گھریلو مسائل پر مبنی اس کہانی کے کردار، خاص طورپر بھائی بہن کے بیچ پیار اور جھگڑاحقیقت سے قریب محسوس ہوتے ہیں ۔
EPAPER
Updated: September 21, 2025, 11:22 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
گھریلو مسائل پر مبنی اس کہانی کے کردار، خاص طورپر بھائی بہن کے بیچ پیار اور جھگڑاحقیقت سے قریب محسوس ہوتے ہیں ۔
بکیتی(Bakaiti)
اسٹریمنگ ایپ: زی ۵(۷؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: راجیش تیلنگ، شیبا چڈھا، آدتیہ شکلا، تانیہ شرما، پروندر سنگھ، کیشو سادھنا، رمیش رائے
ڈائریکٹر:امیت گپتا
رائٹر: شیتل کپور، نیہا پوار، گنجن سکسینہ
پروڈیوسر: ادیتی شریواستو
سنیماٹوگرافر: راجو گائولی
ایڈیٹر: سواپنل نیرورکر
آرٹ ڈائریکٹر: منوج ساہو
ریٹنگ:***
چھوٹے شہروں میں متوسط طبقے کے خاندانوں کی کہانیاں ان دنوں او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر حاوی ہیں۔ ہدایت کار امیت گپتا ایسی ہی ایک کہانی ’بکیتی‘کی شکل میں لے کر آئے ہیں، جو ایک عام متوسط گھرانے کی جدوجہد، افراتفری اورخوابوں کے حصول کو دکھاتی ہے۔
کہانی
اس کی کہانی پرانے غازی آباد کی تنگ گلیوں میں ترتیب دی گئی ہے، جہاں کٹاریہ خاندان اپنی روزمرہ کی جدوجہد سے گزر رہا ہے۔ سنجے کٹاریہ (راجیش تیلنگ)، جو پیشے سے ایک وکیل ہیں، مقدمات تلاش کرنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ دریں اثنا، اس کی بیوی، سشما (شیبا چڈھا)، گھر میں کام کرکے اور ایک بوتیک چلا کر اپنے شوہر کی مالی مشکلات کو سہارا دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ جوڑے کے بچوں میں، ۲۱؍سالہ نینا (تانیاشرما) اپنے نوعمر بھائی، بھرت (آدتیہ شکلا) کے ساتھ اکثر جھگڑا کرتی رہتی ہے۔ دونوں کے درمیان تنازع اس وقت بڑھ جاتا ہے جب ان کے گھر کا ایک کمرہ کرائے پر دیا جانے والاہوتاہے۔ ان کے والدکا منصوبہ ہوتا ہے کہ وہ دونوں ں ایک ہی کمرے میں رہیں اور ایک کمرہ کرائے پر دے دیا جائے تاکہ گھر میں کچھ پیسے آسکیں۔ تاہم، پڑھاکو نینا اور کرکٹ سے محبت کرنے والے بھرت کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ تنازعات کے باوجود بہن بھائیوں کے درمیان بہت پیار بھی ہے۔ دریں اثنا، سنجے کا بھائی، اجے (پروندر سنگھ) اپنے آبائی گھر کو بیچنے کے لیے پرعزم ہے جہاں سنجے کا خاندان رہتا ہے۔ اس کا خیال ہے کہ اسے فروخت کرنے سے وہ اپنے بیٹے کو تعلیم کے لیے بیرون ملک بھیج سکے گا، اور سنجے کو مالی امداد ملے گی۔ دریں اثنا، اسکالرشپ حاصل کرنے کے باوجود، نینا مالی مشکلات کے ساتھ جدوجہد کرتی ہے اور ممبئی یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرلیتی ہے۔ جب ایک کرایہ دار، چراغ (کیشو سادھنا)گھر میں رہنے آتا ہےتوخاندان کو امید جاگتی ہے کہ ان کے مسائل کم ہو جائیں گے، لیکن ایسا ہونہیں پاتا۔ کیا کٹاریہ خاندان اپنےمسائل کو حل کرسکے گا، یہ جاننے کیلئے آپ کو سیریز دیکھنا ہو گی۔
ہدایت کاری
ہدایتکار امیت گپتا’بکیتی‘میں ایک سادہ مڈل کلاس کہانی پیش کرتے ہیں، جو کبھی کبھار آپ کے اپنے گھر کی جھلک پیش کرتی ہے۔ تاہم، کئی مناظر ایسے بھی ہیں جو سطحی محسوس ہوتےہیں۔ ’پانی کی ٹنکی کون بند کرے گا؟‘‘پر بھائی اور بہن کے درمیان جھگڑا اور ناناکا کردارتفریحی لمحات فراہم کرتا ہے، لیکن کہانی میں کسی بڑے تنازع کی کمی اسے ایک عام کہانی بنا دیتی ہے۔
یہ شو عام متوسط طبقے کی زندگی کو واضح طور پر پیش کرتا ہے، لیکن یہ ناظرین کے دل کو چھولینے والی حقیقی جذباتی گہرائی کو جنم دینے میں ناکام رہتا ہے۔ خوش قسمتی سےمصنفین نے کہانی کو متوسط طبقے کے مسائل کو میلو ڈرامہ میں بُننے کے بجائے سادہ رکھا ہے۔ ہر ایپی سوڈ کے لیے۳۰؍منٹ کا رن ٹائم آرام دہ ہے۔ یہ ہندوستانی متوسط طبقے کے گھرانے کی کامیاب تصویر کشی کرتا ہے۔ کلائمکس تھوڑا جلدبازی کانتیجہ محسوس ہوتا ہے، لیکن خاندان کا اتحاد ایک اچھا عنصر ہے۔
اداکاری
سیریزمیں تمام کرداروں نے عمدہ اداراکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔ راجیش تیلنگ، مالی ضروریات سے بوجھل خاندان کے سربراہ کے طور پر، اپنے کردار میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ شیبا، بطور گھریلو خاتون، خاندان کو مالی بوجھ سے بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ وہ جذباتی مناظر میں کمال کرجاتی ہیں۔ دوسری طرف، بہن بھائی کے طور پر، تانیہ شرما اور آدتیہ شکلا کے درمیان محبت اورجھگڑا تفریح کی ایک پرلطف خوراک فراہم کرتا ہے۔ ان کی لڑائی گھر کی طرح محسوس ہوتی ہے، اور ان کے رشتے کی مٹھاس تسلی بخش ہے۔ کیشو سادھنا، پروندر جیت سنگھ، اور رمیش رائے اپنے معاون کرداروں میں اچھی پرفارمنس پیش کرتے ہیں۔
نتیجہ
اگر آپ سادہ اور متوسط طبقے کے خاندان پر مبنی کہانیوں کے مداح ہیں، تو آپ زی۵؍ پر یہ ویب سیریز دیکھ سکتے ہیں۔