Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھوت بنگلہ: ہارر کامیڈی کی صنف میں ایک اور اضافہ

Updated: April 18, 2026, 11:10 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

پریہ درشن سے کچھ نئے پن کی توقع کی جاتی ہے لیکن اس مرتبہ وہ ناکام رہے، پرانی شراب نئی بوتل میں پیش کرنے کی کوشش، اداکاری ٹھیک ہے۔

Rajpal Yadav, Paresh Rawal and Akshay Kumar can be seen in a scene from the film `Bhooth Bangla`. Photo: INN
فلم’بھوت بنگلہ‘کےایک منظر میں راجپال یادو، پریش راول اور اکشے کمارکودیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

بھوت بنگلہ (Bhooth Bangla)
اسٹارکاسٹ: اکشے کمار، اسرانی، پریش راول، تبو، منوج جوشی، منو مینن، ونڈو دارا سنگھ، مہک منوانی، وامیکا گبی، شہناز گل۔ 
ڈائریکٹر: پریہ درشن
رائٹر: آکاش کوشک، ابیلاش نائر، پریہ درشن، روہن شنکر
پروڈیوسر: ایکتا کپور، شوبھا کپور، اکشے کمار
موسیقی: پریتم چکرورتی، رونی رفیل
سنیماٹو گرافر: دیواکر منی
ایڈیٹر: ایم ایس ایپن نائر
پروڈکشن ڈیزائنر: سابو سیرل
کاسٹیوم ڈیزائن: وی سائی بابو، دھنیہ بالاکرشنن، ویرا کپور
ریٹنگ:***
پریہ درشن اور اکشے کمارکی جوڑی ہندی سنیما کی ایک ایسی یادگار جوڑی رہی ہے جس نے سپرہٹ فلم بھول بھلیاں کے ذریعے ہارر کامیڈی کو ایک نئی پہچان دی۔ اس کےبعدکئی فلم سازوں نے اسی فارمولے کو اپنایا اور یہ ایک مقبول رجحان بن گیا۔ اب تقریباً ۱۶؍برس بعدجب یہ جوڑی اسی صنف میں دوبارہ ایک ساتھ آئی، تو توقعات کا بڑھنا فطری تھا۔ لیکن افسوس کہ اس بار یہ اشتراک کچھ نیا تخلیق کرنے کےبجائے پرانے جادو کو دہرانے میں الجھا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ بھوت بنگلہ ابتدا میں تو ہنسی بکھیرتی ہے، مگر آگے چل کر اس میں تازگی اور جدت کی کمی نمایاں ہونے لگتی ہے۔ 
فلم کی کہانی
کہانی منگل پور نام کے ایک پراسرار گاؤں سے شروع ہوتی ہے، جہاں برسوں سے کسی کی شادی نہیں ہوئی۔ اس کی وجہ ’ودھوسر‘ نامی ایک خوفناک دیو ہے، جو ہر بارات کو تباہ کر کے دلہن کو غائب کر دیتاہے۔ اس راز کی جڑیں ماضی کے ایک پرانے فلیش بیک میں پوشیدہ ہیں۔ لندن میں مقیم ارجن آچاریہ (اکشے کمار) اپنی بہن میرا (مِتھلا پالکر) کی شادی کے لیے مناسب جگہ تلاش کر رہا ہے۔ ان کے والد (جیشو سین گپتا) بھی چاہتے ہیں کہ میرا کی شادی دھوم دھام سےہو۔ اسی دوران ارجن کو معلوم ہوتا ہے کہ میرا ۵۰۰؍کروڑ کی جائیداد اور ایک شاندار حویلی کی وارث ہے۔ وہ اسی حویلی کو شادی کے لیےمنتخب کرتا ہے اور تیاریوں کے سلسلے میں منگل پور پہنچتا ہے، وہی گاؤں جہاں لوگ ‘ودھوسر’ کے خوف سے شادی کے لیے گنگا پار چلے جاتے ہیں۔ 
ارجن جب منگل پور پہنچتا ہے تو مقامی لوگوں کی باتوں کو وہ توہم پرستی سمجھ کر نظر انداز کر دیتا ہے۔ مگر حویلی میں کیئر ٹیکر شانتارام (اسرانی)، ویڈنگ پلانر جگدیش کیول رامانی (پریش راول) اور اس کےبھتیجے سندر (راجپال یادو) کے ساتھ عجیب و غریب اور خوفناک واقعات پیش آنے لگتے ہیں۔ حالات اس وقت بدل جاتے ہیں جب ارجن خود ایک ہولناک تجربے سے گزرتا ہے اور اسے یقین ہو جاتا ہے کہ منگل پور واقعی منحوس اور آسیب زدہ ہے۔ 
اس سفر میں وامیکا گبی بھی اس کے ساتھ شامل ہو جاتی ہیں، جبکہ منوج جوشی، راجیش شرما، بھاونا پانی اور ذاکر حسین جیسے کردار کہانی میں مختلف پرتیں شامل کرتے ہیں۔ جیسے جیسے کہانی ماضی کی گہرائیوں میں اترتی ہے، ارجن کو نہ صرف ’ودھوسر‘کی حقیقت معلوم ہوتی ہے بلکہ اپنی ذات سے جڑا ایک خوفناک راز بھی سامنے آتا ہے، جس سے بچ نکلنا اس کے لیے آسان نہیں رہتا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ڈکیت: پیار کی کہانی جسے صحیح ڈھنگ سے پیش نہیں کیا جاسکا

ہدایت کاری
ہدایت کار پریہ درشن فلم کا آغاز ہلکے پھلکے انداز میں کرتے ہیں، جہاں پہلا حصہ کسی حد تک تفریح فراہم کرتا ہے۔ اکشے کمار، اسرانی، راجپال یادو اور پریش راول کی موجودگی نہ صرف مزاح پیدا کرتی ہے بلکہ پرانی یادوں کو بھی تازہ کرتی ہے۔ لیکن یہ اثر زیادہ دیر قائم نہیں رہتا۔ دوسرے حصے میں کہانی بکھر جاتی ہے۔ 
پریہ درشن اپنے آزمودہ انداز پر قائم رہتے ہیں، مگر طویل دورانیے میں ضرورت سے زیادہ عناصر شامل کرنے کی وجہ سے فلم کا توازن بگڑ جاتا ہے۔ بنیادی خیال مضبوط ہونے کے باوجود کمزور اسکرین پلے اسے مربوط کہانی میں ڈھالنے میں ناکام رہتا ہے۔ کئی مناظر ایسے محسوس ہوتے ہیں جیسے الگ الگ سوچے گئے ہوں اور بعد میں جوڑ دیے گئے ہوں، جس سے حویلی میں پیش آنے والے واقعات بے ترتیب اور غیر منطقی لگتے ہیں۔ 
اداکاری
اداکاری کی بات کی جائے تو اکشے کمار اپنی مخصوص مزاحیہ ٹائمنگ کے ساتھ کردار کو دلچسپ بناتے ہیں۔ فلم میں ان کا دہرا کردار اور منفرد انداز چونکاتا ہے۔ اسرانی، راجپال یادو اور پریش راول کی چوکڑی کئی مواقع پر نوسٹیلجیا کا احساس دلاتی ہے۔ 
کیوں دیکھیں؟
اگر آپ ہارر کامیڈی کے شیدائی ہیں اور اکشے کمار و پریہ درشن کی جوڑی کے مداح ہیں، تو یہ فلم دیکھی جا سکتی ہے، مگربہت زیادہ توقعات کے ساتھ نہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK