اس میں ۶ء۷۷؍انچ کافل ایچ ڈی پلس امولیڈ ۱۰؍بٹ اسکرین دیا گیا ہے،اس کی بیٹری ۵؍ہزار ایم اے ایچ کی ہے لیکن پورا دن چلتی ہے
نتھنگ ۳؍اے لائٹ۔ تصویر: آئی این این
نَتھنگ ہندوستان میںمسلسل اپنے فون پیش کررہاہے۔کمپنی کےپاس سی ایم ایف کےنام سے ایک ذیلی برانڈ موجود ہے، جو بجٹ سیگمنٹ کی ضرورت پوری کرتا ہے، جبکہ ’اے‘سیریز اور نمبر سیریز بالترتیب مڈ رینج اور پریمیم صارفین کے لئے پیش کئے جاتے ہیں۔ تاہم، سی ایم ایف فونزسےبراہِ راست نتھنگ برانڈکے اسمارٹ فون کی طرف منتقلی کرنے والے صارفین کے لیے درمیان میں ایک ہلکا سا خلا موجود تھا۔ اسی خلا کو پُر کرنے کے لیے کمپنی نے اپنی انٹری لیول ’اے‘ سیریز کا نیا اسمارٹ فون نتھنگ فون ۳؍اے لائٹ متعارف کرایا ہے۔
قیمت
اس کا۸؍جی بی ریم اور ۱۲۸؍جی بی اسٹوریج والا ماڈل۲۰؍ ہزار ۹۹۹؍روپےمیں دستیاب ہے، جبکہ۸؍جی بی ریم اور۲۵۶؍جی بی اسٹوریج کی قیمت ۲۲؍ہزار ۹۹۹؍روپے رکھی گئی ہے۔
ڈیزائن
اس کے ڈیزائن میں نَتھنگ کی پہچان پوری طرح جھلکتی ہے۔ اس فون میں بھی وہی مشہور شفاف بیک پینل اور Glyph انٹرفیس دیاگیاہے، جو نتھنگ کے دیگر اسمارٹ فونز میں دیکھنے کو ملتا ہے۔ یہ ڈیوائس دو رنگوں میں دستیاب ہے: بلیک اور وائٹ۔شفاف بیک پینل پر پانڈا گلاس کی مضبوطی دی گئی ہے، جبکہ اوپر بائیں جانب نتھنگ فون۳؍سے متاثر کیمرہ ماڈیول موجود ہے۔ فون کی پشت بالکل فلیٹ ہے اور کیمرہ باہر نکلا ہونے کے باوجود ہموار سطح پر رکھنے پر فون ہلتا نہیں۔ وزن کی تقسیم بھی متوازن ہے، اس لیے فون اوپر سے بھاری محسوس نہیں ہوتا، جیسا کہ بعض اسمارٹ فونز میں دیکھا جاتا ہے۔
ڈسپلے
نتھنگ فون ۳؍اے لائٹ میں۶ء۷۷؍انچ کا فل ایچ ڈی پلس امولیڈ ۱۰؍بٹ ڈسپلے دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ۱۲۰؍ہرٹز ایڈاپٹو ریفریش ریٹ،۱۰۰۰؍ہرٹز ٹچ سیمپلنگ ریٹ اور۳۰۰۰؍ نٹس تک کی پیک برائٹنس بھی شامل ہے۔ اسکرین کو بھی پانڈا گلاس سے محفوظ بنایا گیا ہے۔فون میں ان-ڈسپلے فنگرپرنٹ سینسر موجود ہے،جو تیز اور قابلِ اعتماد کام کرتا ہے۔ البتہ، جو چیز تجربے کو تھوڑا کمزور بناتی ہے وہ ہے مونو اسپیکر سیٹ اپ۔۲۰۲۵ءمیںاس قیمت کے فون میں سنگل اسپیکر ہونا قدرے مایوس کن ہے، کیونکہ اسی رینج میں دیگر کمپنیاں بہتر آڈیو کوالٹی فراہم کر رہی ہیں۔ نیچے کی جانب لگا اسپیکر اچھا تو ہے، مگر توقعات پر پوری طرح پورا نہیں اترتا۔
سافٹ ویئر
اس میں نتھنگ او ایس ۳ء۵؍دیا گیا ہے، جو اینڈرائڈ ۱۵؍پر مبنی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ نتھنگ برانڈکا پہلا اسمارٹ فون ہے جس میں پہلے سے کچھ تھرڈ پارٹی ایپس انسٹال ملتےہیں۔ تاہم، یہ بَلوٹ ویئر کے زمرے میں نہیں آتے۔
ہارڈ ویئر
اس میں میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی۷۳۰۰؍پرو،پروسیسر دیا گیا ہے، جو سی ایم ایف فون۲؍پرومیں بھی موجود ہے۔ فون میں۸؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍جی بی تک انٹرنل اسٹوریج ملتی ہے، جسے مائیکرو ایس ڈی کارڈ کے ذریعے بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔
کیمرے
اس میں پیچھے کی جانب ٹرپل کیمرہ سیٹ اپ دیا گیا ہے، جو سی ایم ایف فون ۲؍ پرو سے خاصا مختلف ہے۔اس میں۵۰؍ میگا پکسل کے ساتھ ٹیلی فوٹو لینس موجود ہے، وہیں۳؍اے لائٹ میں ٹیلی فوٹو کی جگہ۲؍ میگا پکسل کا میکرو لینس دیا گیا ہے۔
بیٹری
اس میں۵؍ہزارایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے جوآرام سے ایک دن سے زیادہ چلتی ہےجبکہ زیادہ استعمال کرنے والے بھی پورا دن استعمال کرسکتے ہیں۔