محض ۱۲؍ہزار ۴۹۹؍ کی ابتدائی قیمت پراس میں ۶ء۹؍انچ کا بڑا اسکرین دیا گیا ہے، بیٹری بھی ۶؍ہزار ایم اے ایچ کی ہے اور چارجنگ تیز رفتار ہے۔
ریڈ می ۱۵؍سی کو آگے اور پیچھے سےتصویر میں اس کے مختلف رنگ دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
شائومی کے ذیلی برانڈ ریڈ می نے اپنے ۱۵؍سی، ۵؍ جی موبائل کے ذریعہ ان صارفین تک پہنچنے کی کی کوشش کی ہے جو یا تو پہلی مرتبہ اسمارٹ فون خرید رہے ہیں یا ۴؍ جی والے موبائل سے ۵؍ جی ٹیکنالوجی کے حامل موبائل کی طرف رخ کررہے ہیں۔ اس ہینڈ سیٹ میں وہی فارمولا استعمال کیا گیا ہے کہ بڑا اسکرین رکھا جائے، قابل بھروسی بیٹری ہو،عمدہ ہارڈ ویئر اور ۵؍ جی کی سپورٹ ہو۔
قیمت
ہندوستان میں ریڈ می ۱۵؍سی، ۵؍ جی کی ابتدائی قیمت ۱۲؍ ہزار ۴۹۹؍ روپے رکھی گئی ہے جس میں آپ کو ۴؍ جی بی ریم اور ۱۲۸؍جی بی اسٹوریج والا بنیادی فون دستیاب ہوگا۔
ڈیزائن اور ڈسپلے
اس فون میں اپنے پیش رو فون کے مقابلے منفرد ڈیزائن استعمال کی گئی ہے۔ اس فون کیلئے دائرہ نما کیمرہ موڈیول سے ہٹ کر چوکور شکل میں کیمرے رکھے گئے ہیں۔دائرہ نما کیمرہ موڈیول کی سب سے بڑی خامی یہ ہوتی ہے کہ وہ پچھلی جانب کا آدھا حصہ استعمال کرلیتا ہے۔ اس میں دو کیمرےاور ایک ایل ای ڈی فلیش لائٹ رکھی گئی ہے۔ حالانکہ اس کا کیمرہ موڈیو تھوڑا سا ابھرا ہوا ہے اس کے باوجود یہ ٹیبل یا کسی اور سطح پر رکھنے سے اوپر نیچے نہیں ہوتا۔
۲۱۱؍ گرام کے ساتھ یہ فون تھوڑا وزنی اور تھوڑا بڑا بھی ہے جس میں درمیانے سائز کے ہاتھ والے افراد کو ایک ہاتھ سے اسے چلانا مشکل ہوسکتا ہے۔اس کا اسکرین ۶ء۹؍انچ کا ایچ ڈی پلس ہے۔ اس میں پانی کے قطرے نما سوراخ ہے تاکہ آگے کا کیمرہ لگایا جاسکے۔ اس کے علاوہ اس میں نیچے کی جانب اسپیکر لگائے گئے ہیں جن سے کافی اچھی آواز آتی ہے خاص طور پر اس وقت جب اس میں ۲۰۰؍فیصد والیوم کا فنکشن استعمال کیا جاتا ہے۔
سافٹ ویئر
اس کے سافٹ ویئر کہیں کچھ کمی محسوس ہوتی ہے۔ اس میں اینڈرائڈ ۱۵؍ پر مبنی ہائپر او ایس ۲؍ استعمال کیا گیا ہے جس کا اینیمیشن اور یو آئی نیویگیشن تو ٹھیک ٹھاک ہے۔ایسا لگتا ہے کہ اس میں کچھ خصوصیات اس میں ڈس ایبل کی گئی ہیں تاکہ باقی معاملات میں یہ اچھی طرح کام کرسکے۔اس کے علاوہ اس فون میں بلوٹ ویئر بہت سے ڈالے گئے ہیں جو غیر ضروری محسوس ہوتے ہیں۔
ہارڈ ویئر
اس فون میں میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۶۳۰۰؍ ایس او سی پروسیسر استعمال کیا گیا ہے جو کہ عام طور پر اس قیمت والے فون میں استعمال کیا جاتا ہے۔حالانکہ یہ کوئی زیادہ عمدہ پروسیسر نہیں ہے لیکن اس کی مدد سے روز مرہ کے کام آسانی سے کئے جاسکتے ہیں۔
کیمرے
اس میں استعمال کیا گیا ۵۰؍میگا پکسل کا کیمرہ صحیح رنگوں کے ساتھ تصویر کھینچتا ہے۔ حالانکہ اس سے کھینچی گئی تصویر میں کبھی کبھی تفصیلی باتیں نظر نہیں آتیں۔ یہ بات خاص طور پر اس وقت نظر آتی ہے جب آپ۲؍ ایکس زوم کے ساتھ تصویر کھینچتے ہیں۔اندھیرے میں اس کے ذریعہ تصویر کھینچنے پرسایہ کی جگہ کی تفصیل دیکھنے کو نہیں ملتی۔اس کے ذریعہ پورٹریٹ فوٹو بہتر ہوتے ہیں۔
آگے کی جانب ۸؍میگا پکسل کے سیلفی کیمرے سے دن کی روشنی میں کھینچی گئی تصویر عمدہ آتی ہے لیکن اس میں بھی کم روشنی میں تفصیلی باتیں نظر نہیں آتیں۔
بیٹری
اس موبائل کی سب سے خاصل بات اس کی بیٹری کو قرار دیا جاسکتا ہے۔اس کی ۶؍ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری پورا دن چلتی ہے جبکہ موبائل زیادہ استعمال نہ کیا جائے تو یہ دو دن بھی چل سکتی ہے۔ اس میں ۳۳؍ واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دیا گیا ہے اور ۳۳؍ واٹ کا چارجر بھی اس کے بکس میں آتا ہے۔