• Sun, 25 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بکیتی۲: متوسط طبقے کے ایک خاندان کے مسائل اور مشاغل پیش کرتی ہے

Updated: October 25, 2026, 11:44 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

ایک عام سے نظر آنے والے گھر کی پریشانیاں تقریباً ایک جیسی ہوتی ہیں کہ ہر کوئی اپنی اپنی پریشانی میں الجھا ہوتا ہے اس کے باوجود دوسروں کی مدد کرتا ہے۔

Rajesh Tailang can be seen in a scene from the web series `Bakaiti 2`. Photo: INN
ویب سیریز’بکیتی ۲‘ کےایک منظر میں راجیش تیلنگ کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

بکیتی ۲ (Bakaiti 2)
اسٹریمنگ ایپ: زی ۵(۷؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: راجیش تیلنگ، شیبا چڈھا، آدتیہ شکلا، تانیہ شرما، رمیش رائے، پروندر جیت سنگھ، پونم جانگرا، شاشوت چترویدی
ڈائریکٹر: سمر اقبال
رائٹر: نیہا پوار، گنجن سکسینہ، ابھینو ویدیا
پروڈیوسر: ارنو چکرورتی، ونئے پلئی، ادیتی شریواستو
سنیماٹوگرافر: دیپ میٹکر، راجو گائولی
ایڈیٹر: ونئے منڈل، کرن واریا
آرٹ ڈائریکٹر: منوج ساہو
کاسٹیوم ڈیزائنر: سربھی گوسوامی
ریٹنگ:***
متوسط طبقے کے ایک خاندان کی کہانی پر مبنی ویب سیریز ’بکیتی‘ نےاپنے پہلے سیزن میں خاندان پر مبنی کہانیاں دیکھنے والوں کے ساتھ اچھا خاصا تعلق قائم کرلیاتھا۔ متوسط طبقے کی افراتفری، اس کی مٹھاس اور جدوجہد کو پیش کرنے والی اس سیریز کے دوسرے سیزن میں بھی کہانی اپنے بنیادی موضوع کے ساتھ آگے بڑھتی ہے۔ گزشتہ سیزن کی طرح اس بار بھی ایک متوسط طبقے کے خاندان کی مشکلات، روزمرہ کی الجھنوں اور چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو اہمیت دی گئی ہے۔ 
کہانی 
’بکیتی سیزن۲‘ میں کہانی ایک بار پھر غازی آباد کے کٹاریا کٹیرمیں پہنچ جاتی ہے، لیکن اس مرتبہ خاندان کے سامنے مالی تنگی اور آبائی مکان کولے کر بڑھتا ہوا تنازع ہے۔ وکیل سنجے کٹاریا (راجیش تیلنگ) اور ان کی بیوی سشما (شیبا چڈھا) بچوں کی پریشانیوں کے درمیان خاندان کو سنبھالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسی دوران سنجے کا بھائی اجے (پروِندر جیت سنگھ) اپنے خاندان کے ساتھ اسی گھر میں آجاتاہے۔ اب ایک ہی چھت کے نیچے دو خاندانوں کے جمع ہونے سے روزمرہ کی نوک جھونک اور مضحکہ خیز صورت حال پیدا ہونے لگتی ہے۔ ایک طرف آبائی مکان کی دوبارہ تعمیر کو لے کر دونوں بھائیوں کے درمیان اختلافات ہیں، تو دوسری طرف نینا (تانیا شرما) کی کیون کے ساتھ محبت کی کہانی اور بنٹی (آدتیہ شکلا) کی کرکٹ میں جگہ بنانے کی کوششیں نئی الجھنیں کھڑی کرتی ہیں۔ بنٹی اپنی جگہ پکی کرنے کے لیے رشوت دینے سے بھی گریز نہیں کرتا، جبکہ سنجے ایک دبنگ بلڈر کا مقدمہ اپنے ہاتھ میں لے کر بڑی رقم کماتےہیں۔ اس کے بعد گھر، رشتوں اور پیسوں سے جڑے کئی معاملات تیزی سے الجھتے اور سلجھتے ہیں۔ ان تمام اتار چڑھاؤ کے درمیان سنجے اور سشما کی کوشش یہی رہتی ہے کہ خاندان بکھرنے نہ پائے۔ یہی خاندانی وابستگی اور روزمرہ کی ’بکیتی‘ اس نئے سیزن کی کہانی کی بنیاد ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’ہنکار: دی رور‘ کے ذریعہ خواتین پر لگائی جانیوالی پابندیوں پر سوال اٹھایا گیا ہے

ہدایت کاری
ہدایت کار کے طور پرنئے ہونے کے باوجود سمر اقبال دوسرے سیزن کے بنیادی مزاج کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کرتے۔ یہی ان کی سب سے بڑی خوبی ثابت ہوتی ہے۔ کٹاریا خاندان اب بھی روزمرہ کی پریشانیوں سے نبرد آزما ہے۔ پانی کی ٹنکی کیلئے بجنے والی گھنٹی پر ہونے والی تکرار سے لے کر آبائی مکان اور پیسوں کی فکر تک، کہانی ان چھوٹی بڑی مشکلات کو سامنے لاتی ہے جن سے ایک عام متوسط طبقے کا خاندان اکثر دوچار ہوتا ہے۔ اگرچہ درمیان میں بلڈر سے متعلق کہانی کچھ کھنچی ہوئی محسوس ہوتی ہے، لیکن خاندان کے مختلف افراد کی الگ الگ کہانیاں، مانوس ہونے کے باوجود، بور نہیں کرتیں۔ نینا اور کیون کی محبت کی کہانی سیریز میں رومانس کا رنگ بھرتی ہے، جبکہ بنٹی کا اپنے ہی گھر میں چوری کرنے والا منظر دلچسپ بن پڑا ہے۔ ہر قسط کا دورانیہ ۲۰؍سے ۲۴؍منٹ کے درمیان ہے، جو سیریز کے حق میں جاتا ہے اور کہانی کو غیر ضروری طور پر طول دینے سے بچاتا ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ متوسط طبقے کی پریشانیوں کو کہیں بھی ضرورت سے زیادہ جذباتی یا ڈرامائی نہیں بنایا گیا۔ جب گھر کی ایک خاتون خاندان کو مالی سہارا دینے کی کوشش کرتی ہے تو اسے کس طرح کے احساسِ جرم سے گزرنا پڑتا ہے، اس پہلو کو بھی کہانی میں فطری انداز سے شامل کیا گیا ہے۔ متوسط طبقے کے خاندان کی روزمرہ جدوجہد کو ہلکے پھلکے انداز میں پیش کرنے والی اس سیریز کا اختتام بھی خوش گوار ہے، جو ناظرین کو آخر میں راحت کا احساس دلاتا ہے۔ 
اداکاری
اداکاری کے معاملے میں یہ سیریز مضبوط ہے۔ مالی ضروریات اور روزمرہ کی فکروں کے بوجھ تلے دبے خاندان کے سربراہ کے کردار میں راجیش تیلنگ کی اداکاری دل کو چھوتی ہے۔ بیوی اور بچوں کی ذمہ داریوں کو نبھانے کی کوشش میں گھر کے سربراہ کو کن حالات سے گزرنا پڑتا ہے، اسے انہوں نے فطری انداز میں پیش کیا ہے۔ 
شوہر کو مالی سہارا دینے کی کوشش اور گھر خاندان کی ذمہ داریوں کے درمیان الجھی ہوئی گھریلو خاتون کے کردار کو شیبا چڈھا نے پوری سادگی اور حقیقت پسندی کے ساتھ نبھایا ہے۔ دونوں فن کاروں کی باہمی کیمسٹری پردے پر خاصا اثر چھوڑتی ہے۔ 
نتیجہ
اگر آپ خاندانی مسائل پر مبنی کہانیاں دیکھنے کے شوقین ہیں اور ایسی ویب سیریز پسند کرتے ہیں جن میں عام گھرانوں کی زندگی، مالی پریشانیاں، رشتوں کی نوک جھونک اور چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو ہلکے پھلکے انداز میں پیش کیا جائے، تو ’بکیتی سیزن۲؍‘ آپ کے لیے ایک اچھا انتخاب ہوسکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK