• Thu, 22 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بیلاپور قلعہ: ممبئی سے نزدیک نوی ممبئی میں ایک تاریخی قلعہ

Updated: January 22, 2026, 2:15 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

سی بی ڈی بیلاپور اسٹیشن سے قریب واقع یہ قلعہ کئی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے،یہ قلعہ زیادہ اونچانہیں لیکن قدیم طرز تعمیر کا نمونہ ضرور ہے۔

Belapur Fort in Navi Mumbai. Picture: INN
نوی ممبئی میں واقع بیلاپور قلعہ۔ تصویر: آئی این این
آج ہم ایک ایسے قلعہ کے تعلق سے بات کرنے جارہے ہیں جو ممبئی سے زیادہ دور نہیں، بلکہ نوی ممبئی کے اندر ہی واقع ہے۔نوی ممبئی کے بیلاپور علاقے میں واقع بیلاپور قلعہ ایک تاریخی قلعہ ہے جو پہاڑ کی چوٹی پر تعمیر کیا گیاہے اور اس کی بنیاد سولہویں صدی میں جنجیرا کے سدیوں نےرکھی۔ یہ قلعہ مختلف سلطنتوں کے قبضے اور لڑائیوں کا گواہ رہا، جو آج بھی سیاحوں اور تاریخ دوستوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔
تاریخی پس منظر
بیلاپور قلعہ۱۵۶۰ءمیںجنجیرا کے سدی حکمرانوںنے تعمیر کیا، جو افریقی نژاد مسلمان تھےاور مہاراشٹر کے ساحلی علاقوں پر قبضہ رکھتے تھے۔ ۱۶۹۰ءمیںپرتگالیوں نے اسے فتح کیا، پھر۱۷۳۷ء میںمراٹھا سردار چھترپتی شنکر راجے یا نارائن جوشی نے قبضہ کیا۔ ۱۸۱۷ءمیں برطانوی کپتان چارلس گرے نے مراٹھوں سے چھین لیا اوربرطانوی پالیسی کے تحت اسے جزوی طور پر تباہ کر دیا، اس وقت یہاں ۱۸۰؍ سپاہیوں کی۴؍کمپنیاں اور۱۴؍ توپچی تھے۔۱۹۴۷ء میںآزادی کے بعد یہ ہندوستان کا حصہ بنا اور ۱۹۷۰ءمیں اسے سڈکو کے حوالے کردیا گیا۔
محل و قوع 
قلعہ بیلاپور ٹاؤن شپ، سی بی ڈی بیلاپور کے قریب پہاڑی پر واقع ہے، جو ممبئی سے تقریباً۵۰؍کلومیٹر دور ہے۔ سب سے قریب ریلوے اسٹیشن بیلاپور سی بی ڈی ہے اور بس اسٹاپ سے۲؍تا ۳؍ کلومیٹر دور ہےجہاں ٹیکسی یا آٹو سے پہنچا جا سکتا ہے۔ یہاں سے بحرعرب، گھاراپوری (ایلفنٹا غاروں) اور نئی ممبئی کا خوبصورت منظر دیکھا جاسکتاہے، اور مقامی لوگ ایک خفیہ سرنگ کا ذکر کرتے ہیں جو ایلفنٹا تک جاتی ہے۔
موجودہ حالت اور سیاحت
قلعہ کےباقیات میں موٹی دیواریں، کھنڈرات اور۴؍ دیواریںشامل ہیں، جو پہاڑی کی چوٹی پرہیں اور ہلکی چڑھائی سے یہاں پہنچاجا سکتا ہے۔ سڈکونےاس کی تزئین کاری کی ہے، آس پاس پارک اور سبزہ زار بنائےگئےہیں۔ یہ ٹریکنگ اور فوٹو گرافی کے لیے موزوں ہے، خاص طور پر صبح یا شام کے وقت۔
یہاں کی اہمیت
بیلاپور قلعہ نوی ممبئی کے چھوٹے سے تاریخی مقام کے طور پر سیاحوںکو مہاراشٹر کی سمندری اور مراٹھا تاریخ سے آگاہ کرتا ہے،  یہ قلعہ ہفتہ کے آخر میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ بطور پکنک جانے کیلئے بہترین ہے۔ یہاں قریبی پارک بھی موجودہےجو تفریح  کا ذریعہ ہے۔یہاں جانے کا بہترین وقت اکتوبر تا مارچ ہے۔
بیلاپورقلعہ پتھر اور چونے کے گارے سے تعمیر کیا گیا ہے۔ قلعے کی دیواریں تقریباً۱۰؍تا ۱۵؍فٹ موٹی ہیں جو اس کی دفاعی طاقت کی عکاس ہیں۔ قلعے میں مرکزی دروازہ، نگہبانی کے مینار، بیرکیں،گودام اور پانی کے ذخائر شامل ہیں۔قلعے کی تعمیر میں دفاعی ضروریات کوفوقیت دی گئی تھی۔ یہاں توپیں رکھنے کیلئے مخصوص مقامات، تیر اندازوں کے لیے فصیلیں اور دشمن پر نظر رکھنے کے لیے اونچے مینار تعمیر کیے گئے تھے۔
یہاں کیسے پہنچیں؟
ریل کے ذریعہ:آپ یہاں لوکل ٹرین کے ذریعہ ہی پہنچ سکتے ہیں۔ اس لئے آپ کو ہاربر لائن یا ٹرانس ہاربر لائن کے ذریعہ سی بی ڈی بیلا پور اسٹیشن پہنچنا ہوگا۔ اسٹیش سے آٹو یا ٹیکسی کے ذریعہ ۱۰؍تا ۱۵؍ منٹ میں قلعہ تک پہنچ سکتے ہیں۔
سڑک کے ذریعہ:سڑک کے ذریعہ اگر آپ بس کے ذریعہ یہاں پہنچنا چاہتے ہیںتو نوی ممبئی میں این ایم ایم ٹی بس کے ذریعہ بھی یہاں پہنچ سکتے ہیں جو سی بی ڈی بیلاپور اور قلعے کے اطراف سے گزرتی ہیں۔ اگر آپ اپنی گاڑی سے جارہے ہیں تو واشی کے راستے سی بی ڈی بیلاپور پہنچ سکتے ہیں۔ یہاں پہنچنے کیلئے ایسٹرن فری وے یا سائن پنویل ہائی کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK