یہ مقام پیرا گلائیڈنگ کیلئےہی مشہور نہیں بلکہ قدرت سے قربت، پیدل سفر اور مقامی ثقافت سے واقفیت کے خواہش مند افراد کیلئے بھی اہم ہے۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 12:44 PM IST | Mohammad Habib | Mumbai
یہ مقام پیرا گلائیڈنگ کیلئےہی مشہور نہیں بلکہ قدرت سے قربت، پیدل سفر اور مقامی ثقافت سے واقفیت کے خواہش مند افراد کیلئے بھی اہم ہے۔
ہماچل پردیش کے ضلع کانگڑا میں واقع بیر بلنگ کو ہندوستان کا پیرا گلائیڈنگ دارالحکومت بھی کہاجاتا ہے۔ یہاں ایک طرف ہمالیہ کے دھولادھار پہاڑی سلسلے کا شاندار نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے تو دوسری جانب تبتی ثقافت، بدھ مت کی خانقاہیں، چائے کے باغات، چھوٹے چھوٹے دیہات اور پُرسکون ماحول سیاحوں کو ایک مختلف دنیا میں لے جاتے ہیں۔ یہ مقام صرف پیرا گلائیڈنگ کے لیے ہی مشہور نہیں بلکہ قدرت سے قربت، روحانی سکون، پیدل سفر اور مقامی ثقافت سے واقفیت حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے بھی ایک بہترین منزل ہے۔
محل وقوع
بیر اور بلنگ کو عموماً ایک ہی سیاحتی مقام سمجھاجاتا ہے، حالانکہ یہ ۲؍الگ الگ بستیاں ہیں۔ بیر سطح سمندرسے تقریباً ۱۵۰۰؍میٹرکی بلندی پر واقع ہے، جب کہ بلنگ تقریباً ۲۴۰۰؍ میٹر کی بلندی پر ایک پہاڑی مقام ہے۔دونوں کے درمیان تقریباً ۱۴؍سے ۱۵؍کلومیٹر کا فاصلہ ہے۔ان دونوں مقامات کی شہرت کی سب سے بڑی وجہ پیرا گلائیڈنگ ہے۔ بلنگ کو پیرا گلائیڈنگ کے لیے پرواز شروع کرنے کا مقام بنایاگیا ہے، جب کہ بیر میں اس سرگرمی کا اختتام ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں کو ملا کر بیر بلنگ کہا جاتا ہے۔ یہاں سےپرواز کے دوران نیچے پھیلی ہوئی وادی، پہاڑی ڈھلوانیں، سرسبز جنگلات اور دور تک پھیلے دھولادھار پہاڑوں کا نظارہ ناقابل فراموش تجربہ بن جاتا ہے۔
پیرا گلائیڈنگ
بیر بلنگ آنے والے سیاحوں کے لیے پیرا گلائیڈنگ سب سے بڑا کشش کا مرکز ہے۔ دنیا کے مشہور پیرا گلائیڈنگ مقامات میں شمار ہونے والے اس مقام پر ہندوستان کے علاوہ بیرون ملک سے بھی مہم جوئی کے شوقین افراد پہنچتے ہیں۔ یہاں مختلف بین الاقوامی مقابلے بھی منعقد ہوچکے ہیں اور پیرا گلائیڈنگ ورلڈ کپ کے انعقاد نے اس مقام کو عالمی سطح پر شناخت دلائی ہے۔اس سرگرمی کے لیے سیاحوں کو بلنگ لے جایا جاتا ہے، جہاں سے تربیت یافتہ پائلٹ کے ساتھ دو افراد کی مشترکہ پرواز یعنی ٹینڈم پیرا گلائیڈنگ کی جاتی ہے۔ پرواز کے دوران سیاح اپنے پیروں کے نیچے پھیلی وادی، چھوٹے دیہات، جنگلات اور پہاڑی سلسلہ کو دیکھ سکتے ہیں۔ موسم اور ہواؤں کی کیفیت کے مطابق پرواز کا دورانیہ مختلف ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کفری: برف پوش پہاڑوں، دلکش وادیوں اور قدرتی حسن کا حامل سیاحتی مقام
تبتی کالونی
بیر کی ایک خاص شناخت یہاں واقع تبتی کالونی بھی ہے۔ اس بستی کی بنیاد ۱۹۶۲ءمیںتبت سے آنے والے پناہ گزینوں نے رکھی تھی۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ علاقہ تبتی ثقافت، مذہب اور روایات کا ایک اہم مرکز بن گیا۔
کالونی کی گلیوں میں گھومتے ہوئے سیاحوں کو تبتی طرز تعمیر کی عمارتیں، رنگ برنگے دعائیہ پرچم، بدھ مت کی خانقاہیں، دست کاری کی دکانیں اور روایتی کھانوں کے ریستوراں دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یہاں کے بازاروں میں تبتی دست کاری کی اشیا، آرائشی سامان، کپڑے اور یادگاری تحائف بھی دستیاب ہیں۔
چائے کے باغات اور قدرتی مناظر
بیر کے اطراف میں پھیلے چائے کے باغات بھی اس علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔یہاں سبزہ زاروں کے درمیان سے گزرتے راستے، پہاڑی ڈھلوانیں اور دور نظر آنے والے برف پوش پہاڑ سیاحوں کو فطرت کے قریب لے جاتے ہیں۔چائے کے باغات کے درمیان پیدل گھومنا، تصاویر بنانا اور قدرتی ماحول میں کچھ وقت گزارنا ایک خوشگوار تجربہ ہے۔ خاص طور پر پالپنگ شیرب لنگ خانقاہ کی طرف جانے والا راستہ قدرتی مناظر سے بھرپور ہے۔ یہاں سیاحوں کو یہ احساس ہوتا ہے کہ پہاڑی علاقوں کی اصل خوبصورتی صرف بلند چوٹیوں میں نہیں بلکہ ان کے درمیان پھیلے چھوٹے چھوٹے راستوں اور سرسبز میدانوں میں بھی پوشیدہ ہے۔
گنیہار آبشار
بیر کے قریب واقع گنیہار آبشار قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے والوں کے لیے ایک اچھا مقام ہے۔ یہ آبشار گنیہار گاؤں کے اطراف میں واقع ہے اور یہاں تک پہنچنے کے لیے کچھ فاصلہ پیدل طے کرنا پڑتا ہے۔ راستے میں پہاڑی مناظر، چٹانیں اور سرسبز پودے نظر آتے ہیں۔
بانگورو آبشار
بیر کے اطراف واقع بانگورو آبشار بھی قدرتی مناظر سے دلچسپی رکھنے والے سیاحوں کے لیے ایک قابل دید مقام ہے۔ یہاں تک پہنچنے کے لیے مختصر پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔ آبشار کے آس پاس کا ماحول نسبتاً پُرسکون ہے اور یہاں قدرتی حسن کے درمیان وقت گزارنے کا موقع ملتا ہے۔یہاں جانے کیلئے آرام دہ جوتے پہننا ضروری ہے، کیونکہ بعض مقامات پر پتھریلا اور ناہموار راستہ ملتا ہے۔