• Mon, 02 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دوپہیہ۲: گائوں کی سیدھی سادی زندگی سے بڑے مسائل تک پیش کرتی ہے

Updated: November 01, 2026, 11:31 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ مزاح کے ساتھ اس میں جذبات اور زندگی کی تلخ حقیقتوں کو بھی خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔

Gajraj Rao, Anjuman Saxena, Sparsh, and Shivani can be seen in a scene from the web series `DuPahiya 2`. Photo: INN
ویب سیریز’دوپہیہ ۲‘ کےایک منظر میں گجراج رائو، انجمن سکسینہ، اسپرش اور شیوانی کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

دو پہیہ ۲ (Dupahiya 2)
اسٹریمنگ ایپ: ایمیزون پرائم ویڈیو(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: گجراج رائو، اسپرش شریواستو، رینوکا شہانے، شیوانی رگھوونشی، بھوون اروڑا، انجمن سکسینہ، چندن کمار
ڈائریکٹر: سونم نائر
رائٹر: اویناش نائر، چراغ گرگ، سلونا جوشی، شبھ شیوداسانی
پروڈیوسر: سلونا جوشی، شبھ شیوداسانی
موسیقار: سومیش ساہا، جیری سلویسٹر ونسینٹ
سنیماٹوگرافر: پیوش پٹی
ایڈیٹر: چندرشیکھر پرجاپتی
آرٹ ڈائریکٹر: اشیش کمار
کاسٹیوم ڈیزائنر: ویرا کپور
پروڈکشن ڈیزائن: پرشانت رے، شردھا واسو گاواڑے
ریٹنگ:***
ویب سیریز ’دوپہیہ‘ کےپہلے سیزن میں دھڑک پور گاؤں کی دیہی زندگی، وہاں کے لوگوں کے خوابوں ، پریشانیوں اور سماجی حالات کو ہلکے پھلکے مزاح کے ساتھ اس انداز میں پیش کیا گیا تھا کہ اس نے ناظرین کے درمیان اپنی الگ پہچان بنا لی۔ اب ’دوپہیہ سیزن۲؍‘ اسی کہانی کو آگے بڑھاتے ہوئے موبائل ٹاور، امتحانی پرچوں کے افشا ہونے، توہم پرستی اور سوشل میڈیا جیسے موجودہ دور کے مسائل کو بھی اپنے دائرے میں شامل کرتا ہے۔ 
کہانی 
کہانی ایک بار پھر دھڑک پور گاؤں سے شروع ہوتی ہے، جہاں بنواری لال جھا (گجراج راؤ) اور اس کا خاندان گزشتہ حالات کی ہلچل کےبعد اپنی زندگی کو دوبارہ سنبھالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ملازمت چھوٹ جانے کے بعد بنواری کے لیے گھر کا خرچ چلانا ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ ایسے میں اپنی بنجر زمین پر موبائل ٹاور لگانے کی پیشکش اسے آمدنی کا ایک اچھا ذریعہ دکھائی دیتی ہے، لیکن گاؤں والوں کو اس ٹاورمیں ترقی سے زیادہ خطرات نظر آتے ہیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے افواہوں کا بازار گرم ہوجاتا ہے اور لوگ موبائل ٹاور کو نامردی، ٹائیفائڈ بلکہ سونامی جیسی آفات کا سبب قرار دینے لگتے ہیں۔ 
گاؤں کی سرپنچ پشپ لتا (رینوکا شہانے) بھی اس منصوبے کی مخالفت شروع کردیتی ہیں۔ موبائل ٹاور کا معاملہ پورے گاؤں میں تنازع اور سیاست کا سبب بن جاتا ہے۔ دوسری طرف بنواری کی بیٹی روشنی(شیوانی رگھوونشی) ایس ایس سی کے امتحان کی تیاری میں مصروف ہے۔ منگنی ٹوٹ جانے کے بعد اس کیلئے یہ امتحان صرف ملازمت حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ خود کو ثابت کرنے کا ایک چیلنج بھی بن چکا ہے۔ امتحان میں چند ہی دن باقی ہیں اور مسلسل محنت کے باوجود اسے اپنی کامیابی کے بارے میں تشویش لاحق ہے۔ ایسے وقت میں اماوس (بھون اروڑہ) اس کا حوصلہ بڑھاتا ہے۔ اس طرح یہ سیریز موبائل ٹاور کے خلاف گاؤں میں پھیلنے والی افواہوں ، امتحان، پرچہ افشا کرنے والے گروہ، محبت، خاندانی رشتوں ، گاؤں کی سیاست اور بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے درمیان کہانی آگے بڑھتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بکیتی۲: متوسط طبقے کے ایک خاندان کے مسائل اور مشاغل پیش کرتی ہے

ہدایت کاری
ہدایت کارہ سونم نائرنے پہلے سیزن کی طرح دوسرے سیزن میں بھی گاؤں اور چھوٹے شہروں کی زندگی کی تضادات اور ناہمواریوں سے مزاح پیدا کرنے کا بنیادی انداز برقرار رکھا ہے۔ کہانی کا مرکز اب بھی دھڑک پور کے لوگوں کی روزمرہ زندگی ہے، جہاں چھوٹی چھوٹی پریشانیاں ، آپسی نوک جھونک اور سماجی روایات مزاح کا ذریعہ بنتی ہیں۔ ہدایت کارہ کے ساتھ سیریز کے تخلیق کار اویناش دیویدی اور چراغ گرگ نے بھی چھوٹے شہروں کی سوچ، روزمرہ الجھنوں اور سماجی مسائل کو کہانی میں اس خوبی سے شامل کیا ہے کہ مزاح کہیں بھی مصنوعی محسوس نہیں ہوتا۔ ۸؍ اقساط پر مشتمل اس ویب سیریز کی ہر قسط کا اپنا الگ رنگ ہے۔ ’اے جی، او جی، لو جی۵؍ جی‘، ’بلڈی بیوٹی‘ سے لے کر ’پریکشا‘ تک، اقساط کے عنوانات بھی کہانی کے مزاج اور واقعات سے خوب میل کھاتے ہیں۔ اس سیریز کی سب سے بڑی خوبی اس کی سادگی ہے۔ 
اداکاری
اداکاری کے معاملے میں بھی یہ سیریز کہیں کمزور ثابت نہیں ہوتی۔ ’لاپتہ لیڈیز‘ اور حالیہ فلم ’وائب‘ میں اپنی اداکاری کا مظاہرہ کرنے والے اسپرش شریواستو نے بھوگول کے کردار میں ایک مرتبہ پھرعمدہ اداکاری کی ہے۔ وہ اپنے کردار کی تذلیل اور اس سے ملنے والے دکھ کو اپنی طاقت بناکر پیش کرتے ہیں۔ بنواری کے کردار میں گجراج راؤنےبھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ان کی اداکاری، چہرے کےتاثرات اور کردار ادا کرنے کا منفرد انداز اسے دیکھنے کے لائق بناتا ہے۔ باپ بیٹے کے کرداروں میں ان کے اور اسپرش کے درمیان فلمائے گئے کئی مناظر خاصے عمدہ ہیں۔ اماوس کے کردار میں بھون اروڑہ اچھے لگے ہیں۔ ان کی مزاحیہ اداکاری اور برجستگی نمایاں ہے۔ یشپال شرما نے بھی متھلیش کمار کے کردار میں جان ڈال دی ہے۔ ایک اور بڑے معاملے کو حل کرکے اپنی شناخت بنانے کی خواہش رکھنے والے پولیس افسر کا کردار انہوں نے خوبصورتی سے نبھایا ہے۔ پرتھم کمار کے کردار میں دنیش لال یادو عرف نیرہوا بھی متاثر کرتے ہیں۔ ان کا کردار کہانی میں مزید دلچسپی پیدا کرتا ہے۔ 
نتیجہ
اگر آپ کو دیہی علاقوں کی کہانیاں ، چھوٹے شہروں کی زندگی اور سادہ و ہلکے پھلکے مزاح پر مبنی ویب سیریز پسند ہیں تو ایمیزون پرائم ویڈیو پر ’دوپہیہ سیزن۲‘ دیکھی جاسکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK