• Fri, 12 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اشیری گڑھ قلعہ: ممبئی -احمد آباد ہائی وے کے قریب پر سکون مقام

Updated: December 11, 2025, 1:22 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

پالگھر میں واقع یہ قلعہ اب بھی زیادہ مشہور نہیں ہے اس لئے یہاںسکون کے چند لمحے میسر آتے ہیں اور یہاں سے آپ دور دور تک نظارہ کرسکتے ہیں۔

This is what this fort looks like from a distance. Picture: INN
دور سے یہ قلعہ کچھ ایسا نظر آتا ہے۔ تصویر:آئی این این
اشیری گڑھ قلعہ مہاراشٹر کے پالگھر ضلع میںمنورکےقریب ستپوڑا پہاڑی سلسلہ میں واقع ایک مشہور پہاڑی قلعہ ہے جسے اسیر گڑھ بھی کہا جاتا ہے (تاہم، اصلی اسیرگڑھ قلعہ مدھیہ پردیش میں ہے)۔سطح سمندر سے تقریباً ایک ہزار ۶۸۰؍فٹ(۵۱۲؍میٹر) کی بلندی پر واقع یہ قلعہ ٹریکنگ کے شوقین افراد اور تاریخ سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک بہترین منزل ہے۔ 
تاریخی پس منظر
یہ قلعہ تقریباً۸۰۰؍سال پرانا ہے، جسے ابتدائی طور پر شیلہارا خاندان کے بھوج راجہ نے بنوایا تھا۔ اس کے بعد یہ گجرات سلطنت اور پھر پرتگالیوں کے قبضے میں چلا گیا جنہوں نے۱۵۵۶ءمیں اس پر قبضہ کیا تھا۔پرتگالیوں نے اسے اپنی شمالی سرحد کا دارالحکومت بنایا۔ بعدمیں، یہ قلعہ مراٹھا سلطنت اور بالآخر۱۸۱۸ءمیں کیپٹن ڈکنسن کی قیادت میں برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی کے کنٹرول میں آ گیا۔ یہ قلعہ شمالی ہندوستان سے دکن جانے والے اہم تجارتی راستے پر واقع تھا، جس کی وجہ سے اس کی اسٹریٹجک اہمیت بہت زیادہ تھی۔ 
قلعے کی ساخت اور اندرونی مناظر
ممبئی-احمد آباد ہائی وے کے قریب واقع یہ قلعہ اب زیادہ تر کھنڈرات کی شکل اختیار کرچکاہے، لیکن اس کےباقیات اب بھی دیکھنے کے قابل ہیں اور ایک چیلنجنگ ٹریکنگ کا تجربہ فراہم کرتے ہیں۔
ٹریکنگ کا تجربہ:قلعے تک پہنچنے کے لیے ایک سخت اور چیلنجنگ چڑھائی کی ضرورت ہوتی ہے، جس میںتقریباً ۲؍گھنٹے لگتے ہیں۔ ٹریک کے دو مراحل ہیں، جن میں سے ایک سیدھی چڑھائی اور پھر ایک کھڑی چڑھائی شامل ہے۔ بعض مقامات پر راستہ خطرناک ہوسکتا ہے، خاص طور پر مانسون کے موسم میں یہ زیادہ دشوار گزار ہوجاتا ہے، اس لیے اضافی احتیاط کی ضرورت ہے۔
لوہے کی سیڑھی:ٹریک کا سب سے دلچسپ حصہ ایک انسان ساختہ لوہے کی سیڑھی ہے جس پرچڑھ کر قلعے کے اوپری سطح تک پہنچا جاتا ہے، جو ایڈونچر کا احساس دلاتی ہے۔
پانی کے تالاب اور نقش و نگار: قلعے کے اوپر پہنچ کر پانی کے کئی تالاب اور پتھروں پر کی گئی نقش و نگار دیکھی جا سکتی ہیں۔ یہاں ایک چٹان پر تراشا ہوا تخت بھی موجود ہے۔
دلکش مناظر: قلعے کی چوٹی ایک وسیع سطح مرتفع ہے جہاں سے آس پاس کی پہاڑیاں،وادیاں، اور ممبئی-احمد آباد ہائی وے کے خوبصورت مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔
کم اوچائی، کم شور، زیادہ وقار:اشیری قلعہ بڑے قلعوں کی طرح بلند برجوں یا لمبی فصیلوں والا نہیں ہے۔یہ زیادہ تر پتھریلے مورچوں اور پہاڑی پتھروں کی قدرتی دیواروں پر قائم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ قلعہ اپنے ماحول میں یوں گھل مل جاتا ہے جیسے پہاڑنےخود اسے جنم دیا ہو۔اوپر پہنچ کر جو منظر سامنے آتا ہے وہ دل کو چھو لیتا ہے، نیچے پھیلے ہوئے گاؤںدور سمندر کی نمی بھری ہوااور شاہراہ پر گاڑیوں کی ہلکی ہلکی گونج یہ سب مل کر ایک ایسا نظارہ بناتے ہیں جہاں وقت ٹھہر کر مسافر سے حال احوال کرتا ہے۔
بھیڑ سے دور، سکون کے قریب: اشیری قلعہ ابھی تک مشہور سیاحتی مقامات کی فہرست میں شامل نہیں، جس کا فائدہ یہ ہے کہ یہاں ہجوم نہیں،شور نہیں،گندگی نہیںاور نہ ہی مصنوعی تزئین کاری۔یہ قلعہ آج بھی اپنی اصلی حالت میں موجود ہے۔
یہاں کیسے پہنچیں؟
اشیری قلعہ ممبئی سے تقریباً ۱۰۰؍کلومیٹر کے فاصلے پر پالگھر ضلع میں ممبئی احمدآباد ہائی وے کے قریب واقع ہے۔
ریل کے ذریعہ:پالگھریا منوریہاں کا قریب ترین ریلوے اسٹیشن ہے۔ وہاں سے مقامی ٹرانسپورٹ (بس/رکشہ) کے ذریعے کوڑکونا  گاؤں تک پہنچا جا سکتا ہے، جو ٹریک کا بیس گاؤں ہے۔
سڑک کے ذریعہ:چونکہ یہ قلعہ ممبئی-احمد آباد ہائی وے سے قریب ہے اس لئے اسی روڈکے ذریعہ آسانی سے پہنچا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK