Inquilab Logo Happiest Places to Work

انداز۲: پرانے دور کے مسالوں سے ملاکر بنائی گئی غیر متاثر کن فلم

Updated: August 09, 2025, 3:13 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس میں وہی پیار کا مثلث،دو بہنوں کی محبت، والد کی بیماری اور اس کیلئے پیسوں کی ضرورت جیسے موضوع استعمال کئے گئے،اداکاری بھی بہتر نہیں۔

Aayush Kumar and others can be seen in a scene from the film `Andaaz 2`. Photo: INN
فلم’انداز۲‘ کے ایک منظرمیںآیوش کمار اور دیگرکودیکھاجاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

انداز ۲ (Andaaz 2)
اسٹارکاسٹ:آیوش کمار، آکائیشا وتس، نتاشا فرنینڈیز، پرمرتھ سنگھ، سریکانت مسکی، سنجے میہندیرتا، نیتو پانڈے، ڈالی بندرا
ڈائریکٹر :سنیل درشن
رائٹر :سنیل درش، پرسناتھ گپتا، دیپین بھٹ
پروڈیوسر:سنیل درشن، وکاس سنگھ
 موسیقی:سنیل درشن، ندیم سیفی
سنیماٹوگرافر:چیتن ڈھولی
ایڈیٹر:کوشک چکربورتی
آرٹ ڈائریکٹر:بلراج سنگھ
کاسٹنگ:سونو سنگھ سولنکی
اسسٹنٹ ڈائریکٹر:پارسناتھ گپتا، انیکیت گیری
 ریٹنگ: *
 ہدایت کارسنیل درشن۲۰۰۳ءمیں فلم ’انداز‘کے ساتھ آئے تھے۔ پرینکا چوپڑا اور لارا دتہ جیسی دو عالمی حسینائوں کو اکشے کمار کے ساتھ اسکرین پر ایک ساتھ دیکھنا ناظرین کے لیے ایک نیا تجربہ تھا۔ وہ فلم نہ صرف باکس آفس پر ہٹ ہوئی بلکہ پرینکا اور لارا دونوں کیلئے ایک یادگار لانچ پیڈ ثابت ہوئی۔ اب ۲۲؍برسوں بعد، وہ ’انداز۲‘ لےکر آئے ہیں، جس میں انہوں نےنئے چہروں کے ساتھ ایک اور محبت کامثلث بنانے کی کوشش کی ہے۔ لیکن افسوس اس بار ان کا انداززمانے سے پیچھے رہ گیا۔ پرانی، بوسیدہ اور فارمولاکہانی اپنا تاثر قائم کرنےمیں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ 
فلم کی کہانی
 کہانی ایک جدوجہد کرنے والے نوجوان آرو(آیوش کمار) کےگرد گھومتی ہے، جو موسیقار اور گلوکار بننے کا خواب دیکھتا ہے۔ اس کے۲؍قریبی دوست، ٹونی (سری کانتھ مسکی) اور احسان (پرمارتھ سنگھ)بھی اسی مقصد کیلئے دن رات اس کے ساتھ محنت کر رہے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے موسیقی کے سفر کو ایک بڑا پلیٹ فارم ملے تاکہ وہ انڈسٹری میں اپنا نام بنا سکیں۔ تاہم، آروکے بیمار والد کو اس کا یہ خواب پسند نہیں ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ آرو موسیقی کا شوق ترک کر کے ایک مستحکم ملازمت اختیار کرے اور ذمہ دار بن جائے۔ 
 اس تناؤ کے درمیان علیشا (آکاشا)آرو کی زندگی میں داخل ہوتی ہے۔ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والی علیشا چھٹیاں گزارنےہندوستان آئی ہے۔ دونوں کے درمیان محبت پروان چڑھتی ہے۔ کہانی اس وقت شدت اختیارکرتی ہے جب ایک مشہور میوزک کمپنی کی مالک پرینکا (نتاشا فرنینڈس) آرو اور اس کے دوستوں کو ایک بڑےمعاہدے کی پیشکش کرتی ہے۔ وہ نہ صرف انہیں بہت بڑی رقم دیتی ہے بلکہ انہیں ملک بھر میں شو کرنے کا موقع بھی دیتی ہے۔ لیکن آرو کو یہ نہیں معلوم کہ پرینکا کو اس سے پیار ہو گیا ہے نہ کہ اس کے ٹیلنٹ سے اور یہی اس کی سخاوت کی اصل وجہ ہے۔ 
 کہانی اس وقت ایک بڑا موڑ لیتی ہے جب آرو کو پتہ چلتا ہے کہ علیشا دراصل پرینکا کی چھوٹی بہن ہے۔ جب پرینکا کو اپنی بہن اور آرو کی محبت کا راز معلوم ہوتا ہے تو وہ خود غرضی میں سودے بازی شروع کردیتی ہے۔ وہ آرو کے سامنے ایک شرط رکھتی ہے کہ اگر وہ کریئرچاہتاہے تو اسے علیشا سے دور رہنا ہوگا ورنہ معاہدہ منسوخ کر دیا جائے گا۔ آرو اپنے کیریئر پر محبت کا انتخاب کرتا ہے۔ اب پرینکا علیشا کو پڑھائی کے بہانے بیرون ملک بھیجنے کی تیاری کرنے لگتی ہے۔ اس دوران آروکے والد کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔ ان کی جان بچانےکیلئےکڈنی ٹرانسپلانٹ ضروری ہے۔ آرو اپنا گردہ عطیہ کرنے کیلئے تیار ہے، لیکن اسپتال کا بڑا بل اسے ایک بار پھر اسی دوراہے پر کھڑا کر دیتا ہے۔ کیا وہ اپنے والد کی جان بچانے کیلئے پرینکا سے سمجھوتہ کر لے گایا اپنی محبت کیلئے سب کچھ داؤ پر لگا دے گا؟اس کا جواب فلم کے کلائمکس میں مل جاتا ہے۔ 
ہدایت کاری
 فلم کا پہلا ہاف بہت سست اور ایسا ہے جس کا اندازہ آسانی سے لگایا جاسکتاہے، جبکہ دوسرے ہاف میں کہانی بالکل الگ ہو جاتی ہے۔ ہدایت کاری کے علاوہ سنیل درشن نے مصنف کا کردار بھی ادا کیا ہےلیکن کمزور کہانی اور ڈھیلا اسکرین پلے فلم کیلئےمہلک ثابت ہوتا ہے۔ جذباتی گہرائی کی کمی، واقعات کی مصنوعی پیشکش اور پرانے فارمولوں کی کثرت، سب مل کر فلم کو ایک تکلیف دہ تجربہ بنا دیتے ہیں۔ 
ادا کاری
 فلم اداکاری کے محاذ پر بھی ناظرین کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہتی ہے۔ آیوش کمارنےآروکے کردار میں ایک اہم آدمی بننےکی پوری کوشش کی ہے، لیکن ان کی ڈائیلاگ ڈیلیوری اور تاثرات واضح طور پر تجربے کی کمی کو ظاہرکرتےہیں۔ انہیں اپنی اداکاری میں گہرائی اور بے ساختہ پن لانے کے لیے ابھی بہت محنت کرنی ہے۔ 
نتیجہ
 اگر آپ ’انداز‘(۲۰۰۳ء) کے پرستار ہیں اورپرانی یادوں کے لیےاس کا سیکوئل دیکھنا چاہتے ہیں، تو بہتر ہے کہ اس نئی فلم’انداز۲‘ کے او ٹی ٹی پر آنے تک انتظار کرلیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK