حالیہ انٹرویو میں وکرانت میسی نے کہا کہ بہترین اداکار کیلئے پہلا نیشنل فلم ایوارڈ پانا میرا خواب تھا اور شاہ رخ خان جیسی مثالی شخصیت کے ساتھ اشتراک کرنا سب سے بڑا اعزاز ہے۔
EPAPER
Updated: August 16, 2025, 8:00 PM IST
حالیہ انٹرویو میں وکرانت میسی نے کہا کہ بہترین اداکار کیلئے پہلا نیشنل فلم ایوارڈ پانا میرا خواب تھا اور شاہ رخ خان جیسی مثالی شخصیت کے ساتھ اشتراک کرنا سب سے بڑا اعزاز ہے۔
امسال کا نیشنل فلم ایوارڈز جیتنے والوں کی فہرست یکم اگست کو جاری کی گئی تھی جس میں بہترین اداکار کا ایوارڈ مشترکہ طور پر شاہ رخ خان اور وکرانت میسی کو دیا گیا۔ اہم بات یہ ہے کہ وکرانت بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ اس ایوارڈ کا اشتراک کررہے ہیں جنہیں فلم انڈسٹری میں ۳۳؍ سال کام کرنے کے بعد پہلی بار اس ایوارڈ کا حقدار سمجھا گیا ہے۔ خیال رہے کہ وکرانت اور شاہ رخ، دونوں ہی کا یہ پہلا نیشنل ایوارڈ ہے۔ ۳۸؍ سالہ وکرانت نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی اس کامیابی پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:متھن کی ’’ڈسکو ڈانسر‘‘ کا سیکویل، ہدایتکار رنبیر کپور یا اللو ارجن کے خواہشمند
لوک مت ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق وکرانت میسی نے کہا کہ ’’میں ٹویلتھ فیل‘‘ (۱۲؍ ویں فیل) کیلئے نیشنل فلم ایوارڈ پانے پر بہت خوش ہوں۔ یہ ایوارڈ ہندوستان میں کسی بھی اداکار کو ملنے والی توثیق یا تعریف کی سب سے بڑی شکل ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ میں اسے شاہ رخ خان کے ساتھ شیئر کررہا ہوں۔ یہ ہم دونوں کا پہلا نیشنل فلم ایوارڈ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’مَیں وزارت اطلاعات و نشریات، این ایف ڈی سی اور ۷۱؍ ویں نیشنل فلم ایوارڈز کے تمام معزز جیوری ممبران کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میری کارکردگی کو اس اعتراف کے لائق سمجھا۔ میں ودھو ونود چوپڑا جی کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مجھے یہ موقع فراہم کیا۔ آج میں ایسا کہہ سکتا ہوں کہ ایک ۲۰؍ سالہ لڑکے کا خواب پورا ہو گیا ہے۔ میں اتنی محبت دینے پر ناظرین کا شکر گزار ہوں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:’’سیارہ‘‘ میں شاہ رخ خان ہوتے تو فلم فلاپ ہوجاتی: ورون بڈولہ
شاہ رخ خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’شاہ رخ خان جیسی مثالی شخصیت کے ساتھ اپنے پہلے نیشنل ایوارڈ کا اشتراک کرنا میرے لئے سب سے بڑا اعزاز ہے۔ مَیں یہ ایوارڈ اپنے معاشرے کے تمام پسماندہ لوگوں کیلئے وقف کرتا ہوں، وہ لوگ جو ہمہ وقت ہمارے سامنے رہتے ہیں، اور وہ لوگ جو ہر دن ملک کے سماجی و اقتصادی مشکلوں سے لڑ رہے ہیں۔‘‘