Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسوس آر او جی اسٹریکس اسکار۱۶:اعلیٰ صلاحیتوں کا حامل لیپ ٹاپ

Updated: August 11, 2025, 1:04 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اضافی سلاٹس کی مدد سے ریم کو ۶۴؍جی بی اور اسٹوریج کو ۴؍ٹی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے،ڈسپلے انتہائی عمدہ ہےکہ بہترین گیمنگ اور ویڈیوکا تجربہ ہوگا۔

Asus ROG Streaks Score 16 Photo: INN
اسوس آر او جی اسٹریکس اسکار ۱۶؍۔ تصویر: آئی این این

ٹیکنالوجی کی دنیا میں ہر سال نئے تجربات اور جدتیں سامنے آتی ہیں، لیکن جب گیمنگ لیپ ٹاپ کی بات ہو تو کچھ برانڈز ہمیشہ معیار قائم رکھنےکا ہنرجانتے ہیں۔ ایسوس نے۲۰۲۵ءکیلئے اپنے مشہور آر او جی اسٹریکس اسکارسیریز کو ایک نئے رنگ و روپ میں پیش کیا ہے، جو نہ صرف طاقتور ہے بلکہ ظاہری ڈیزائن اور سہولت میں بھی ایک قدم آگے ہے۔ 
قیمت
 اس نئے ماڈل میں این ویڈیا جی ای فورس آر ٹی ایکس ۵۰؍ سیریز کے لیپ ٹاپ جی پی یوز اورانٹیل کور الٹراسیریز۲؍ ے پروسیسر شامل کیے گئےہیں۔ بیس ویرینٹ میں آر ٹی ایکس ۵۰۸۰؍جی پی یو موجود ہے، جس کی قیمت۳؍لاکھ ۷۹؍ہزار ۹۹۹؍ روپے رکھی گئی ہے، جبکہ ٹاپ ماڈل میں آر ٹی ایکس ۵۰۹۰؍کے ساتھ۴؍ لاکھ ۲۴؍ہزار ۹۹۰؍روپے میں دستیاب ہے۔ 
ڈیزائن
 اس کا ڈیزائن پچھلے ماڈل سےکافی مختلف ہے۔ نیا ڈھکن، باٹم پینل اور مزید نمایاں آر جی بی لائٹنگ شامل کی گئی ہے۔ ڈھکن پر۸؍ ہزار ۳۵۳؍باریک سوراخ بنائے گئے ہیں جن کے پیچھے اینیمے ویژن ڈسپلے موجودہے، جو۸۱۰؍ایل ای ڈیز کے ذریعے ڈاٹ میٹرکس اسٹائل اینیمیشن دکھاتا ہے۔ ساتھ ہی آر جی بی میں ’آر او جی‘ کالوگو اور مشہورجملہ’فار دوز ہو ڈیئر(ان کیلئے جن میں حوصلہ ہے)‘ بھی کندہ ہے۔ 
 بائیں جانب اے سی پاور پورٹ، ۲ء۵؍ جی ایتھرنیٹ، ایچ ڈی ایم آئی ۲ء۱؍، ۲؍ تھنڈربولٹ ۵؍پورٹس، ہائبرڈ۳ء۵؍ ایم ایم آڈیو جیک اوریو ایس بی ۳ء۲؍ٹائپ اےموجود ہیں۔ دائیں جانب ۲؍ مزیدیو ایس بی ۳ء۲؍ٹائپ اےپورٹس دیے گئے ہیں۔ 
ڈسپلے
 ڈھکن ایک ہاتھ سے آسانی سے کھل جاتا ہے، اور اندر موجود اینٹی گلیرمنی ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جسے اسوس نے آر او جی نیبولا ایچ ڈی آرڈسپلے کا نام دیا ہے جو آنکھوں کو خیرہ کر دیتا ہے۔ اس میں ۲؍ہزارسےزائد ڈِمنگ زونز، ۱۲۰۰؍نِٹس برائٹنیس، ۱۰۰؍ فیصد ڈی سی آئی-پی ۳؍کلر کوریج، ڈولبی ویژن، ایچ ڈی آر اور این ویڈیا سی سنک سپورٹ موجود ہے۔ ۲۴۰؍ہرٹز ریفریش ریٹ اور۳؍ ملی سیکنڈ رسپانس ٹائم گیمنگ اور میڈیا دونوں کیلئےخواب جیسا تجربہ ہے۔ 
کی بورڈ، ٹچ پیڈ، اسپیکر اور کیمرہ
 فل سائز کی بورڈمیں میڈیا کنٹرولز، کسٹمائز ایبل کیز، اور ہر بٹن کے نیچے آر جی بی لائٹ موجود ہے۔ کیز کا ٹریول اور فیڈ بیک بہترین ہے اور ان کے سوئچز۲؍کروڑمرتبہ تک چل سکتے ہیں۔ 
 ٹچ پیڈ بڑا، ملٹی ٹچ سپورٹ والا، شیشے کی سطح کی طرح ہموار، اور اچھی پام ریجیکشن رکھتا ہے۔ اس میں ڈیجیٹل نمبر پیڈ کا فیچر بھی موجود ہے، جو ایک ٹچ پر فعال ہو جاتا ہے۔ ۴؍ اسپیکرز، جن میں ۲؍ٹویٹر اور ۲؍ ووفر شامل ہیں، ڈولبی ایٹموس، ورچوئل سراؤنڈ، اور اسمارٹ ایمپ ٹیکنالوجی کے ساتھ آتے ہیں۔ ہیڈفون جیک ہائی ریزولیوشن آڈیو سپورٹ بھی فراہم کرتا ہے۔ ۱۰۸۰؍پکسل کا آئی آر ویب کیم ونڈوز ہیلوکے ساتھ تیز اور محفوظ لاگ ان مہیا کرتا ہے، مگر کم روشنی میں تصویر میں نوائز بڑھ جاتا ہے۔ 
 سافٹ ویئر اورہارڈ ویئر
 لیپ ٹاپ میں ونڈوز ۱۱؍ ہوم انسٹال ہے، ساتھ میں آفس ہوم ۲۰۲۴ء اور مائیکروسافٹ کوپائلٹ بھی دستیاب ہیں۔ انٹیل کور الٹرا ۹؍، ۲۷۵؍ایچ ایکس کےساتھ ۱۶؍ جی بی جی ڈی ڈی آر۷؍وی ریم، ۳۲؍ جی بی ڈی ڈی آر ۵؍، ۵۶۰۰؍میگا ہرٹز ریم، اور ۲؍ ٹی بی اسٹوریج دیا گیا ہے۔ 
بیٹری
 ۹۰؍ ڈبلیو ایچ آربیٹری گیمنگ میں ٹربو موڈ کےساتھ ایک سے ۲؍گھنٹے جبکہ عام استعمال میں تقریباً۴؍گھنٹے چلتی ہے۔ چارجنگ کے لیے ۳۸۰؍ واٹ کا بڑا ایڈاپٹر موجود ہے، جو۲۰؍فیصد سے ۶۰؍ فیصد بیٹری صرف۳۰؍منٹ میں بھر دیتا ہے۔ یو ایس بی ٹائپ-سی کے ذریعے۱۰۰؍ واٹ پی ڈی چارجنگ بھی ممکن ہے۔ 

ڈسپلے           ۱۶؍انچ منی ایل ای ڈی ،ایچ ڈی آر ڈسپلے
پروسیسر        انٹیل کور الٹرا ۹،۲۷۵؍ایچ ایکس
ریم               ۶۴؍ جی بی تک 
اسٹوریج         ۴؍ ٹی بی تک پہنچایا جاسکتاہے
آپریٹنگ سسٹم    ونڈوز ۱۱؍ ہوم
کیمرہ             ۱۰۸۰؍پکسل انفرا ریڈ کیمرہ
بیٹری             ۹۰؍ ڈبلیو ایچ آر

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK