• Fri, 31 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھامرا گڑھ وائلڈ لائف سینکچوری :جنگلی حیات سے روبرو ہونے کا موقع

Updated: October 30, 2025, 11:41 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

گڈچرولی کے قریب واقع اس مقام پر آپ متعدد جانور اور پرندوں کے ساتھ ندیوں اور آبشاروں کے سنگیت سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

Wild animals can be seen walking peacefully here. Photo: INN
یہاں پرسکون انداز میں چلتے ہوئے جنگلی جانور دیکھنے کو ملیں گے۔ تصویر: آئی این این
مہاراشٹر کی مشرقی سرزمین، جہاں گھنے جنگلات میں ہوا کی سرسراہٹ، پرندوں کی چہچہاہٹ اور ندیوں کی روانی ایک حسین نغمہ سا بُن دیتی ہے، وہیں کہیں بھامراگڑھ وائلڈ لائف سینکچوری فطرت کا وہ خاموش گوشہ ہےجہاں انسان کی بنائی دنیاکی ہنگامہ خیزی تھم جاتی ہے اور قدرت اپنی اصل صورت میں جلوہ گر ہوتی ہے۔ یہ علاقہ گڈ چرولی ضلع کے جنوب میں چھتیس گڑھ کی سرحدکے قریب واقع ہے، اور ریاست کے سب سے کم دریافت شدہ مگر سب سے خوبصورت قدرتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔
تاریخی و جغرافیائی پس منظر
بھامراگڑھ وائلڈ لائف سینکچوری کا قیام۱۹۹۷ءمیںعمل میں آیا۔اس کا رقبہ تقریباً۱۰۴؍مربع کلومیٹرپرمحیط ہے۔یہ جنگل دراصل گڈچرولی ضلع کے بھامراگڑھ تعلقہ میں واقع ہے، جو دریائے پرلکوتی اور پامولگوٹ کے سنگم کے قریب پھیلا ہوا ہے۔
یہ خطہ گھنے جنگلات، اونچے پہاڑی سلسلوں، اور ندی نالوں سے بھرا ہوا ہے، گویا فطرت نے اپنی پوری سخاوت یہاں انڈیل دی ہو۔ یہ خطہ گوند اور مادیا قبائل کی سرزمین بھی ہے، جو صدیوں سے اس جنگل کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ ان کا طرزِ زندگی، رسم و رواج اور فطرت سے قربت اس علاقے کی ثقافتی شناخت بن چکی ہے۔
جنگلی حیات کے دیدار کا موقع
بھامراگڑھ سینکچوری حیوانات و نباتات کا ایک نادر خزانہ ہے۔ یہاں کا جنگل ساگوان، سال،بامبو، مہوا، تندولا اور چیرکے درختوں سےبھرا ہوا ہے۔ ان درختوں کے بیچ بسی ہوئی حیات کی رنگین دنیا اپنی الگ ہی کہانی سناتی ہے۔
اہم جانور:چونکہ یہ ایک جنگلی علاقہ ہے اس لئے یہاں متعدد قسم کے جانور اور پرندے دیکھے جاسکتے ہیں جیسے کہ اگر قسمت یاوری کرے تو کسی چٹان پر آرام کرتاتیندوا دکھائی دے جائے گا۔اس کے علاوہ یہاںنیل گائے،جنگلی سور،بھالوہرن، چیتل، سانبر اور بارہ سنگھا جیسے جانوروں کے علاوہ درختوں کی ٹہنیوں پر کھیلتے ہوئے بندر اور لنگوراس جنگل کو زندگی سے بھر دیتے ہیں۔
پرندوں کی اقسام:اس کے علاوہ یہ مقام پرندہ شناسوںکیلئےبھی جنت سےکم نہیں۔یہاں مور، عقاب، الو، تیتر، جنگلی بطخیں اور کئی نایاب پرندےپائے جاتے ہیں۔ صبح کے وقت جب سورج کی کرنیں گھنے درختوں کے بیچ سے چھن کر آتی ہیں، تو پرندوں کی آوازیں فضا میں ایک مدھر سنگیت کی مانند گونجتی ہیں۔
 ندیوں اور آبشاروں کا سنگیت
یہ علاقہ اپنی دو ندیوں پرلکوتی اور پامولگوٹ کی وجہ سے بھی مشہورہے۔ان کے سنگم کے اطراف کا منظر نہایت دلفریب ہے۔ مانسون کے دنوں میں جب یہ ندیان بہک اٹھتی ہیں، تو ان کے کنارے فطرت کا حسن اور زیادہ نمایاں ہو جاتا ہے۔
یہاں کیسے پہنچیں؟
ریل کے ذریعے:ممبئی سے بھامراگڑھ کیلئےبراہِ راست ٹرین نہیں ہے، لیکن چند اہم اسٹیشنوں کے ذریعے آپ آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔آپ کو ممبئی سے بلار شاہ یا چندرپور تک ٹرین کے ذریعہ جانا ہوگا جہاں کیلئے کئی ٹرینیں مل جاتی ہیں۔بلار شاہ یا چندرپور سے آپ کو گڈ چرولی کے لیے مقامی بس یا ٹیکسی لینی ہوگی۔گڈ چرولی سے بھامراگڑھ تقریباً ۱۳۰؍کلومیٹردور ہے۔ یہاں تک بسیں محدود ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ جیپ یا کار کا انتظام کرلیا جائے۔
سڑک کے ذریعے:اگر آپ قدرتی نظاروں کے شوقین ہیں اور ڈرائیونگ پسند کرتے ہیں تو ممبئی سے بھامراگڑھ کا سڑک کا سفر ایک شاندار تجربہ ہوگا۔ممبئی سے بھامراگڑھ  جانے کیلئے آپ کو ممبئی، ناسک، منماڑ، جالنا،وردھا، چندرپور، گڈ چرولی، ایٹا پلی ہوتے ہوئے بھامرا گڑھ جانا ہوگا۔۹۵۰؍کلومیٹر کا یہ سفر ۱۶؍ سے ۱۸؍گھنٹوں میں طے کیا جاسکتا ہے لیکن اس کیلئے شرط یہ ہے کہ آپ راستے میں کہیں زیادہ دیر تک کیلئے نہ رکیں اور زیادہ تر چلتے ہی رہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK