Inquilab Logo

انجرلے: رتنا گیری ضلع میں کوکن کا ایک پرسکون اور خوشنما گائوں

Updated: March 21, 2024, 10:59 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس گائوں میں واقع انجرلے بیچ کافی طویل، دلکش اور پرسکون ہے، یہاں سمندری قلعہ بھی قابل دید ہے، ہرنائی بندرمچھلیوں کی تجارت کا مرکز ہے۔

A beautiful view of Ingerle Beach can be seen. Photo: INN
انجرلے بیچ کا دلکش نظارہ دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر : آئی این این

انجرلےمہاراشٹرکےکوکن کےرتناگیری ضلع میں ساحل پر واقع ایک خوبصورت گاؤں ہے۔ ممبئی سے تقریباً ۲۴۰؍ کلومیٹر جنوب میں اورپونے سے تقریباً۲۰۰؍کلومیٹرمغرب میں ویک اینڈ پر جانے کیلئے ایک مثالی مقام ہے۔ یہ دلکش مقام کچھ نہ کرنے کے فن میں مہارت حاصل کرنے کیلئےایک مثالی جگہ ہے۔ اگرچہ گاؤں میں نل سے پانی اور بجلی جیسی جدید سہولیات موجود ہیں لیکن ایسالگتا ہے کہ جیسے یہ گائوں پرانےدور میں جیسےتھم سا گیا ہو۔ 
ناریل کے درختوں سےمزین لمباچوڑاساحل سکون اور تنہائی کا تجربہ کرنے کے لیے بہترین جگہ ہے۔ گاؤں میں صرف ایک ریزورٹ ہے اور چند ہوم اسٹے دستیاب ہیں یعنی کچھ لوگوں نے اپنے گھروں میں مہمانوں کے ٹھہرنے کا انتظام کررکھا ہے۔ انجرلے ابھی تک سیاحتی نقشے پر ظاہر نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے یہ شہر کےہجوم سے ابھی تک محفوظ ہے تاکہ آپ کچھ پل سکون اورتنہائی میں گزارسکیں۔ 
انجرلے ایک شاندار مانسون کا تجربہ کرنے کیلئے بہترین جگہ ہے جہاں آپ صحیح معنوں میں کوکن کا تجربہ کرسکتے ہیں۔ یہاں جانے کیلئے ستمبر کا مہینہ زیادہ بہتر رہتا ہے جب بارش کم ہوتی ہے اور قدرتی حسن انگڑائی لیتا ہوا محسو س ہوتا ہے۔ ہوا میں مسحور کن دھند کے ساتھ چاروں طرف ہریالی، ماحول کو تازگی بخشتی ہے۔ انجرلے میں، ایک دیہاتی ہوم اسٹےمیں مٹی کےچولہےپر بنائی گئی گرما گرم چائےکاگھونٹ لیتے ہوئےایک پرسکون صبح کا تجربہ کریں، جبکہ کوئل کےمیٹھے راگ سنائی دے رہے ہوں، صبح کی ٹھنڈی ہوا روح کو چھو رہی ہو اورپتوں پر شبنم کے قطرے بکھرے ہوئے ہوں تو زندگی الگ ہی لطف آتاہے۔ 
انجرلے بیچ:انجرلے ایک وسیع اورلمبا ساحل ہے جو تیراکی کیلئےمحفوظ ہے۔ گاؤں ہونے کی وجہ سےساحل سمندر پر لائف گارڈز نہیں ہیں۔ ہر سال، گاؤں والے سہیادری نسرگ مترمنڈل(ایس این ایم) نامی غیر سرکاری تنظیم کے تحت اولائیو رڈلے ٹرٹل کے تحفظ کے لیے رضاکارانہ طور پر کام کرتے ہیں۔ اولیو رڈلےٹرٹل نامی کچھوے انجرلےکےساحل کی ریت میں تقریباً۳؍سے۴؍گھونسلے بناتے ہیں۔ ہر گھونسلے میں تقریباً۱۰۰؍ انڈےہوتے ہیں۔ ایس این ایم کےرضاکار انڈوں کو گاؤں کے قریب ایک اچھی طرح سے محفوظ ہیچری کے اندر بنائے گئے مصنوعی گھونسلوں میں منتقل کرتے ہیں۔ فروری کے آخر اور مارچ میں انڈوں سےبچے نکلنا شروع ہوتےہیں اور اس کے بعد ایس این ایم کے رضاکار ان بچوں کوبحفاظت سمندر میں چھوڑتے ہیں۔ 
ہرنائی بندرگاہ:ہرنائی بندرگاہ ایک مشہور بندرگاہ ہے جوتازہ پکڑی ہوئی مچھلیوں کی نیلامی کیلئےمشہور ہے۔ جب مقامی لوگ اور ہوٹل والے نیلامی میں حصہ لینے کے لیے جمع ہوجاتےہیں تو ٹرالر صبح۶؍بجےکے قریب مچھلیوں کو جیٹی پر اتارتےہیں ۔ مچھلیوں کو گھر لیجانے کیلئے جیٹی پر تھرماکول کے آئیس بکس بھی دستیاب ہوتے ہیں۔ 
سورن درگ سمندری قلعہ:ہرنائی بندر سے دور ایک سمندری قلعہ ہے۔ ہرنائی بندرسےکشتی کے ذریعے یہاں پہنچا جا سکتا ہے۔ قلعہ کی تعمیرات اچھی حالت میں ہیں لیکن قلعے کے اندر کی عمارتیں خستہ حال ہیں۔ یہ قلعہ چھترپتی شیواجی نے عادل شاہ کو شکست دے کر حاصل کیا تھاجس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اسے عادل شاہ نے ہی تعمیرکیا تھا۔ 
انجرلے بیچ کیسے جائیں ؟
ٹرین کے ذریعے: کوکن ریلوےپرکھیڑاسٹیشن انجرلے کیلئےقریب ترین ریلوے اسٹیشن ہے، جو 52 کلومیٹر دور ہے۔ گوا، منگلور اور کوچین جانے والی بہت سی ٹرینیں کھیڈ پر رکتی ہیں۔ 
 سڑک کے ذریعے: ممبئی کےپریل ڈپو سے براہ راست ایس ٹی کی نائٹ ایکسپریس بس ملتی ہے جو رات ۱۲؍بجکر ۲۲؍منٹ پر روانہ ہوتی ہے اوررات بھر میں تقریباً۸؍ گھنٹےکاسفرکرکےاگلے دن صبح، ۵؍بجکر ۳۰؍منٹ پر انجرلے پہنچتی ہے۔ متبادل طور پر، ممبئی سے داپولی کیلئے بھی ایس ٹی بس میں بھی سوار ہوسکتےہیں۔ واضح رہےکہ انجرلے داپولی سے ۲۰؍کلومیٹر شمال میں ہےاور دپولی سے مقامی ایس ٹی بس یا شیئرآٹو رکشا کے ذریعے انجرلے پہنچا جا سکتا ہے۔ اگر ممبئی سے اپنی گاڑی میں سفرکر رہے ہو تو، ممبئی گوا روڈ(این ایچ ۱۷) پر چلتے ہوئےپنویل، پین، وڈکھل، ناگوتھانے، مانگاؤں، لونیرے فاٹا، امبیٹ، منڈنگڈ، ویلوی ہوتے ہوئےانجرلے پہنچ سکتے ہیں۔ 
ہوائی جہاز سے: پونے کا ہوائی اڈہ انجرلے سے قریب ترین ہوائی اڈہ ہے جو ۲۰۰؍کلومیٹر دور ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK