• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کفری: برف پوش پہاڑوں، دلکش وادیوں اور قدرتی حسن کا حامل سیاحتی مقام

Updated: November 18, 2026, 12:55 PM IST | Mohammad Habib | Mumbai

کفری کا شمار ہماچل پردیش کے ان مقامات میں ہوتا ہے جہاں موسم سرما میں برف باری کا نظارہ کرنے کے لیے بڑی تعداد میں سیاح پہنچتے ہیں۔

A captivating view of the mountains of Kufri. Photo: INN
کفری کے پہاڑوں کا دلکش نظارہ۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان کی شمالی ریاست ہماچل پردیش میں واقع کفری ایک ایساخوبصورت پہاڑی سیاحتی مقام ہے جہاں قدرت نے اپنے حسن کے کئی رنگ بکھیر رکھے ہیں۔ برف سے ڈھکی پہاڑیاں، دیودار اور چیڑ کے گھنے جنگلات، سرسبز وادیاں، برفانی کھیلوں کی سرگرمیاں اوردور تک پھیلے ہمالیہ کے دلکش نظارے سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔شملہ سے تقریباً ۱۶؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع یہ مقام سطح سمندر سے تقریباً ۲۵۱۰؍میٹر کی بلندی پر ہے۔

مہاسو چوٹی 

کفری کی سیر کا ذکر مہاسو چوٹی کےبغیر ادھورا ہے۔ یہ اس علاقے کا سب سےمشہور اور بلند مقام ہے، جو سطح سمندر سے۲۷۳۰؍میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ یہاں پہنچنے کیلئے سیاحوں کو پہاڑی راستے سے گزرناپڑتا ہے۔ راستے میں گھنے جنگلات، چیڑاور دیودار کے درخت اور پہاڑی مناظر سفر کو یادگار بنا دیتے ہیں۔سردیوں میںجب پہاڑ برف کی سفید چادر اوڑھ لیتے ہیں تو اس مقام کا حسن کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ برف میں کھیلنا، تصویریں بنانا اور پہاڑوں کے درمیان کچھ وقت گزارنا یہاں آنے والے سیاحوں کی پسندیدہ سرگرمیاں ہیں۔

 ہمالین نیچر پارک 

قدرت اور جنگلی حیات سے دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے ہمالین نیچر پارک ایک قابل دید مقام ہے۔ اسے عام طور پر کفری زو بھی کہاجاتاہے۔ یہ پارک ہمالیہ کے قدرتی ماحول میں قائم کیا گیا ہے، جہاں خطۂ ہمالیہ میں پائے جانے والے مختلف جنگلی جانوروں اور پرندوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔

یہاں برفانی چیتا، ہمالیائی ریچھ، بھونکنے والا ہرن، مختلف اقسام کے پہاڑی ہرن اور رنگ برنگے پرندے دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ہمالین مونال بھی یہاں کی خاص کشش ہے، جو ہماچل پردیش کا ریاستی پرندہ رہ چکا ہے۔ اس کے خوب صورت رنگ اور دلکش انداز پرندوں سے دلچسپی رکھنے والوں کو خاص طور پر متاثر کرتے ہیں۔

گرین ویلی

گرین ویلی کفری اور شملہ کے درمیان واقع ایک نہایت خوبصورت قدرتی مقام ہے۔ اس کا شمار ہماچل پردیش کے دلکش وادیوں اور جنگلاتی مناظر میں کیا جاتاہے۔ یہاں پہاڑوں پر پھیلے دیودار اور چیڑ کے گھنے درخت دور سے دیکھنے پر ایک سبز قالین کا منظر پیش کرتے ہیں۔یہاں پہنچ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انسان کسی قدرتی تصویرکے اندر آگیا ہو۔ پہاڑی ڈھلوانوں پر پھیلے درخت، گہری وادیاں اور دور نظر آنے والے پہاڑی سلسلے اس مقام کی خوب صورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔

اندرا ٹورسٹ پارک

اندرا ٹورسٹ پارک کفری کےمعروف سیاحتی مقامات میں شمار ہوتاہے۔ یہ ہمالین نیچر پارک کے قریب واقع ہے اور یہاں سے اطراف کی پہاڑیوں اور وادیوں کا خوبصورت نظارہ کیا جاسکتا ہے۔

یہ مقام خاص طور پر ان خاندانوں کے لیے موزوں ہے جو پہاڑی سفرکے دوران کچھ وقت آرام اور تفریح میں گزارنا چاہتے ہیں۔ یہاں سیاحوں کے لیے بیٹھنے، کھانے پینے اور تفریح کے مختلف انتظامات ملتے ہیں۔ بعض اوقات یہاں ہماچلی روایتی لباس پہن کر تصاویر بنوانے کا موقع بھی فراہم کیا جاتا ہے، جو سیاحوں کے لیے ایک دلچسپ تجربہ ثابت ہوتا ہے۔

فاگو

کفری سے آگے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع فاگوایک پُرسکون اور دلکش پہاڑی علاقہ ہے۔ یہ مقام ان سیاحوں کے لیے خاص طورپر موزوں ہے جو بھیڑ بھاڑ سے دور فطرت کے قریب کچھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔یہاں سیب کے باغات، پہاڑی کھیت، گھنے جنگلات اور دور تک پھیلی وادیاں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ موسم گرما میں یہاں کی ہریالی اور خوش گوار آب و ہوا سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے، جبکہ سردیوں میں برف باری کے باعث یہ علاقہ سفید چادر میں ڈھک جاتا ہے۔ فاگو میں پیدل گھومنے، قدرتی مناظر دیکھنے اور فوٹوگرافی کے لیے کئی خوب صورت مقامات موجود ہیں۔ یہاں کا نسبتاً پُرسکون ماحول کفری کے مصروف سیاحتی علاقوں کے مقابلے میں ایک مختلف تجربہ فراہم کرتا ہے۔ اگر آپ شملہ اور کفری کی سیر کے لیے جائیں تو فاگو کو بھی اپنے پروگرام میں ضرور شامل کریں۔ 

برفانی کھیل اور دیگر سرگرمیاں

کفری کو ہماچل پردیش کے اہم سرمائی سیاحتی مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہاں برف باری کے موسم میں اسکیئنگ خاص طور پر مقبول ہے۔ اس کے علاوہ برف پر پھسلنے یعنی سلیجنگ کی سرگرمی بھی سیاحوں میں مقبول ہے۔ گھوڑے کی سواری، پہاڑی راستوں پر چہل قدمی اور قدرتی مقامات کی سیر بھی یہاں کے سفر کا حصہ بن سکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK