور پر اس ویب سیریز میں ایک بہترین کرائم کامیڈی بننے کی پوری صلاحیت موجود تھی، لیکن کہانی میں ربط اور مضبوطی کی کمی نے اسے ایک اوسط درجے کی سیریز بناکر رکھ دیا ہے۔اگر آپ دوستی اور جرائم پر مبنی کہانیاں پسند کرتےہیں تو اسے دیکھ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK